گرم موسم کا توڑ ہیں یہ پھل

3,198

موسم گرما کی شدت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور اندازہ ہورہا ہے کہ آنے والےہفتےکتنے سخت ہوسکتے ہیں۔اس موسم میں پانی کی زیادہ مقدار کو پینا اور ہلکے پھلکے کپڑوں کا استعمال گرمی کی شدت کو کسی حد تک کم کرسکتے ہیں۔مگر چند مخصوص پھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بناکر بھی آپ اپنےجسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھ کر شدیدگرمی کے اثرات سے بچ سکتے ہیں۔شدید گرمی صرف پریشانی کا باعث ہی نہیں بنتی بلکہ اس سے پیٹ کے امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے جبکہ سونے میں مشکلات، جسمانی تھکاوٹ اور ذہنی توجہ بھی متاثر ہوتی ہے۔درج ذیل پھل جسم کو ٹھنڈک دینے کے ساتھ ساتھ زہریلے مواد کو خارج کرنے میں بھی مدد فراہم کرتےہیں۔

تربوز

تربوز میں پانی کی مقدار 92 فیصد ہوتی ہے اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جو گرمیوں میں ہی دستیاب ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف گرمی سے لڑنے والا پھل ہے بلکہ یہ جسم کو وٹامن اے، بی اور سی کے ساتھ پوٹاشیم، لائیکوپین اور دیگر فامند اجزا بھی فراہم کرتا ہے۔

کیلے

اگر آپ کو کیلے کھانا پسند نہیں تو گرم موسم میں اسے کھانا ضرور عادت بنالیں، یہ پھل پانی کو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے زیادہ پسینے کے اخراج سے جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کے اثر کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ پھل پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جسمانی توانائی بحال رکھنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

کھیرا

جی ہاں کھیرے سبزی نہیں بلکہ پھل ہوتے ہیں اور یہ جسم کو پانی کی وافر مقدار ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ متعدد اقسام کے وٹامنز اور منرلز بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ اضافی جسمانی وزن میں کمی کے مقصد میں مدد بھی دیتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامن بی، پوٹاشیم اور میگنیشم دیگر فوائد فراہم کرتے ہیں۔


جانئے:چھوہاروں سے کریں بیماریوں کا علاج

خربوزے

رسیلا اور مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ یہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند بھی ہے جس میں اینٹی آکسائیڈنٹس، وٹامنز اور دیگر اجزا موجود ہیں، جن کی بدولت بینائی بہتر ہوتی ہے، بلڈ پریشر مستحکم رہتا ہے، دورانِ خون بڑھتا ہے۔ اس میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو اس موسم میں پانی کی کمی دور کرنے میں مدد دیتی ہے۔

فالسے

لاتعداد افراد ایسے ہوں گے جو یہ کہیں گے کہ فالسے ان کے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔ اس کا جوس بنائیں یا ویسے ہی کھائیں، کچھ دنوں کے لیے آنے والا یہ پھل کئی طرح منہ کے ذائقہ بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔ مگر کیا آپ کو صحت کے لیے اس کے فوائد کا علم ہے؟ جن میں سے ایک ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ بھی ہے؟

اسٹرابیری

کھیروں کی طرح اسٹرابیری میں بھی پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کو کھانا گرم موسم کی شدت سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے، اور اس پھل کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ بہت مزیدار بھی ہوتا ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم بلڈپریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس میں موجود فائبر قبض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔


یہ بھی پڑھیں :بچوں کو موبائل اسکرین کی خطرناک شعاعوں سے کیسے بچائیں؟


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...