گوشت نہ پسند کرنے والے پھلوں سے پروٹین حاصل کرسکتے ہیں

3,343

پروٹین ہمارے جسم کی اہم غذائی ضرورت ہے جو ہم گوشت ،انڈے ،دودھ اور ڈیری پروڈکٹس سے حاصل کرسکتے ہیں ۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہم پھلوں سے بھی پروٹین حاصل کرسکتے ہیں خاص طور پر وہ لوگ جو گوشت نہیں کھانا چاہتے یا اس سے پرہیز کرتے ہیں وہ پھلوں سے پروٹین حاصل کرکے اپنی جسمانی ضرورت پوری کر سکتے ہیں ۔یہ پھل گوشت اور انڈے کے برابر مقدار میں تو پروٹین نہیں دے سکتے لیکن ان سے حاصل ہونے والی پروٹین زیادہ مفید ہوتی ہے کیونکہ پروٹین ایسے ذرائع سے حاصل کرنی چاہئے جن میں کولیسٹرول اور سیچوریٹڈ فیٹس بہت کم ہوں ۔یہی وجہ ہے کہ ماہرین جانوروں کے بجائے پھلوں اور سبزیوں سے پروٹین حاصل کرنے کی صلاح دیتے ہیں ۔

پروٹین والے پھل :

پھلوں میں اہم غذائی اجزاء،وٹامنز،قدرتی شکر اور فائبر شامل ہوتا ہے ۔یہ تمام چیزیںہماری صحت کے لئے بہت ضروری ہیں ۔لیکن کچھ پھل ایسے بھی ہیں جن سے دوسرے غذائی اجزاء کے ساتھ ہلکی پروٹین بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔پروٹین حاصل کرنے کے لئے آپ یہ پھل کھا سکتے ہیں :

کشمش:

کشمش کا استعمال نہ صرف میٹھے پکوانوں ،کیک اور ڈیزرٹس میں کیا جاتا ہے بلکہ اسے ڈرائی فروٹ کی حیثیت سے اسنیکس کے طور پر بھی کھایا جاتا ہے۔کشمش انگوروں کی خشک شکل ہے۔یونائٹڈ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچر کے مطابق 100 گرام کشمش سے 3گرام پروٹین حاصل ہوسکتی ہیں ۔

امرود:

وٹامن سی سے بھرپور پھل امرود کو اکیلا یا سلاد میں ملا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔اس سے بنائی گئی فروٹ چاٹ بہت ہی مزے دار لگتی ہے۔امرود میں وافر مقدار میں فائبر ہوتا ہے 100 گرام امرود میں5گرام فائبر اور2.6گرام پروٹین ہوتا ہے۔

کھجور:

کھجور کا استعمال پورے مشرق وسطیٰ میں سینکڑوں سالوں سے کیا جارہا ہے۔یہ ناصرف خالص کھائی جاتی ہے بلکہ اسے دوسرے اجزاء کے ساتھ ملا کر پیسٹ بھی بنایا جاتا ہے جسے ملک شیک اور بیک کی ہوئی چیزوں میں مٹھاس کے لئے ڈالا جاتا ہے۔100گرام کھجور میں 2.45گرام پروٹین ہوتی ہے۔جس کے ساتھ 8گرام فائبر بھی ہوتا ہے۔

آلو بخارا:

ایک اور خشک پھل جس میں پروٹین وافر مقدار میں ہوتا ہے ۔یہ پکے ہوئے آلو بخارے کو خشک کرکے بنائے جاتے ہیں اس میں اہم معدنیات ،وٹامنز اور کچھ اہم غذائی اجزاء بھی شامل ہوتے ہیں ۔100گرام آلو بخارے میں 2.18گرام پروٹین اور7 گرام فائبر ہوتا ہے۔

ان پھلوں میں پروٹین کم مقدار میں ہے لیکن اس میں دوسرے غذائی اجزاء ہونے کی وجہ سے آپ اسے اپنی غذا میں ضرور شامل کریں۔جسم میں پروٹین کی ضرورت پوری کرنے کے لئے کسی ماہر غذا سے ضرور مشورہ کریں تاکہ آپ کو آپ کی ضرورت کے مطابق پروٹین حاصل ہو سکے۔


وہ مصالحے جو صحت کے لئے بھی مفید ہیں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...