چھوٹے سے پھل کے بڑے بڑے فائدے
موسم گرما میں متعدد پھل بازاروں میں ملتے ہیں، جن میں سےایک چھوٹا سا اور مزیدار پھل خوبانی ہے۔اس مزیدار پھل میں متعدد صحت بخش اجزا ءپائے جاتے ہیں اور اس سے جسم کو پروٹین، پوٹاشیم، غذائی فائبر، فولیٹ، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے اور دیگر متعدد اجزا ملتے ہیں۔اگر اس پھل کو اعتدال میں رہ کر کھایا جائے تو یہ صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہے۔
اس چھوٹے پھل کے بڑے فائدے جانئے :
بینائی کے لئے مفید :
خوبانی میں موجود کیروٹین اور دیگر اجزاء عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والی کمزوری کی روک تھام میں مدد دے سکتا ہے، اس کے علاوہ وٹامن اے بھی اس میں ہوتا ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے اہم جز ہے۔
خون کی کمی دور کرے:
خوبانی آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جو کہ انیمیا سے لڑنے میں مدد دیتا ہے، جس سے جسم میں خون کی کمی دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں موجود کاپر آئرن کو جذب کرتا ہے، اسی طرح روزانہ چند دانے خشک خوبانی کھانے سے ہیموگلوبن بننے میں مدد ملتی ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے مفید :
اس میں موجود غذائی فائبر آنتوں کے افعال صحت مند بناتا ہے، جس سے قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے، اس کے علاوہ فائبر فیٹی ایسڈز کو تیزی سے توڑتا ہے جس سے بھی ہاضمے کے افعال تیز ہوتے ہیں، جبکہ پیٹ پھولنے اور گیس جیسے مسائل سے نجات ملتی ہے۔
ذیابیطس کے علاج میں مددگار :
اس میں کیلیوریز اور کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جبکہ گلیسمک انڈیکس بھی بہت کم ہے، جو بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتا ہے اور وہ بہت تیزی سے نہیں بڑھتا۔ اس میں موجود فائبر بلڈ شوگر لیول کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔
جگر کو نقصان سے بچائے :
مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق خوبانی جگر کو نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ جگر پر چربی چڑھنے کی علامات میں کمی لاسکتا ہے۔
دل کو تحفظ فراہم کرے:
اس پھل میں موجود پوٹاشیم بلڈپریشر کی سطح کم کرتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ خوبانی میں موجود فائبر کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے جس سے بھی امراض قلب سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
آم ذائقہ بھی اورصحت بھی
جسمانی وزن میں کمی کے لئے :
خوبانی میں موجود فائبر پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے اور اس سے وزن میں کمی لانے کی کوششوں کو موثر بنانے میں مدد ملتی ہے، اس پھل کو کھانے سے میٹابولزم کی رفتار بھی تیز ہوجاتی ہے جس سے بھی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔
مسلز بنانے کےلئے :
پوٹاشیم میٹابولزم کو بہتر بنانے کے ساتھ ٹشوز کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، یہ عمل مسلز بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے، اس سوغات سے جسم میں ایسڈ کی سطح کو ریگولیٹ کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جو کہ پروٹین کے جذب ہونے کا عمل بہتر کرتا ہے۔
ہڈیاں مضبوط بنائے :
خوبانی کیلشیئم سے بھرپور پھل ہے اور یہ جز ہڈیوں کی صحت اور نشوونما کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے، اس کے علاوہ پوٹاشیم بھی اس میں موجود ہے جو کیلشیئم کو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔
نوٹ : یہ مضمون عام معلومات کی فراہمی کے لئے ہے۔ قارئین اس مضمون کے حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔