خصوصی بچوں کو خصوصی پیار کی ضرورت ہے۔۔۔۔
اولاد دنیاکی سب سے بڑی نعمت ہے اور کوئی بھی انسان اپنی اولاد میںجسمانی طورپر کوئی بھی خامی یا کمی نہیں چاہے گا۔تمام والدین اپنی اولاد کومکمل اورہرطرح سے خوش دیکھناچاہتے ہیں۔لیکن اگرآپ کی اولاد میں کوئی کمی ہےیا جسمانی نقص ہے تو اس کایہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ اسے تنہاچھوڑ دیں یااپنے دوسرے بچوں کے آگے نظرانداز کردیں۔
بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ اسے آپ کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔نہ تو اسے بوجھ سمجھیں اورنہ ہی اسے یہ احساس دلائیں کہ وہ دیگربچوں سے مختلف ہے بلکہ اسے اس قابل بنانے کی کوشش کریں کہ وہ اپنی زندگی جینے کے قابل بنے آپ کاسہارانہ سہی لیکن کسی کامحتاج نہ رہیں۔
مزید جانئے :بچوں میں احساس کمتری کی وجوہات
ضروریات کاخیال رکھیں
ایسے بچے آپ کی توجہ،پیار اوراحساس کے زیادہ حقداراورمتلاشی ہوتے ہیں۔ان کی ضروریات کاخیال رکھنانہ صرف آپ کی ذمہ داری ہے بلکہ ان کاحق بھی ہے۔
ان کی تمام ضروریات چاہے وہ کھانے پینے کے حوالے سے ہوں یادیگرانھیں وقت پرپوراکرناآپ کی ذمہ داری ہے۔ انھیں تربیت دیں کہ وہ اپناکام اورضروریات پوری کرپائیں۔بس آپ کاتھوڑاسااضافی وقت اور دیکھ بھال ایسے بچوں کوبہتر زندگی جینے کے قابل بناسکتاہے۔
صحت وصفائی کاخیال رکھیں
اسپیشل بچے اپنی صحت اورصفائی پردھیان نہیں دے پاتے اسی لئے یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ ان کی صحت وصفائی پربھرپورتوجہ دیں۔اگروہ کسی بھی قسم کی گندگی کردیں۔ جیسے کھانے پینے کے دوران یاوہ خود سے واش روم نہ جاپاتے ہوں تو ہرگز ان پرسختی نہ کریں ۔
کوشش کریں کہ آپ انھیں اپنی بات سمجھاسکیں۔بچے ماں سے زیادہ قریب ہوتے ہیں اسی لئے کوشش کریں کہ آپ اسے اپنے طورپرصحت وصفائی کے اصول سکھائیں جوبہترزندگی گزارنے میں اس کے لئے مددگارثابت ہوں۔
مزید جانئے :بچوں پربے جاسختی کے نقصانات
اسکول میں داخل کروائیں
اگرآپ کابچہ اسپیشل ہے تواس کایہ مطلب بالکل بھی نہیں ہے کہ وہ اسکول نہیں جاسکتاہے۔اسے بھی اسکول جانے کااتناہی حق ہے جتناباقی تمام بچوں کوہے۔ اسپیشل بچوں کے اسکول میں داخل ہونے سے نہ صرف اسے بلکہ آپ کوبھی ذاتی طورپرفائدہ اوراطمینان ہوگاکہ آپ کابچہ خوش ہے۔
اسکول جانے سے اسکی ٹریننگ اوراسمیں پوشیدہ صلاحیتیں سامنے آئیں گی اوروہ اپنے جیسے بچوں میں رہ کرزیادہ خوشی اوراعتماد محسوس کرے گا۔
تقریبات میں ساتھ رکھیں
تقریبات میں انھیں گھرچھوڑ کرجانے کے بجائے انھیں ساتھ لے کرجائیں اوراپنے تمام اقرباء اوردوستوں سے ملوائیں۔ایسے بچوں کوباقی بچوں سے کسی بھی طرح الگ نہ سمجھیں۔اسپیشل بچوں کی ذہنی کیفیت عام بچوں سے مختلف ضرورہوسکتی ہے لیکن احساسات ایک سے ہوتے ہیں۔
اسی لئے ان کے جذبات کی قدرکرنااورانھیں باقی بچوں میں برابری کادرجہ دیناآپ کااولین فرض ہے۔جووالدین اسپیشل بچوں کی بہتردیکھ بھال کرتے ہیں آپ دیکھیں کہ وہ بچے کسی بھی محفل میں ان کے ساتھ نظرآتے ہیں۔
مزید جانئے :بچوں میں ڈرنے کی عادت کیسے ختم کریں
کیئرٹیکررکھیں
مصروف زندگی کے سبب اگرآپ اپنے بچے کووقت دینامشکل سمجھتے ہیں توبہتر ہے کہ آپ اس کے لئے میڈ کابندوبست کریں۔اگراسکول بھیجناممکن نہیں تو گھرپراس کے لئے ٹرینر کاانتظام کریں۔
آپ کی تھوڑی سی توجہ اورمحنت سے آپ کابچہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل بن سکتاہے دوسری صورت میں یہ بچہ تنہائی کاشکارہوکرکسی بڑی ذہنی بیماری میں یاپھر ڈپریشن میں مبتلاہوسکتاہے۔ایک اچھاکیئرٹیکرآپ کے بچے کوبہترگائیڈ لائن فراہم کرسکتاہے۔
ڈانٹ ڈپٹ اورمارپیٹ سے گریز
ایسے بچے بے حد حساس ہوتے ہیں انکابھی دل چاہتاہے کہ وہ بھی عام بچوں کی طرح کھیلیں کودیں اوراسکول جائیں۔جب انھیں یہ مواقع میسرنہیں آپاتے اورتنہائی کااحساس بڑھ جاتاہے تو وہ بچے ہائیپرہوجاتے ہیں ایسی صورتحال میں انھیں ڈانٹنے اورمارنے کے بجائے پیارسے سمجھائیں اور خصوصی ٹائم دیں۔
یہ بچے پیارکے مستحق ہوتے ہیں مارکے نہیں۔ انکے احساسات اورکیفیات کوسمجھنے کی کوشش کریں اپنے آپ کوان کی جگہ رکھ کرسوچیں تو آپ بہت کچھ سمجھ جائیں گے۔
مزید جانئے :بچوں کے نفسیاتی مسائل