سردرد کی چھ اہم وجوہات

5,098

سر میں درد ہونا ایک عام شکایت ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ بعض اوقات کچھ کھانے کی وجہ سے یا ماحولیاتی حالات کی بناء پر سر کا درد ہوتا ہےیا دوسری وجوہات سر کے درد کا باعث بنتی ہیں اور دل چاہتا ہے کہ کمرے میں اندھیرا کر کے دوا کھا کر سوجائیں۔ اپنے سردرد کی وجہ جان کر آئندہ کے لیے خود کو درد سے بچایا جاسکتا ہے ۔

سردرد کی وجہ بننے والے عناصر

بھوک:

ہمارا جسم گلوکوز کے لیول کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل کام کرتا رہتا ہے ۔ اگر ہم خالی پیٹ کافی دیر تک کام یا ورزش کرتے رہیں تو ایک وقت پر ہمارا گلوکوز لیول کم ہوجائے گا جو سردرد کا باعث بنتا ہے۔

اس لیے ضروری ہے کہ خالی پیٹ نہ رہا جائے اور دن بھر وقفے وقفے سے ایسی غذا لی جائے جو توانائی فراہم کرسکے ۔ خاص طور پر وہ لوگ جن کے سر میں درد رہتا ہے خالی پیٹ نہ رہیں۔

کیفین:

جب سردرد کی بات ہے تو کیفین اس کے لیے فائدہ مند بھی ہے اور نقصان دہ بھی ۔ سردرد دور کرنے کے لیے فوری طور پر جو چیزیں ہم استعمال کرتے ہیں ان میں سے اکثر میں کیفین شامل ہوتی ہے جن سے فوری طور پر درد میں آرام آتا ہے۔ تو دوسری طرف کچھ لوگوں میں کیفین کا مستقل استعمال سر درد میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

عام طور پر ایسا ہوتا کہ مستقل کیفین کا استعمال کرنے ولا اگر اسے اچانک ترک کردے تو اسے تھوڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں سر کا درد بھی شامل ہے۔ یاد رکھیے ! کافی کے علاوہ چائے ، چاکلیٹ اور سوفٹ ڈرنکس میں بھی کیفین شامل ہوتی ہے۔

ہارمونز:

اکثر خواتین کو پیریڈز کے قریب سر میں درد ہوتا ہے۔ پیریڈز سے پہلے ایسٹروجن لیول گرنے کی وجہ سے شدید درد کا سامنہ کرنا پڑتا ہے ۔

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ پچاس فی صد خواتین پیریڈز سے پہلے سردرد کا شکار ہوتی ہے اور ان کا یہ درد پیریڈز بند ہونے کی عمر تک پہنچنے تک بڑھتا جاتا ہے۔ اگر آپ ایسے درد کا شکار ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے درد سے نجات پالیں۔

الکوحل:

الکوحل کا استعمال بھی سردرد کا باعث بنتا ہے ۔ الکوحل پیشاب آور ہوتا ہے۔ جس کے استعمال کی وجہ سے پیشاب زیادہ آتاہے اور جسم سے زیادہ مقدار میں پانی نکل جانے کی وجہ سے الیکٹرو لائٹس کم ہوجاتے ہیں اور جسم میں پانی کی کمی واقع ہوجاتی ہے۔

اس کے علاوہ الکوحل خون میں شوگر لیول گھٹا دیتا ہے جو تھکاوٹ اور سردرد کا باعث بنتا ہے ۔ مزید یہ کہ الکوحل کے استعمال سے خون کی شریانیں چوڑی ہوجاتی ہے جو بے خوابی اور سردرد کا باعث بنتی ہے۔

فکرمندی:

شدید فکر بھی سردرد کا باعث بنتی ہے۔ کچھ شواہد سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مگرین کا درد مریض کو اکثر ڈپریشن کی طرف لے جاتا ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹر سے ذہنی سکون کی کوئی دوا تجویز کرائی جائے۔ جو نا صرف ذہنی پریشانی کو کم کرے گی بلکہ سردرد سے بھی نجات دلائے گی۔

گرم موسم:

گرم موسم میں سردرد کا شکار لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر ماہرین نے اس بات کا اندازہ لگایا ہے کہ گرمی کے بڑھنے کے ساتھ سرکے درد میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

اس درد سے بچنے کے لیے تیز دھوپ سے بچنا اور ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلنا چاہیئے ۔ تاکہ شدید درد سے بچا جاسکے۔

مزید جانئے: بواسیرکی وجوہات وعلامات اور گھریلو علاج

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...