گرمی کے موسم میں ہونے والے سر دردکی وجوہات اور علاج

6,871

ہمارے ملک میں سردیاں مختصر اور گرمیاں طویل ہوتی ہیں ۔مارچ کے مہینے سے ہی گرمی کا آغاز ہو جاتا ہے جو اکتوبر تک رہتا ہے ۔وقت کے ساتھ ساتھ زمین کا درجہ حرارت بھی بڑھ رہا ہے او۴۰ ڈگری سے اوپر درجہ حرارت ہونا عام بات ہے۔ سخت موسم میں بھی کوئی کام رکتاتو ہے نہیں اور باہر نکلناہی پڑتا ہے اس لئے اس موسم میں اپنا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔
اکثر لوگوں کو گرمی میں سر درد کی شکایت ہوتی ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔

مائیگرین :

جن لوگوںکو مائگرین کے درد کی شکایت ہوتی ہے گرمی کے موسم میں انھیں زیادہ درجہ حرارت اوردھوپ کی تیز روشنی کی وجہ سے سر درمیں درد ہوسکتا ہے۔

جسم میں پانی اور غذائیت کی کمی :

گرمی میں اکثرڈی ہائڈریشن کی شکایت ہو جاتی ہے اور جو لوگ زیادہ پانی نہیں پیتے وہ سردرد کا شکار ہو جاتے ہیں ۔جسم میں توانائی کی کمی بھی سر درد کا باعث بنتی ہے۔

دوسری وجوہات:

نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے بھی سر میں درد ہوجاتا ہے، خالی پیٹ رہنے یا بھوک کی وجہ سے بھی سر میں درد ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ بہت زیادہ گرم اورنمی والے موسم میں سخت جسمانی ورزش کرنے سے بھی سر میں درد ہوجاتا ہے۔

سر درد سے بچنے کے لئے صحیح غذا کا استعمال کریں :

ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں توانائی کی کمی اور ناقص غذا کا استعمال بھی گرمی میں سر درد کا باعث بن سکتا ہے ۔اس سے بچنے کے لئے وہ کھانے کے روٹین میں یہ چیزیں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔

زیادہ پانی پیئیں:

اپنی عمر،وزن اور کام کی نوعیت کے حساب سے دن میں ۸ سے ۱۲ گلاس پانی پیئیں۔صاف پانی کا زیادہ استعمال آپ کو ڈی ہائڈریشن سے بچائے گا۔

جسم کو ٹھنڈا رکھنے والے مشروبات استعمال کریں :

گرمی میں سر درد سے بچنے کے لئے شربت عناب،تربوز کا شربت،تازہ ناریل کے پانی کو اپنی روزانہ کے روٹین میں شامل کریں ۔دودھ کے ساتھ گلقند کا استعمال کرنے سے بھی جسم کی گرمی دور ہوتی ہے۔

کیفین کا مناسب استعمال کریں :

مائیگرین کے کچھ مریضوں کو ادرک کی چائے پینے سے آرام آتا ہے۔لہٰذا ایسے مریض کم مقدار میں چائے کا بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔

میگنیشیئم والے پھل کھائیں:

کیلا ،انناس،تربوزاور خوبانی میں میگنیشیئم وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے لہٰذا ان پھلوں کو اپنی غذا میں ضرور شامل کریں۔

دہی اور دہی سے بنی چیزیں استعمال کریں :

کھانوں میں دہی کا زیادہ استعمال بھی سر درد سے بچاتا ہے ۔خالص دہی ،دہی کی لسی،دہی اور لوکی کا رائتہ جسم کی گرمی دور کرکے توانائی فراہم کرنے کے ساتھ سر درد سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

السی کے بیج استعمال کریں :

گرمی میں سر درد سے بچنے کے لئے ماہرین السی کے بیج استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ ان میں میگنیشیئم وافر مقدار میں ہوتی ہے۔۱۰۰ گرام السی کے بیجوں میں ۳۹۲ ملی گرام میگنیشیئم ہوتی ہے۔اپنی غذا میں السی کے بیج ضرور شامل کریں۔

چکنائی والی مچھلی کھائیں:

ٹونا اور سالمن مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ سر کے درد کو کم کرتے ہیں۔

سپلیمنٹس استعمال کریں:

اگر آپ کو سر میں بار بار درد ہوتا ہے تو اس کے لئے ملٹی وٹامنز،آئرن اور میگنیشیئم کا سپلیمنٹ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرورمشورہ کریں۔
گرمی میں سر درد سے بچنے کے لئے اپنی غذا میں نمی فراہم کرنے والی چیزیں اورمشروبات شامل کریں۔اور بہت زیادہ شکر اور نمک والی چیزوں سے گریز کریں ۔


اس بارے میں جانئے : ہم اپنی بھوک سے زیادہ کھانا کیوں کھا لیتے ہیں ؟


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...