پانی پئیں وزن گھٹائیں
زیروسائز کی خواہش میں عموماً نوعمر لڑکیاں عارضی انداز میں کھانے کی عادت اپناتی ہیں۔لیکن اس کے باوجود اضافی وزن اوراس سے متعلقہ مسائل میں اضافہ کے سبب اکثر لوگ وزن کم کرنے کے لئے کچھ بھی کرنے کوتیارہوجاتے ہیں۔ملٹی نیشنل فارماسیٹیکل کمپنی کادعوٰی ہے کہ ان کے پاس موٹے افراد کو دبلاکرنے کافوری طریقہ موجودہے۔بعض اوقات یہ دوائیں یا غذائیں نہ صرف وزن کم کرنے میںہماری مدد کرتی ہیں بلکہ ساتھ ساتھ ہماری جیب اورکبھی کبھی عقل کاصفایابھی کردیتی ہیں۔
سچ تویہ ہے کہ کبھی کبھی ہم ہرجگہ اس چیز کی تلاش کرتے ہیں جوصحیح ہواوراکثروہ چیز ہماری ناک کے نیچے ہوتی ہے۔اس کی بہترین مثال وزن کی کمی کے لئے پانی کااستعمال ہے۔پانی سب سے زیادہ کم خرچ،وسیع پیمانے پردستیاب اورفائدہ مند غذائی مشروب ہے جس کے کوئی منفی اثرات بھی نہیں ہیں۔
پانی کے فوائد جتنے ہیں اس کی نسبت اس کواتنی اہمیت حاصل نہیں ہے لیکن میڈیکل لٹریچرنے یہ ثابت کیاہے کہ سادہ پانی پینے سے مختلف طریقوں سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔جن میں سے چند ذیل میں درج ہیں:
1۔میٹابولزم میں اضافہ کرتا ہے
یہ بات طے ہے کہ توانائی صرف کرنے سے کیلوریز برن ہوتی ہیں۔جب ہم آرام کرتے ہیں توہمارے جسم کامیٹابولک سطح سے براہ راست تعلق ہوتاہے۔مطالعہ کے مطابق روزانہ مقررہ مقدارمیں پانی پینے سے توانائی کااخراج ہوتاہے اورسال میں 1.2 کلوگرام تک وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔یہ آسان طریقہ ہے کیونکہ مناسب مقدارمیں سادہ پانی پینے سے آرام کے دوران بھی توانائی خرچ ہوگی۔
2۔بھوک میں کمی لاتا ہے
یہ ایک آذمودہ فارمولاہے کہ ہرکھانے سے پہلے ایک گلاس پانی پینے سے آپ کوپیٹ بھراہوامحسوس ہوتاہے جس کی وجہ سے آپ کھاناکم کھاتے ہیں۔اس آسان سے ہتھیار کی مدد سے آپ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔کیونکہ اگرآپ اس ہتھیارکااستعمال کریں گے توآپ کوکھانے سے محرومی کااحساس نہیں رہے گابلکہ پیٹ بھراہواہونے کے سبب آپ کھاناخوشی خوشی چھوڑ دیں گے۔
مزید جانئے :شفاف پانی۔۔۔اچھی صحت کی ضمانت
3۔توانائی کوفروغ دیتا ہے
پانی ہمیں تازہ دم اورہائیڈریٹ رکھتاہے۔اس کے استعمال سے ہلکاپھلکااورتوانائی سے بھرپوراحساس ہوتاہے۔اچانک کھانے میں کمی کے سبب کمزوری اورتھکاوٹ کااحساس ہوتاہے لیکن پانی کی اضافی طاقت سے جم جانے کی ہمت پیداہوتی ہے۔سائنسی لحاظ سے یہ بات ثابت ہے کہ پانی کااستعمال تھکاوٹ اورنیند کی کمی کودورکرتاہے۔
4۔موڈ کو بہتر بناتا ہے
ڈائیٹ کے دوران بہت سی غذاؤں سے محرومی موڈ کی خرابی کاسبب بنتی ہے۔عموماً زیادہ ترلوگ اعلیٰ کیلوریز والی اورمیٹھی غذائیں کھاناپسندکرتے ہیں۔اورجب وہ اپنی خوراک سے ان چیزوں کوہٹادیتے ہیں جنھیں وہ کھاناپسند کرتے ہیں تووہ ڈپریشن اورمایوسی کاشکارہوجاتے ہیں۔خاص طورپراس وقت جب انھیںوزن میں کمی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوں۔پانی پینے سے پر سکون ،اطمینان بخش اورمثبت جذبات پیداہوتے ہیں۔غذاکی منصوبہ بندی پرعمل درآمدکے ساتھ ساتھ پانی پینے کی عادت اپناکرآپ اپناہدف آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید جانئے :ٹھنڈا پانی پینے کے آٹھ نقصانات
5۔پانی قدرتی ٹانک ہے
آج کل ڈائیٹ فوڈ کارجحان زیادہ ہے ۔اسی لئے سپرمارکیٹ میں ڈائیٹ ڈیسرٹ اورڈائیٹ ڈرنک آسانی سے دستیاب ہوتی ہیں۔بدقسمتی سے ان میں سے بہت سی مصنوعات مصنوعی مٹھاس اوردیگرغیرمعیاری اجزاء پرمشتمل ہوتی ہیں۔وزن کامسئلہ حل کرنے کی خواہش میں گردے کے امراض،جگرمیں خرابی یہاں تک کہ کینسرجیسامہلک مرض بھی لاحق ہوسکتاہے۔
مختلف ڈائیٹ کے مشورے آتے ہیں اورچلے جاتے ہیں یاد رکھیںہرڈائیٹ ہرانسان کے لئے نہیں ہوتی۔بہت سی ڈائیٹ سے کسی کے وزن میں تیزی سے کمی آجاتی ہے تووہیںکبھی کبھی کسی دوسرے کواس کے استعمال سے سراسرمایوسی کاسامناہوتا ہے۔ڈائیٹ کابہترین آلہ جس تک سب کی رسائی ہے اوروہ ہے پانی۔ جس کے استعمال سے رینل فنکشن،جلد کی حفاظت اور مجموعی صحت میں اضافہ ہوتاہے۔اس سے کوئی فرق نہیں پڑتاکہ آپ کونسی ڈائیٹ لے رہے ہیں یاآپ ڈائیٹ پرہیں بھی یانہیں۔بس ہائیڈریٹ رہنالازمی یادرکھیں۔حرف آخربس یہی ہے کہ ہمیں وزن کے بجائے صرف اپنی صحت پرزوردیناچاہئے ۔
اس آرٹیکل کو انگریزی میں پڑھنے کے لئے کلک کریں
تحریر : ڈاکٹر ثناء انصاری
ترجمہ : سائرہ شاہد