روزے میں پیاس کی شدت سے کیسے بچیں

963

پانی زندگی کے لئے نہایت ضروری ہے ۔ انسان کھاناکھائے بغیر تو چند دن تک رہ سکتا ہے لیکن پانی کے بغیر زندہ رہنا بہت مشکل ہے ۔رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے اور گرمی بھی عروج پر ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چودہ گھنٹے کے روزے میں پیاس کی شدت سے کیسے بچا جاسکتا ہے ۔
پانی ہمارے جسم کا ۶۰ سے ۷۰ فیصد حصہ ہے تو ظاہر ہے کہ اس کی کمی جسم کی کارکردگی پر اثر انداز ہوتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ صحت مند رہنے اور پیاس سے بچنے کے لئے جسم میںپانی کی کمی نہ ہونے دی جائے ۔پھر روزے میں پانی کی کمی قبض،سردرد،سستی،تھکن اور خشکی کا باعث بنتی ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ ان مسائل سے بچنے کے لئے زیادہ پانی پینا نہایت ضروری ہے۔
ان مشوروں پر عمل کرکے آپ روزے کے دوران بھی پیاس کی شدت سے بچ سکتے ہیں ۔

جوس پر پانی کو فوقیت دیں:

ہم میں سے اکثر کیا سب ہی لوگ روزہ کھولتے ہی سب سے پہلے جوس کا گلاس منہ سے لگاتے ہیں ۔وہ بھی صرف ایک گلاس ہی نہیں بلکہ دو تین گلاس پیتے ہیں تب کہیں جاکر پیاس بجھتی ہے ۔میٹھے جوس وزن بھی بڑھاتے ہیں اس لئے بہتر ہوگا کہ افطار کے وقت سادہ پانی اور چند کھجوروں سے روزہ کھولیں ۔سوفٹ ڈرنکس بالکل نہ لیں کیونکہ ان میں موجود گیس اور کیفین گردوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے ۔

سحری میں دو گلاس پانی پیئیں :

سحری میں آٹھ اونس کے دو گلاس پانی پیئیں ۔اکثر لوگ سحری میں گلاس پر گلاس پانی پیتے رہتے ہیں ایسا کرنے کے بجائے افطار اور سحری کے دوران وقفے وقفے سے پانی پیئیں۔تراویح پڑھنے جائیں تو پانی کی بوتل ساتھ لے جانا نہ بھولیں ۔افطار سے سحری تک دس سے بارہ گلاس پانی دن بھر کے لئے کافی
ہیں ۔

مرغن اور مصالحے دار کھانوں سے گریز کریں :

گرمی میں خاص کر رمضان میں بہت زیادہ مرغن یا مصالحے دار کھانا کھانے سے گریز کریں کیونکہ یہ کھانے پیاس کو بڑھاتے ہیں ۔اگر آپ سحری یا افطارمیں ایسے کھانے کھائیں گے تو دن بھر پیاس لگے گی ۔ان کے بجائے ہلکے کھانوں اور ایسی غذائوں کو استعمال کریں جن میں پانی وافر مقدار میں موجود ہو جیسے کھیرا،ٹماٹر،تربوز،اسٹرابیری ،سیب اورپالک کھائیں۔تازہ پھل اور سبزیوں میں پانی اور فائبر کی وافر مقدار ہوتی ہے جس سے پیٹ زیادہ وقت تک بھرا ہوا رہتا ہے اور پیاس بھی نہیں لگتی۔اس کے علاوہ سحری میں دودھ اور دہی کا استعمال کریں ۔


مزید جانئے  : رمضان میں جلد کی رونق بڑھانے والی غذائیں

کوشش کریں کہ روزے میں کم پسینہ آئے:

خود کو گرمی سے بچائیں اوراپنے زیادہ تر کام ٹھنڈے وقت میں کریں۔ اگر آپ کا کام گھر سے باہر کا ہے تومسلسل دھوپ میں رہنے کے بجائے کچھ دیر کے لئے سائے میں ہو جائیں ۔اس طرح آپ کو پسینہ کم آئے گا اورجسم میں پانی کی کمی نہیں ہوگی۔

نمک کا استعمال کم کریں:

اپنے کھانوں اور سلاد میں نمک کم ڈالیں ۔اس کے علاوہ بہت نمکین چیزیں اور اچار کھانے سے گریز کریں ۔کیونکہ جسم میں زیادہ نمک کی وجہ سے جسم میں زائدپانی جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے اور جسم پھولنے لگتا ہے۔

تلاوت کریں :

روزے میں زیادہ سے زیادہ قرآن پاک کی تلاوت کریں ۔اس سے آپ کا حلق تر رہے گا اور پیاس بالکل نہیں لگے گی۔

یاد رکھیں:

روزہ کھولتے وقت بہت زیادہ ٹھنڈا پانی آپ کی پیاس بجھانے کے بجائے خون کی نالیوں کے سکڑنے کا باعث بنتا ہے اوربد ہضمی کرتا ہے اس لئے روزہ کھولتے وقت سادہ یا کم ٹھنڈا پانی پیئیں ۔


مزید جانئے  : رمضان میں پانی کی کمی کو کیسے پورا کریں ؟

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...