رمضان میں وزن کم کرنے کے طریقے
یہ رمضان کا بابرکت مہینہ ہے جس میں مسلمان روزے رکھتے ہیں ۔ اصولاً تو اس مہینے میں سب کا وزن کم ہونا چاہئے لیکن دن بھر روزہ رکھنے کے بعد سحر اور افطار میں ہر ایک اتنا زیادہ مضر صحت کھانا کھاتا ہے کہ اس کا وزن کم ہونے کے بجائے بڑھ جاتا ہے ۔لیکن کچھ ہدایات پر عمل کر کے آپ رمضان میں بھی اپنا وزن کم کرسکتے ہیں۔ رمضان میں وزن کم کرنے کے لیے ورزش کے ساتھ صحت بخش غذا بھی لینا ہوگی۔
افطار یا تراویح کے بعد ورزش کر کے ۵ سے ۱۰ کلو وزن کم کیا جاسکتا ہے ۔ لیکن اگر اس کے ساتھ کھانے میں احتیاط نہ کی گئی تو وزن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
سحری:
اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو اپنی سحری کو سادہ رکھیں۔ ہم اکثر اس ڈر سے کہ ہمیں دن میں بھوک نہ لگے سحری میں ضرورت سے زیادہ کھالیتے ہیں ۔ حالانکہ سحری میں بھی ہمیں نارمل غذا لینی چاہئیے۔
اگر آپ وزن کم کرنے کے خواہش مند ہیں تو سحری میں یہ غذا لیں۔
۔ سفید آٹے کے بجائے بھوسی والے آٹے کی سادہ روٹی کھائیں۔
۔ دہی کا استعمال کریں۔
۔ بغیر بالائی کا دودھ لیں۔
۔ ایک یا دو کھجوریں کھالیں۔
۔ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
افطاری:
دن بھر بھوکا رہنے کے بعد جب ہمارے سامنے پورا دسترخوان سجا ہوتا ہے تو روزہ کھلتے ہی ہم اس پر ٹوٹ پڑتے ہیں پھر ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کیا کھارہے ہیں اور کیا نہیں۔
اگر آپ وزن کم کرنے کے خواہش مند ہیں تو افطار میں بھی کچھ باتوں کا خیال رکھنا پڑے گا۔
۔ ایک کھجور سے روزہ کھولیں ۔
۔ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
۔ نماز کے لیے اٹھ جائیں مغرب کی نماز پڑھنے کے تھوڑی دیر بعد کھانا کھائیں۔
۔ کھانے میں روسٹ کی ہوئی چکن بریسٹ یا ابلی سبزیاں کھائیں۔
۔پکوڑے، سموسے ، چاٹ سے گریز کریں۔
ْ۔ افطاری کے بعد چہل قدمی کریں۔
میٹھا کھانے سے گریز کریں:
گرمی کے روزوں میں افطار کے بعد زیادہ سے زیادہ کولڈڈرنک اور میٹھا کھانے کا دل چاہتا ہے ،۔ ان کے بجائے پھل ، ڈرائی فروٹ اور شہد کا استعمال کریں کولا ڈرنکس سے بالکل پرہیز کریں۔
زیادہ پانی پئیں:
افطار اور سحری کے درمیان زیادہ پانی پئیں دو گلاس پانی افطار کے وقت، ۶ سے ۸ گلاس افطار سے سحری کے درمیان اور ۲ گلاس سحری میں پئیں۔ چائے اور کافی سے گریز کریں ان کی جگہ ہربل ٹی یا گرین ٹی لیں یہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ہاضمے میں بھی مدد دے گی۔
ورزش :
رمضان کے دنوں میں ورزش کرنا ذرا مشکل ہوتا ہے لیکن ۳ سے ۴ دن میں اسکی عادت ہوجاتی ہے۔
۔ افطار سے پہلے ۳۰ منٹ کی واک یا جوگنگ کریں۔
۔ روزہ کھولنے کے بعد یعنی کھجور اور پانی پینے کے بعد جم جائیں یا گھر پر ورزش کریں۔
اس طریقے سے آپ ۳ دن میں ۱ کلو تک وزن کم کرسکتے ہیں ۔ اس طرح پورے رمضان میں ۱۰ کلوتک وزن کم کرلینگے۔