رمضان میں واک اور صحت بخش غذاؤں سے سحری
رمضان میں واک ایک چیلنج ہے جو لوگ رمضان میں چہل قدمی یا دوڑنے جیسی ایکسرسائز کرتے ہیں وہ اس بات سے اچھی طرح آگاہ ہوتے ہیں کہ یہ کثرت ان کی کتنی طاقت اورانرجی کو کنزیوم کرلیتی ہے نہ صرف یہ بلکہ یہ ایکسرسائز کیلوریز بھی بڑی جلدی کم کرتی ہے ۔ یہ تھکاوٹ کا باعث بھی بن جاتی ہے لیکن ان تمام باتوں کے باوجود دوڑنے اور چہل قدمی کی مشق کی افادیت سے کسی کو انکار نہیں یہ صحت مند رہنے کے لیے انتہائی ضروری ایکسرسائز ہے۔ جو لوگ اس ایکسرسائز کے عادی ہوتے ہیں وہ اکثر وبیشتر اس حوالے سے فکر مند رہتے ہیں کہ صبح کی دوڑ سے واپس آنے کے بعد وہ ایک صحت بخش ناشتہ کریں ۔ لیکن رمضان میں ایسا ممکن نہیں لہذا آپ اپنی سحری کو ناشتے کی طرح صحت بخش بنا سکتے ہیں ۔ ذیل میں چند ایسے مزیدار اور ذائقہ سے بھرپور منفرد آئیڈیاز پیش کیئے جارہے ہیں جس سے آپ کی سحری کی رونق دوبالا ہوجائے گی :
*کیلا:۔
کیلے میں پایا جانے والی کاربوہائیڈریٹس کے متعلق ممکن ہے کہ بہت سے لوگوں کی رائے اچھی نہ ہو لیکن جو افراد صبح کی دوڑ لگاتے ہیں ان کے لیے کیلا بہترین غذا ہے۔ ہر رنر اور ایتھلیٹ اپنی انرجی بڑھانے کے لیے Carbs کا حصول چاہتا ہے اور اس کا بہترین ذریعہ کیلا ہی ہے۔ جو لوگ کیلاسادہ حالت میں نہیں کھانا چاہتے وہ اس کا شیک بھی بناسکتے ہیں اس شیک میں کیلا دودھ(بغیر چکنائی کے) اور اسٹرابیری بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ بہترین ذائقہ کے لیے اس میں چند قطرے لیمن جوس ڈال دیں آپ کی سحری میں بنانا شیک ایک مکمل صحت مند اور بھرپور ناشتہ ہے ۔
*فروٹ سلاد:۔
کسی بھی قسم کے پھل اور اس کا رس وٹامنز کا خزانہ ہوتے ہیں۔ رننگ کے بعد صبح فروٹ کھانا آپ کی صحت کے لیے بے انتہا فائدہ مند ہوتا ہے اس ضمن میں اورنج، سیب، بلیک بیری اور گریپ فروٹ بہ طور خاص صبح کے وقت ناشتہ کے دوران کھائے جاسکتے ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ کی صلاحیت کے ساتھ ایک مکمل ناشتہ کا تصور پیش کرتے ہیں گریپ فروٹ اور بلیک بیری جیسے پھل میں اینٹی آکسیڈنٹ کی صلاحیت پائی جاتی ہے اس سے بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔
*سبزیاں:۔
دن کا آغاز سبزیوں سے کرنا بھی صحت مند ثابت ہوتا ہے۔ ان میں پروٹین، وٹامنز اور منرلز جیسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں اس کے علاوہ سبزیوں میں اینٹی آکسیڈنٹ کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے یہ تمام اجزاء جسم کو صحت مند، پٹھوں اور مسلز کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام کو بھی فعال رکھتے ہیں۔ اگر سبزیوں کی غذائیت سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں توسحری میں پالک، سلادکے پتے، بروکلی اور گاجر سے بہتر کوئی متبادل نہیں۔ اگر آپ سینڈوچ کھانا پسند کرتے ہیں تو اُبلے ہوئے انڈے کے ساتھ کھیرے اور ٹماٹر کا سینڈوچ آپ کے ناشتہ کے مزے کو دوبالا کردے گا سبزیوں سے دیگر غذائی اجزاء حاصل ہونے کے ساتھ انڈا آپ کے جسم کو پروٹین فراہم کرنے کا سبب بنے گا۔ سبزیوں کے کھانے خاص طور پر Celery قسم کی سبزیاں کو اپنی ڈائیٹ یا سحری کا حصہ بنانے پر بلڈپریشر نارمل رہے گا اور کینسر کے بننے والے سیل کا خاتمہ بھی ممکن ہوتا ہے۔
یہ پڑھئے : رمضان اور حمل:روزہ رکھیں یا نہ رکھیں؟
*بادام:۔
بادام ہرلحاظ سے بہترین غذا ہے اس میں کولیسٹرول کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے جبکہ اینٹی آکسیڈنٹ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اس لیے اس کا روزانہ کا استعمال بھی نقصان دہ نہیں ہوتا اس لیے یہ رنرز(صبح کی دوڑ لگانے والے افراد) کے لیے بھی مرغوب غذا ہے لیکن ظاہر سی بات ہے مارننگ رن کے بعدسحری میں صرف بادام سے کام نہیں چلایا جاسکتا اس لیے ایک پیالہ کارن فلیکس یا پھر ایک مکمل ملک شیک میں بادام شامل کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بادام جلد کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے وٹامنز اور منرلز کی بھرپور تعداد ہونے کی وجہ سے اس کا استعمال کئی سنجیدہ قسم کی بیماریوں سے دور رکھتا ہے۔
*دہی:۔
دہی کا استعمال ہر لحاظ سے جسم وصحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ اور یہ تمام ایتھلیٹ کا پسندیدہ کھانا یا ڈش ہے۔ 45 منٹ یا اس سے بھی زیادہ دوڑنے والے افراد اگرسحری میں دہی کا ایک پیالہ کھائیں تو پروٹین اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور دہی جسم میں طاقت اور توانائی فوری طورپر فراہم کرے گا۔ دہی سے غیر معمولی فائدہ اُٹھانے کے لیے اس میں کچھ پھل یا بادام شامل کرکے بھی کھایا جاسکتا ہے۔ دہی مسلز اور پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے اور میٹابولزم سسٹم کو طاقت عطا کرتا ہے۔
*جو کا دلیہ:
یہ رنرز کے لیے ایک آئیڈیل ڈش ہے کیونکہ اس میں پروٹین، فائبر، کاربوہائیڈریٹ کی بھرپور مقدار شامل ہوتی ہے جو صحت کے لیے ہرلحاظ سے پرفیکٹ جانا جاتا ہے۔ اگر آپ اسے ذائقہ دار بنانا چاہتے ہیں تب اس میں اپنے پسندیدہ پھل کو شامل کرکے بلینڈ کرکے استعمال کریں۔ یہ خراب کولیسٹرول کو کم کرتا ہے اس میں کیونکہ فائبر موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے کولیسٹرول کا بڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔
*مرغی کا سینہ:۔
مرغی کے سینہ میں سب سے کم کیلوریز پائی جاتی ہے اس لیے اسے دن کے کسی بھی کھانے کا سب سے صحت مند کھانامانا جاتا ہے۔ یہ آسانی سے پکایا جاسکتا ہے اور ذائقہ سے بھی بھرپور ہوتا ہے اگر اس میں تمام مناسب اجزاء ڈال کر پکایا جائے تو اس سے بہتر ذائقہ دار ڈش کوئی دوسری نہیں ہوسکتی ایکسر سائز کے لیے جانے سے پہلے آپ کی یہ چکن ڈش تیار ہونی چاہیئے تاکہ جب آپ واپس آئیں تو گرم کرکے نوش کرسکیں سحری میں کھایا گیا کھانا پورے دن کے لیے آپ کے جسم کو طاقت مہیا کرتا ہے۔
*سالمن مچھلی:
سی فوڈ کی اگر بات کی جائے تو سالمن سے بہتر یا متبادل کوئی اور چیز نہیں جو کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور اینٹی آکسیڈنٹ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس مچھلی میں اتنی صلاحیت پائی جاتی ہے کہ وہ آپ کے تھکے ہوئے جسم کو چاق وچوبند اور چست بنادے۔ آپ سالمن فش کو فرائیڈ آلو اور اُبلی ہوئی سبزیوں کے ساتھ بناسکتے ہیں۔
اگر اس سے مزیدغذائی افادیت حاصل کرنا مقصد ہو تو اس میں تھوڑی مقدار زیتون کے تیل کی بھی شامل کی جاسکتی ہے ۔براؤن رائس اور پاستا کے ساتھ بھی پکائی جاسکتی ہے جو لمبے عرصہ تک کے لیے آپ کو چارج رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔