کیاڈی ٹوکس چائے صحت کے لئے مضر ہے؟

2,485

جب آپ خریداری کرنے جاتے ہیں تو اکثر دیکھتے ہونگے کہ سپر مارکیٹ کے شیلف میں ڈی ٹوکس کرنے والی چائے بھری پڑی ہوتی ہیں اس کی وجہ اس کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ ہے کیونکہ موٹاپے کا شکار لوگ ان کا استعمال یہ سوچ کر بلا جھجک کرتے ہیں کہ یہ کسی بھی طرح نقصان دہ نہیں ہوتیں اور تیزی سے وزن کم کرتی ہیں ۔ لیکن وزن کم کرنے کے لئے ڈی ٹوکس ٹی کو منتخب کرنے سے پہلے کچھ باتیں جاننا ضروری ہیں تاکہ اس کے بعد آپ فیصلہ کرسکیں کہ کیا یہ واقعی آپ کے لئے مفید ہیں؟

اس میں دست آور دوا شامل ہوتی ہے :

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر ڈی ٹوکس چائے کے اجزاء ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔اس میں ایسی بھی چائے ہوتی ہے جو نقصان دہ نہیں ہوتی لیکن بعض میں دست آور دوا(سنا) ملائی جاتی ہے جس کا زیادہ استعمال کلون کو زیادہ سکڑنے اور زیادہ سے زیادہ فاضل مادے اور پانی خارج کرنے پر مجبور کردیتاہے ۔اس سے وقتی طور پر تو آپ دبلے نظر آتے ہیں لیکن یہ دبلا پن جسم کا پانی کم ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے جبکہ جسم کے فیٹس اپنی جگہ ہی رہتے ہیں یعنی یہ دوا فیٹس پر کوئی اثر نہیں دکھاتی۔
لہٰذا اپنے لئے ایسی ڈی ٹوکس ٹی کا استعمال کریں جس میں دست آور دوا (سنا )نہ شامل ہو۔

ہرقدرتی چیز مفید نہیں ہوتی:

ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ یہ چیز ہمارے لئے مفید بھی ہوگی ۔اس میں مختلف قدرتی اجزاء شامل کردئے جاتے ہیں اور ان کو بنانے والے یہ نہیں جانتے کہ انھیں ملا کر استعمال کرنے سے صحت کو کیا نقصانات ہوسکتے ہیں ۔

دوسری دوائیں موثر نہیں رہتیں:

تھائرائڈ سے لیکر ڈپریشن کی دوائوں تک جو دوا بھی ہم لے رہے ہوتے ہیں ۔ان پر یہ چائے( جو بہ ظاہر بے ضرر نظر آتی ہے) غلط اثرات ڈالتی ہے۔اس میں موجود دست آور دوا دوسری دوائوں کے اثر کو کم کرتی ہے۔جو صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔


اس بارے میں جانئے : گردوں کو نقصان پہنچانے والی 8 غذائیں

حمل ٹھہرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں:

دوسری دوائوں کے ساتھ یہ چائے مانع حمل گولیوں کے اثر کو بھی کم کرتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ کو 24گھنٹے میں چھ سے آٹھ موشن ہو جائیں گے تو مانع حمل گولیوں کے کارآمد نہ ہونے کا امکان بڑھ جائے گا کیونکہ وہ صحیح طرح جذب نہیں ہو پائیں گی ۔

نیند کا مسئلہ ہو سکتا ہے:

زیادہ تر ڈی ٹوکس ٹی میں کیفین ہوتی ہے ،کیونکہ کیفین بھوک کو مارتی ہے۔اگر آپ زیادہ کیفین کے عادی نہیں ہیں اور ڈی ٹوکس ٹی لے رہے ہیں تو یہ آپ کی نیند پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔اگر آپ دن میں ۴ سے ۶ کپ کافی پینے کے عادی ہیں تو پھر اسے بھی برداشت کرسکتے ہیں ۔


یہ بھی پڑھیں :نیند اگر 6 گھنٹےسے کم ہو تو

آپ کا جسم اہم غذائی اجزاء کو جذب نہیں کر پاتا :

اکثر لوگ یہ چائے صحت مند اور ڈیٹوکس رہنے کے لئے پیتے ہیںلیکن اس میں موجود دست آور دواغذا کو خون میں معدے میں جذب نہیں ہونے دیتی کیونکہ کھاناکھاتے ہی آپ کو واش روم جانا پڑ جاتا ہے اس طرح اہم وٹامن اورمنرلز بھی جسم میں جذب نہیں ہو پاتے اور صحت مند ہونے کی کوشش میں ہم مزید کمزور ہوجاتے ہیں ۔

اس سے آپ کا وزن کم نہیں ہوگا :

حقیقت میں ڈی ٹوکس ٹی وزن کم نہیں کرتی وقتی طور پر تو آپ کو ایسا لگتا ہے لیکن یہ زیادہ عرصے قائم نہیں رہتا ۔اگر آپ واقعی اپنا وزن کم کرکے صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو اپنی غذا پر توجہ دینی ہوگی۔اپنی غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا اضافہ کریں اور بازار کے کھانوں سے گریز کریں اس طرح آپ صحت مند رہتے ہوئے اپنا وزن کم کرسکیں گے۔


اس بارے میں جانئے : سوئمنگ سے بلڈ پریشر کا علاج کریں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...