وہ وٹامنز جو بچوں کے لئے ضروری ہیں
انسانی جسم کی نشوونماء میں وٹامنز اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔وٹامنز بچوں اور بڑوں دونوں کے لئے ضروری ہیں ۔یہ ہماری غذا کا اہم حصہ ہیں اور ہمارے جسم کی کارکردگی کوبہتر بناتے ہیں ۔کیونکہ ہر وٹامن ہمارے جسم میں ایک خاص کام انجام دے رہا ہوتا ہے۔مثال کے طور پر:
۔دودھ میں موجود وٹامن ڈی ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
۔گاجر میں موجود وٹامن اے رات کے وقت دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔
۔نارنگی میں موجود وٹامن سی زخم کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔
۔اناج میں موجود وٹامن بی کی مدد سے ہمارا جسم غذا سے توانائی حاصل کرتا ہے۔
وٹامنز جسم میں کیسے جاتے ہیں :
وٹامنز دو طرح کے ہوتے ہیں ایک وہ جو چکنائی میں حل ہوتے ہیں اور دوسرے وہ جو پانی میں حل ہوتے ہیں ۔
جب ہم چکنائی میں حل ہونے والے وٹامنز کھاتے ہیں تو یہ وٹامنز جسم میں موجود چکنائی والے ٹشوز اور جگر میں جمع ہوتے ہیں اور اس وقت تک جسم میں رہتے ہیں جب تک جسم ان کو استعمال نہ کر لے ۔ان میں سے کچھ چند دن تک اور کچھ ۶ ماہ تک جسم میں رہتے ہیں ۔جب جسم کے کسی حصے کو ان کی ضرورت ہوتی ہے تو یہ وہاں پہنچ جاتے ہیں ۔وٹامن اے،ڈی،ای اورکے چکنائی میں شامل ہونے والے وٹامنز ہیں۔
پانی میں حل ہونے والے وٹامنز زیادہ عرصے تک جسم میں نہیں رہتے اور خون میں شامل ہوجاتے ہیں ۔اور جب جسم انھیں استعمال نہیں کرتا تو یہ پیشاب کے ذریعے جسم سے باہر نکل جاتے ہیں ۔
ان وٹامنز میں وٹامن سی،وٹامن بی ون،بی ٹو،بی سکس،بی ٹویلواور بائیوٹن شامل ہیں۔
وٹامنز آپ کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں:
ہمارا جسم ایک مشین کی طرح ہے جو اپنے کام خود انجام دیتا ہے اوربعض کاموں کو انجام دینے کے لئے اسے وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیونکہ ہمارے جسم کومختلف غذائوں سے مختلف وٹامن حاصل ہوتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہر طرح کی غذا کھائی جائے۔اسی لئے ان بچوں کو روزانہ وٹامن لینے کی ضرورت نہیں ہوتی جو ہر طرح کی صحت بخش غذا کھاتے ہیں۔
اس بارے میں جانئے :بچوں کا انجیکشن کا ڈر دور کرنے کے لئے یہ تراکیب آزمائیں
وٹامنز کیا کام کرتے ہیں؟
آئیے دیکھتے ہیں کہ وٹامن اے سے کے تک کے وٹامن کیا کام کرتے ہیں:
وٹامن اے:
یہ وٹامن بینائی کے لئے بہت ضروری ہے خاص کر رات کے وقت اندھیرے میں دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔اس کے علاوہ جسم میں قوت مدافعت کو بڑھا کرانفیکشن کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
وٹامن اے والی غذائیں:
دودھ،کلیجی،نارنجی رنگ کے پھل اور سبزیوںجیسے گاجر اور شکرقندی،گہری سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک میں وٹامن اے پایا جاتا ہے۔
وٹامن بی:
وٹامن بی جسم میں غذا سے توانائی پیدا کرتا ہے ،جسے وقت ضرورت جسم استعمال کرتا ہے۔وٹامن بی ریڈ بلڈ سیلز بھی بناتا ہے جو جسم کے تمام حصوں میں آکسیجن پہنچاتے ہیں۔کیونکہ ہمارے جسم کے ہر حصے کو کام کرنے کے لئے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اس لحاظ سے وٹامن بی بہت ہی اہم کام انجام دیتے ہیں .
وٹامن بی والی غذائیں:
ثابت اناج جیسے گیہوں اور جوء،مچھلی اور سی فوڈ،مرغی اور گوشت،انڈے،دودھ سے بنی اشیاء جیسے دودھ اور دہی،ہرے پتوں والی سبزیوں،پھلیوں اور مٹر میں وٹامن بی پایا جاتا ہے۔
وٹامن سی:
وٹامن سی جسم کے ٹشوز (جبڑوں،ہڈیوں اور خون کی نالیوں )کو اچھے شیپ میںرکھتا ہے ۔یہ جسم پر لگنے والے زخم کو بھرنے میں مدد دیتا ہے اس کے علاوہ قوت مدافعت کو بڑھا کر جسم کو انفیکشن سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
وٹامن سی والی غذائیں:
سٹرس فروٹ جیسے کینو یا نارنگی،اسٹرابیری ،ٹماٹر،بروکولی،بندگوبھی،کیوی پھل اور لال شملہ مرچ میں وٹامن سی پایا جاتا ہے۔
وٹامن ڈی:
وٹامن ڈی ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے۔یہ وٹامن جسم کو کیلشیئم جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن ڈی دھوپ کی مدد سے ہماری جلد میں بنتا ہے ،اس کے علاوہ یہ مختلف غذائوں سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
وٹامن ڈی والی غذائیں:
دودھ،مچھلی،انڈے کی زردی،کلیجی اور فورٹیفائڈ دلیے میں وٹامن ڈی پایا جاتا ہے۔
وٹامن ای:
ہر جسم کو وٹامن ای کی ضرورت ہوتی ہے ۔یہ وٹامن جسم کے سیلز اور ٹشوز کو نقصان سے بچاتا ہے اور ریڈ بلڈ سیلز کی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔
وٹامن ای والی غذائیں :
ثابت اناج جیسے گیہوں اور جوء،ہرے پتوں والی سبزیوں ،سن فلاور،کنولا،اور زیتون کے تیل،انڈے کی زردی،میووں اور بیجوں میں وٹامن ای پایا جاتا ہے۔
وٹامن کے:
وٹامن کے خون کو جمنے میں مدد دیتا ہے ۔اس کی مدد سے جسم پر لگنے والے کٹ پرایک جھلی بن جاتی ہے جو خون کو باہر آنے سے روکتی ہے جس کی وجہ سے خون نکلنا بند ہوجاتا ہے۔
وٹامن کے والی غذائیں:
ہرے پتوں والی سبزیوں ،ڈیری پروڈکٹس جیسے دودھ اور دہی،بروکولی اور سویا بین آئل میں وٹامن ای پایا جاتا ہے۔
اگر آپ کا بچہ یہ تمام غذائیں لے رہا ہے تو اسے وٹامن کے لئے کسی سپلیمنٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔