چربی کم کرے وہ بھی سوتے وقت
لگ بھگ سب اس سے متفق ہیں کہ ورزش جسمانی وزن میں کمی اور صحت مند رہنے کا بہترین ذریعہ ہے، مگر کیا ہم روزانہ ورزش کرتے ہیں؟لیکن ہم روزانہ نیند کے مزے ضرور لیتے ہیں تو توند سے نجات کا اس سے بہترین طریقہ کیا ہوسکتا ہے کہ ہم سوتے سوتے اپنی چربی کو بھی کم کرلیں وہ بھی کسی مشقت کے بغیر۔ جانئے وہ آسان طریقے جس سے توند کم کی جا سکتی ہے۔
رات کا کھانا کم مقدار میں کھانا
رات کے وقت زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کریں اور سونے سے کچھ دیر پہلے مت کھائیں۔ نیند کے دوران ہمارا دماغ نشوونما کرنے والا ایک ہارمون خارج کرتا ہے، تو اگر آپ سونے سے کچھ دیر پہلے ہی کھانا کھائیں گے تو یہ ہارمون غذا کو ایندھن بنانے کی بجائے چربی کی شکل میں ذخیرہ کرلے گا۔
سونے کا وقت سیٹ کرنا
مانیں یا نہ مانیں مگر 7 سے 8 گھنٹے کی نیند اچھی صحت کے لیے ضروری ہے اور روزمرہ کی مصروفیات کے باعث یہ کافی مشکل کام لگتا ہے۔ 7 سے 8 گھنٹے کی نیند جسم کو زیادہ چربی گھلانے میں مدد دیتی ہے، امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ اچھی نیند لینے والے افراد کم سونے والوں کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ کیلوریز جلاتے ہیں۔
اس بارے میں جانئے : ہم اپنی بھوک سے زیادہ کھانا کیوں کھا لیتے ہیں ؟
سونے کے کمرے میں الیکڑانک اور انٹر نیٹ ڈیوائسزبند کردیں
ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ سے خارج ہونے والی نیلی روشنی نیند کے لیے مدد فراہم کرنے والے ہارمون میلاٹونین بننے کے عمل کی روک تھام کرتی ہے۔ ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات کو سونے سے قبل زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنا جسم میں ٹرائی گلیسڈرز کی سطح بڑھاتا ہے جو کہ ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے کے ساتھ گلوکوز لیول کو مستحکم رکھنے والے ایک پروٹین کی سطح کم کرتا ہے۔
پروٹین شیک سونے سے قبل پینا
سونے کے لیے بستر پر جانے سے قبل 30 گرام پروٹین پر مبنی شیک پینا توند سے تیزی سے نجات دلاتا ہے، طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ اس عادت کے نتیجے میں نیند کے دوران زیادہ کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے، پروٹین مسلز کی مرمت میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے اور مسلز کا حجم جتنا زیادہ ہوگا، نیند کے دوران کیلوریز اتنی ہی زیادہ جلیں گی۔
سونے سے قبل ورزش مت کریں
ورزش ضرور کریں مگر سونے سے کچھ دیر پہلے ایسا کرنا نیند کا حصول مشکل بناسکتا ہے، ورزش کو صبح یا شام کو کرنے کی کوشش کریں بلکہ صبح زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس سے جسم کو دن بھر کے لیے توانائی ملتی ہے، تاہم اگر کسی وجہ سے صبح ممکن نہ ہو تو بھی سونے سے کم از کم 4 گھنٹے پہلے کرنے کی کوشش کریں۔
کمرے میں اندھیرا کرکے سونا
کمرے میں تاریکی کرکے سونا جسم کے اندر میلاٹونین بننے کے عمل میں معاونت کرتا ہے جو نہ صرف اچھی نیند میں مدد دیتا ہے بلکہ توند کی چربی گھلانے میں مدد دینے والے جز کو بناتا ہے۔
کمرے کو کچھ ٹھنڈا رکھیں
یہ نہیں کہ سرد موسم میں بغیر کمبل کے سو جائیں مگر کھڑکی کھلی رکھ کر کمرے کو کچھ ٹھنڈا کرنا توند کی چربی گھلانے میں مدد دیتا ہے جو جسم خود کو گرم رکھنے کے لیے جلاتا ہے۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنےآئی کہ جو لوگ کچھ ٹھنڈے کمرے میں سوتے ہیں وہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ کیلوریز نیند کے دوران جلاتے ہیں۔