بیماری میں کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں

3,462

موسم کے صحت پر اثرات تو مرتب ہوتے ہی ہیں لیکن ان کو شدید بنانے میں عموماًان غذاؤں کا کردار بھی ہوتا ہے جو آپ اس وقت کھاتے ہیں ۔ طبیعت کی ناسازی میں کونسی غذا آپ کے لیے بہتر ہے اور کونسی غذا نہیں اس کا دارومدارمرض کی نوعیت پر ہوتا ہے۔ ماہرین مختلف امراض میں مختلف غذائیں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

۱۔ ڈائریا :

پیٹ کے وائرس یا ناقص غذا کھانے کی وجہ سے ہونے والے ڈائریا میں ہلکی غذا کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ ڈائریا کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں ۔ اگر یہ علامات ایک ہفتے سے زیادہ رہیں یا ڈائریا کے ساتھ بخار، شدید درد اور الٹی یا متلی ہو تو ڈاکٹر کو فوری طور پر دکھایا جائے۔

یہ غذا لیں:

نرم غذا کیلا ، چاول ، سیب کا مربہ اور ٹوسٹ اس کے علاوہ جئی کا دلیہ، ابلے ہوئے آلو اور بیک کی ہوئی چکن لی جاسکتی ہے۔

یہ غذا نہ لیں:

جن چیزوں میں چینی کے بجائے سکرین شامل ہو نہ کھائیں مصنوعی مٹھاس آسانی سے ہضم نہیں ہوتی اور ڈائریا کو بڑھادیتی ہے ۔ اس کے علاوہ پیٹ کو پھلانے اور گیس بنانے والی چیزیں پیاز، سیب، بروکولی ، بندگوبھی اور پھلیاں نہ کھائیں۔ مکھن اور دودھ کا استعمال بھی ڈائریا میں صحیح نہیں ہے۔

۲۔ قبض:

غذا میں فائبر والا اناج ، سبزیاں اور پھل کی کمی قبض کا باعث بنتی ہے۔ روزانہ ۲۵ سے ۳۰ گرام فائبر ہمارے لیے ضروری ہے۔

یہ غذا لیں:

اناج سے بنے آٹے کی روٹی جس سے بھوسی الگ نہ کی گئی ہو ۔اسکے علاوہ میوے ، پھلیاں ، جئی کا دلیہ، بروکولی ، امرود اور سیب اور چھ سے آٹھ گلاس پانی پئیں۔

یہ غذا نہ لیں:

چاکلیٹ، ڈیری پروڈکٹس ، آئرن سپلیمنٹ ، درد اور ڈپریشن کی دوا قبض کو شدید بناسکتی ہیں۔

۳۔ متلی:

متلی محسوس ہو تو کچھ بھی کھانے کا دل نہیں چاہتا لیکن بعض غذائیں معدے کی تیزابیت کو دور کرنے کے کے سکون بخشتی ہے۔ اس کے علاوہ غذا تھوڑی مقدار میں لیں۔

یہ غذا لیں:

کھارے بسکٹ ، ٹوسٹ یا سیریل ، لیموں یا ادرک کی چائے ۔ لیموں اور پودینے کا استعمال بھی مفید ہے ۔

یہ غذا نہ لیں:

چکنی ، مرچوں والی ، تلی ہوئی چیزیں کیفین اور سوفٹ ڈرنکس متلی میں نقصان دہ ہیں۔

۴۔ گلے کی تکلیف میں:

گلے کی خراش میں بہت سی غذائیں گلے کو آرام پہنچاتی ہیں۔

یہ غذا لیں:

پودینے کی چائے (نیم گرم) میں شہد شامل کر کے پئیں ۔ نرم غذائیں یعنی کریم سوپ ، ابلے ہوئے آلو میش کر کے، تلا ہوا انڈا اور کسٹرڈ گلے کی تکلیف میں سکون دیتے ہیں۔

یہ غذا نہ لیں:

تیز گرم مشروب اور سخت غذا یعنی چپس ، میوے اور دانے دار چیزیں نہ کھائیں ۔ پھل اور سبزیوں کے ایسڈک جوس ، کینو اور انگور کا جوس اور لیموں کا شربت نہ پئیں ۔ ان سے تکلیف میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

۵۔نزلہ:

نزلے میں سب سے زیادہ برا ناک کا بہنا ہے۔ ا س میں گرم شاور لینا اور گرم چیزیں پینا فائدہ مند ہیں اس سے ناک بہنا بند تو نہیں ہوتی لیکن اس کیفیت میں آرام ضرور ملتا ہے۔

یہ غذا لیں:

ادرک میں اینٹی اوکسی ڈنٹ خصوصیات ہیں جس سے نزلہ جلد ی ٹھیک ہوتا ہے ۔ ادرک کی چائے ، سیب کا سرکہ یا لیموں گرم پانی میں ملا کر پئیں۔

یہ غذا نہ لیں:

چٹ پٹی چیزیں نزلے کو بڑھا کر سینے کی جکڑن میں تبدیل کردیتی ہے۔

۶۔ فلو:

فلو کی وجہ سے ناک بند ہونا عام شکایت ہے ۔ اس طرح سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس کے لیے اسٹیم لی جائے ۔ اگر ناک بلغم کی وجہ سے بند ہے تو اس کے لیے کچھ غذائیں فائدہ مند ہیں۔

یہ غذا لیں:

دو کپ دودھ میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں ۔ ۵ سے ۱۰ منٹ پکانے کے بعد شہد شامل کر کے پی لیں۔

یہ غذا نہ لیں:

ڈیری پروڈکٹس ، چٹ پٹے کھانے اور ایسی اشیاء جس میں چینی کی وافر مقدار ہو۔

 مزید جانئے :خاص ایام میں ان باتوں کاخاص خیال رکھیں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...