وزن کم کرنا ہے تو کریلے کا جوس پئیں

4,456

اگر یہ کہا جائے کہ کریلا ذائقے کے اعتبار سے کڑوا مگر تاثیر کے لحاظ سے میٹھا ہوتا ہے تو غلط نہ ہو گا ۔ کریلا موسم گرما کی سبزی ہے جس میں وٹامن بی اور سی کے علاوہ فولاد ،کیلشیم ،فاسفورس،کیروٹین اور سیکنڈ کلاس پروٹین پائے جاتے ہیں ۔
کریلا چاہے سبزی کے طور پر کھا یا جائے یا پھر اس کا رس نکال کر پیا جائے یہ خون میں موجود مضر اجزاء کو خارج کرتا ہے۔ وہ افراد جن کو قبض کی شکایت رہتی ہے، ان کا وزن تیزی سے بڑھتا ہے اور چربی بھی جمع ہو جاتی ہے ایسے لوگوں کو کریلے کے رس کا استعمال ضرور کرنا چاہئے ۔

کریلے میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے کیلوری فری سبزی بھی کہا جاتا ہے اور اس کا استعمال بالکل اسی طرح کیا جا سکتا ہے۔ جس طرح ہم کھیرا یا سلاد کا استعمال کرتے ہیں ۔

کریلے کا جوس بنانے کی ترکیب

کریلا۔ایک عدد
سیب ۔ایک عدد
کھیرا ۔ایک عدد
سیلری ۔دو سے تین ڈنڈیاں
لیموں کا عرق۔ایک چمچ
نمک۔آدھا چائے کا چمچ
کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ
شہد۔ایک چمچ
تمام سبزیوں کو دھولیں ،کریلے کے چھلکے ہلکے سے کھرچ لیں۔بلینڈر میںتمام سبزیاں ڈال کر بلینڈ کر لیں اور جوس کو چھان لیں۔ اب اس میں نمک ،کالی مرچ اور شہد ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں ، کریلے کا جوس تیار ہے ۔
اس جوس کو دو گھنٹے تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ورنہ کریلے کی کڑواہٹ مزید بڑھ جائے گی اور اس کی تاثیر بھی کم ہو جائے گی۔

کریلے کا جوس کیسے وزن کم کرتا ہے؟

۱۔کریلے میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو نہ صرف خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھتے ہیں بلکہ زائد شوگر کو خون میں شامل ہونے سے بھی روکتے ہیں ۔کریلے میں موجود بیٹا سیل انسولین کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں ۔جس سے خون میں شوگر کی سطح خود بخود کنٹرول ہونے لگتی ہے۔ نتیجے میں بڑھتا ہوا وزن بھی کم ہونے لگتا ہے .
۲۔ کئی سبزیاں ایسی ہوتی ہیں جنھیں (ڈائٹ فرینڈ لی)بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ ان سبزیوں میں موجود کیلوریز کی کم مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہم ان سبزیوں کا استعمال بلا کسی خوف اور جھجھک کر سکتے ہیں ۔کریلے کے جوس کے ایک کپ میں ۱۶ کیلوریز ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اسے وزن کم کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
۳۔ کریلے میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے کیلوری فری سبزی بھی کہا جاتا ہے اور اس کا استعمال بالکل اسی طرح کیا جا سکتا ہے۔ جس طرح ہم کھیرا یا سلاد کا استعمال کرتے ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی میں ڈائٹری فائبر کی مقدار بھی پائی جاتی ہے جس سے پورے دن میں بھوک کم لگتی ہے اور پیٹ بھی بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے ۔
۴۔جب ہم وزن کم کرنے کے لئے ڈائٹنگ کرتے ہیں تو ہمارے جسم میں ضروری نیوٹرنٹ کی کمی ہو جاتی ہے۔ لیکن ڈائٹنگ کے دوران کریلے کے جوس کا استعمال کرنے سے دن بھر کے لئے ضروری نیوٹرنٹ جیسے (وٹامن سی ستر فیصد اور وٹامن اے نو فیصد )جو دن بھر کیلئے کافی ہوتے ہیں۔ آسانی سے حاصل ہو جاتے ہیں ،چونکہ کریلا سوڈیم فری ہوتا ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ اس کے رس کے استعمال کے ساتھ ایسے اجزاء استعمال نہ کئے جائیں جن میں کیلوریز اور سوڈیم پایا جاتا ہو۔

چند ضروری ہدایات

۱۔ کریلے کی تاثیر چونکہ سرد ہوتی ہے۔ اس لئے کریلے کے رس کا استعمال ان لوگوں کے لئے موزوں نہیں جن کا سینہ کمزور ہو اور جنھیں بلغم بننے کی شکایت رہتی ہو۔
۲۔ اگر کریلے کی کڑواہٹ سے کسی کو الرجی ہو یا جوس پینے میں مشکل ہو تو کریلے کا رس بناتے وقت کم مقدار میں تربوز شامل کیا جا سکتا ہے۔ مگر بہت میٹھے پھل (کیلا ،آم ،چیکو یا کھجور )شامل کرنے سے اس کے رس کی افادیت ضائع ہو جاتی ہے
۳۔ کریلا ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے مگر برسات کے موسم میں اس کا استعمال زیادہ فائدہ دیتا ہے ۔
۴۔کریلے کا جوس دن کے اوقات میں استعمال کرنا چاہئے ۔ویسے تو کریلا بھوک کھولتا ہے لیکن کھانا کھانے سے پہلے کریلے کا جوس استعمال کر لیا جائے تو بھوک کم لگتی ہے ۔
۵۔کریلے کے رس کا زیادہ اور فوری فوری استعمال نظام ہاضمہ کو متاثر کر سکتا ہے ۔اس لئے زیادہ سے زیادہ دن میں تین دفعہ اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے اور ایک تہائی یا آدھا کپ کریلے کے جوس کی مقدار پورے دن کے لئے کافی ہوتی ہے ۔
۶۔وہ افراد جو ورزش اور ڈائٹنگ کر کے تھک گئے ہوں اور ان کا وزن کم نہ ہو رہا ہو ان کیلئے کریلے کا جوس فوری مثبت نتائج دیتا ہے ۔لیکن اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ آپ چاول ،جنک فوڈ ، چکنائی والی اور مرغن غذائیں کھاتے رہیں اور ورزش کرنا چھوڑ دیں ۔
۷۔ کریلے کا جوس پینے کے بعد کم سے کم تین گھنٹے تک نہیں سونا چاہئے ۔
۸۔ وہ افراد جن کا ہاضمہ خراب ہو جنھیں آئرن ، کڑوی دوا یا مرچ مصالحوں سے دستوں کی شکایت ہو جاتی ہو،انھیں کریلے کے رس کا استعمال دن میں ایک سے دو دفعہ ہی کرنا چاہئے ۔
۹۔کریلے کے رس کے استعمال کے ساتھ گرین ٹی یا عام چائے اور کافی کا استعمال نہیں کرنا چاہئے ۔

مزید جانئے: سونے سے پہلے 8کام کریں اور وزن کم کریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...