گھر بیٹھے بال لمبے اور چمکدار بنانے کے 10 طریقے

5,252

آج کل جہاں افراتفریح کا عالم ہے اور ہر شخص فوری نتیجہ چاہتا ہے۔ وہیں مہنگے مہنگے پارلر اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بالوں کے معمولی ٹریٹمنٹ کی مٹھی بھر پیسے وصول کر رہے ہیں۔ لیکن اگر آپ اپنے بالوں کو مضبوط اور چمک دار بنانا چاہتے ہیں تو گھرمیں ہی ہیئر سیرم اور اسپرے بنا کر اپنے بالوں کی چمک میں اضافہ کر سکتے ہیں ۔

آسان اور کارآدمد نسخے

۱۔ اورنج ہئیر اسپرے اور شیمپو

ایک کینو کا عرق نکال لیں اور اس میں حسب ضرورت پانی (بہت زیادہ مقدار میں نہیں ہونا چاہئے ) ،پانچ قطرے شہد اور پانچ قطرے عرق صندل ملا کر اچھی طرح مکس کرلیں اور یہ آمیزہ بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد اچھی طرح لگائیں۔

پندرہ منٹ بعد پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں۔ بال چمک دار ہو جائیں گے اور ان میں بھینی بھینی خوشبو آنے لگے گی۔ یہ عمل کم از کم ہفتہ میں ایک دفعہ ضرور کریں ۔
کسی تقریب میں جانے سے پہلے بالوں کو دھونے کے بعد صرف کینو کا عرق اور عرق صندل پانی میں ملا کر بالوں پر اسپرے کریں تو بالوں میں چمک آ جاتی ہے ۔
بالوں میں چمک بڑھانے کے لئے سنگترے کے چھلکے بڑی اہم شے ہیں۔ انھیں بے کار سمجھ کر پھینکنا نہیں چاہئے۔ تازہ سنگترے کے چھلکے لے کر انھیں پیس لیں۔

ان میں آدھی مقدار کے برابر پسا ہوا ریٹھا شامل کردیں۔ دونوں کو پانی میں ایک گھنٹہ تک ابال لیں۔ سر دھونے کے لئے صابن کی جگہ اس مرکب کا استعمال کریں۔ اس سے سر کے بال بہت مضبوط اور چمک دار ہو جائیں گے۔

۲۔ٹی بیگ

چائے بنانے کے بعد کیتلی میں بچ جانے والی پتی یا ٹی بیگ میں دو گلاس پانی ڈال کر بوائل کرلیں اور اس میں ایک لیموں کا رس نچوڑ لیں۔ پھر اس پانی سے بال دھولیں۔ اس سے بالوں میں چمک آجائے گی ۔

۳۔ مایونیز ہیئر پیک

مایونیز میں انڈے کی زردی،تیل اور سرکہ شامل ہوتا ہے جو بالوں کی چمک اور گھنے پن میں اضافہ کرتا ہے ۔

ہفتہ میں دو دفعہ نہانے سے قبل ایک گھنٹہ مایونیز بالوں میں ضرور لگائیں اور بال دھونے کے لئے شیمپو میں لیموں ملا لیں ۔ اس طرح بال چمک دار نظر آئیں گے ۔

۴۔ سرکہ

کوشش کریں کہ جب بھی بال دھوئیں تو سر میں تیل ضرور لگا ہوا ہو۔ کیوں کہ شیمپو کا زیادہ استعمال بالوں کی چمک کم کر دیتا ہے۔ لہذا بال دھونے سے آدھا گھنٹہ قبل کوئی بھی تیل بالوں میں ضرور لگائیں ۔
ہفتہ میں دو دفعہ سرکہ کا استعمال بالوں کی چمک میں اضافہ کرتا ہے ۔

جب بالوں کو شیمپو کریں تو آخری مگ پانی میں ایک چمچ سرکہ اور آدھا لیموں کا رس شامل کرلیں اور اس پانی کو آہستہ آہستہ بالوں پر ڈالیں ۔ پھر بالوں کو خود ہی خشک ہو نے دیں سرکہ اور لیموں کا پانی بالوں میں چمک لاتا ہے

۵۔کڑی پتا

کڑی پتا نہ صرف کھانے کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ بالوں کی چمک میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔ ایک کپ ناریل کے تیل میں مٹھی بھر کے کڑی پتے ڈال کر اچھی طرح پکائیں یہاں تک کہ پتوں کا رنگ تبدیل ہو جائے ۔

اب اس تیل تو ٹھنڈا کر بوتل میں ڈال لیں ۔نہانے سے آدھا گھنٹہ قبل بالوں میں اس تیل کا مساج کریں اور سر دھو لیں ۔ بالوں کی چمک دیر تک قائم رہے گی ۔

۶۔فروٹ ماسک

ہمارے بال ہماری جلد کی طرح حسا س ہوتے ہیں جس طرح ہم پھلوں کا رس چہرے پر لگاتے ہیں اور من پسند نتائج حاصل کرتے ہیں۔

اسی طرح پھلوں کا گودا اور رس بالوں کی چمک اور رونق میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔ بالوں کے لئے ایواکاڈو اور کیلا نہایت مفید ہوتا ہے ۔

دونوں پھلوں کے گودے کو بالوں میں لگائیں اور آدھا گھنٹہ بعد نیم گرم پانی سے بال دھولیں ،بال سلجھے اور چمک دار نظر آئیں گے ۔

۷۔دہی

آدھا پاؤ دہی میں دس پسی ہوئی سیاہ مرچ اور ایک لیموں نچوڑ کر ملائیں اسے بالوں پر لگائیں اور بیس منٹ رہنے دیں اس کے بعد سر دھولیں اس سے بال نرم ملائم سیاہ اور چمک دار ہو جائیں گے ۔

کیلشیم بالوں کی چمک میں اضافہ کر بالوں کی وولیم میں اضافہ کرتا ہے۔ اس لئے کئی لوگ اپنے بالوں کو دودھ سے بھی دھوتے ہیں ۔ دہی اور دودھ کے علاوہ کوکونٹ ملک یا کریم کا لیپ کرنے سے بھی بال مضبوط اور چمک دار ہو جاتے ہیں

۸۔ ایلوویرا اور میتھی دانہ کا ہیئر پیک

ایلو ویرا بالوں کو ہر طرح سے فائدہ دیتا ہے چاہے بالوں کی نشونما کا مسئلہ ہو یا سر کی خشکی کا ،ایلو ویرا کا استعمال بالوں کی مجموعی صحت میں اضافہ کرتا ہے ۔
ایک کپ ایلو ویرا جیل میں ایک چوتھائی کپ کیسٹر آئی اور ایک چوتھائی کپ میتھی دانہ کا پائوڈر ملا لیں اور سر دھونے سے ایک گھنٹہ قبل بالوں پر لگائیں ،بال ملائم اور چمک دار ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

میتھی دانہ بہترین اینٹی آکسیڈنٹ اور موائسچرائزنگ خصوصیات رکھتا ہے جو کھر درے اور بے جان بالوں کی رونق بحال کرتا ہے اسلئے میتھی دانہ کا پانی بھی سر دھونے کے لئے مفید ہوتا ہے ۔

۹۔کافی

وہ لوگ جو بالوں کے روکھے پن کی شکایت کرتے ہیں انھیں کافی سے بال دھونا چاہئے ۔ بالوں کو شیمپو سے دھونے کے بعد دو کپ بلیک کافی سے بال کھنگالنے سے بالوں میں سے مہک بھی آتی ہے اور بالوں کی چمک میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔

۱۰۔ لوکی کا رس

لوکی بالوں کی چمک میں اضافہ کرتی ہے۔ لوکی کو باریک کاٹ کر پانی میں ابال لیں یہاں تک کہ لوکی اچھی طرح گل جائے۔

اب اس پانی میں ہی لوکی کو مسل کر پیسٹ بنالیں اور بالوں میں لگائیں ۔ہفتہ میں ایک دفعہ لوکی کا پیسٹ لگانے سے بال چمک دار اور ملائم ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

مزید جانئے: چھائیوں کی وجوہات اورعلاج

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...