نکسیر کے بارے میں پانچ ضروری معلومات
نکسیر پھوٹنا یاناک سے خون بغیرکسی وجہ کے بھی آسکتاہے۔کسی وقت آپ بالکل ٹھیک بیٹھے ہوں اوراگلے ہی لمحے آپ کوناک سے بہنے والاخون صاف کرنے کے لئے ٹشوکی ضرورت پڑسکتی ہے۔ہرانسان کی ناک میں خون کی وریدیں ہوتی ہیں جوکسی بھی وقت بریک ہونے کے باعث خون کے بہاؤ کاذریعہ بن سکتی ہیں۔
ناک سے خون بہنایا نکسیر کا پھوٹنا ایک عام مسئلہ ہے جو سرد موسم میں آب وہوا کے باعث ناک کی اندرونی اسکن خشک ہونے کے سبب ہوتا ہے۔اس میں کھنچاؤ کی وجہ سے جھلیاں کمزور ہوجاتی ہیں جس کے باعث خون بہنا شروع ہوجاتاہے۔یہ کوئی بڑامسئلہ نہیں ہے بس آپ کویہ پتہ ہونا چاہئے کہ اس صورتحال سے آپ کوکیسے نمٹنا ہے اوراس میں کس طرح کی میڈیکل سہولیات کا استعمال کرنا ہے۔
نکسیرپھوٹنے کے خطرات کس کوہوتے ہیں؟
کچھ افراد میں یہ مسئلہ کبھی کبھی اوربعض میں یہ ساری زندگی رہتاہے۔یہ کسی بھی وقت اورکسی بھی عمرمیں ہوسکتاہے۔بچوں میںیہ۲سے۱۰ سال اوربڑوں میں۵۰ سے ۸۰ سال میں زیادہ عام ہے۔
نکسیرکی اقسام
اس کی دواقسام ہیں:
۱۔پوسٹیریر
اس طرح کی نکسیرکی وجہ ناک کی گہرائیوں میں موجود خون کی بڑی وریدیں ہوتی ہیں۔اس صورتحال میں طبی امداد کی ضرورت پیش آتی ہے کیونکہ اس ٹائپ میں خون کوروکنامشکل ہوجاتاہے۔
۲۔اینٹیریر
یہ ناک کے فرنٹ حصے پرموجود چھوٹی وریدوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔اس طرح کی نکسیر میں خود سے علاج کیاجاسکتاہے۔مجموعی طورپرانٹیریر نکسیر پوسٹیریر کے مقابلے میں زیادہ عام ہے۔
نکسیرپھوٹنے کی وجوہات
۱۔خشک ہواکے باعث ناک کااندرونی حصہ خشک ہوجاتاہے۔یہ خطرناک نہیں ہوتالیکن ناک کی اندرونی تہہ کوچھیل یاشگاف ڈال سکتاہے جس کے باعث خون کااخراج شروع ہوجاتاہے۔
۲۔الرجی ،انفیکشن اورسردی کے عام وائرس بھی ناک کی جھلی کونقصان پہنچاتے ہیں۔
۳۔کسی حادثہ اورلڑائی (پنچ لگنے کی صورت)کے سبب بھی ناک سے خون آسکتاہے۔
۴۔بچے اگرناک میں کچھ ڈال لیں اوراسے نکالنے کی کوشش میں بھی ایساہوسکتاہے۔
۵۔ادویات سے الرجی کی صورت میں بھی ناک سے خون آسکتاہے۔
۶۔خون کی کمی یاخرابی ،جینیاتی مسائل اورکینسربھی اس کی وجہ ہوسکتاہے۔
۷۔اسپرین اوردیگراینٹی سوزش ادویات کے استعمال سے خون پتلاہونے کے سبب ناک سے خون آسکتاہے۔
خون کو بہنے سے روکا کیسے جائے؟
چندآسان اقدامات کی مدد سے آپ ناک سے بہنے والے خون کوروک سکتے ہیں۔
۱۔سب سے پہلے تمام کام چھوڑکرپرسکون ہوکربیٹھ جائیں۔
۲۔سرکوآگے کی طرف جھکائیں پیچھے کی طرف نہ جھکائیں ورنہ خون حلق میں جاسکتاہے۔
۳۔انگوٹھے اورانڈیکس فنگرکی مدد سے ناک کے نچلے حصے کوہلکے سے دبائیں۔
۴۔پانچ منٹ تک ناک کوہلکے سے دباکررکھیں اگرخون بہنابند ہوجائے تو دوبارہ پانچ سے دس منٹ کے لئے آہستہ سے پکڑ کررکھیں۔
۵۔جب خون بندہ وجائے تو ڈاکٹرکے مشورے کے مطابق خون کی وریدوں کی حفاظت کے لئے ناک میں اسپر ے کریں۔ہائی بلڈ پریشراوردیگردائمی بیماریوں کے مریض اسطرح کی ادویات استعمال نہیں کرسکتے کیونکہ اس سے خون کے دباؤ میں اضافہ ہوسکتاہے۔
نکسیر پھوٹنے سے کس طرح بچا جاسکتا ہے؟
۱۔سردیوں کے خشک موسم میںناک کی جھلی کونم رکھنے کے لئے رات کواسپرے کااستعمال کریں۔
۲۔ناک کے اندرپیٹرولیم جیلی کااستعمال ہرگزنہ کریںناک کے ذریعے یہ پھیپھڑوں تک جاسکتی ہے جس کے باعث سوزش کی شکایت ہوسکتی ہے۔
۳۔اس کے لئے اپنے ڈاکٹرسے اینٹی بائیوٹک آئنمنٹ کانسخہ لکھوائیں اوراس کااستعمال کریں۔
۴۔ناک ،کان اورحلق کے ڈاکٹربچوں کے ناخن کاٹنے کابھی مشورہ دیتے ہیں تاکہ بچوں کے ناخن ان کی ناک میں نہ لگیں۔
۵۔اسموکنگ ترک کردیں اس سے ناک میں سوزش پیداہوتی ہے اورنکسیرکی شکایت ہوسکتی ہے۔
۶۔اگرناک سے متواترتیس منٹ تک خون بہتارہے تو ایسی صورت میں فوراً ڈاکٹرسے رجوع کریں۔
مزید جانئے: نکسیر سے بچاؤ اور علاج