ملازمت پیشہ خواتین کا روٹین کیا ہونا چاہئے

1,943

اکثر خواتین کو یہ مسئلہ درپیش ہوتا ہے کہ وہ اپنا روٹین کس طرح بنائیں ۔انھیں مجموعی طور پر 12گھنٹے کام کرنا ہوتا ہے جس میں انھیں اپنے شوہر کو بھی وقت دینا ہوتا ہے چھوٹے بچے کی ذمہ داری بھی اٹھانی ہوتی ہے اور اگروہ اسکول جانا شروع کردے تو اس کے لئے بھی ٹائم نکالنا پڑتا ہے۔
آپ بھی ان تمام باتوں کو اپنے روٹین میں شامل کرکے ہر ایک کو وقت دے سکتی ہیں ۔

چیزوں کو ہمیشہ ترتیب میں رکھیں:

جب چیزیں اپنی جگہ پر ہونگی تو روزانہ ان کے استعمال میں کم سے کم وقت لگے گا۔اپنے کچن، کپڑوں کی الماری اور باقی گھر کی ہر چیز کو ترتیب سے رکھیں ۔اس کو ترتیب دینے میں تو وقت لگے گا لیکن جب ہر چیز اپنی جگہ پر ہوگی تو آپ کا کافی وقت بچے گا۔
مثال کے طور پر کچن میں موجود ڈبوں پر ان میں موجود چیز کا نام لکھ کر لگا دیں یا ان کے لئے ٹرانسپیرنٹ ڈبے استعمال کریں تاکہ کوئی چیز ڈھونڈنا نہ پڑے۔کپڑوں کی الماری کو بھی اس طرح ترتیب دیں کہ آپ کو صبح کے وقت اس میں کچھ ڈھونڈنا نہ پڑے۔ہر سوٹ کو موقع کے لحاظ سے اس کے خانے میں رکھیں۔تاکہ صبح کو پہننے والے کپڑے آسانی سے نکال سکیں۔


مزید جانئے :ایک خاندان کے طور پر زندگی گزارنے کے 10 اُصول

 

ویک اینڈ پر کھانا پکالیں :

زیادہ تر دفاتر میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ہوتی ہے۔ان دو دنوں میں آپ گھر کے بہت سے کام نمٹا سکتی ہیں دو دن کی چھٹی میں دو تین طرح کے سالن اور کباب بناکر رکھ لیں یا تلنے والی چیزوں پر مصالحہ لگا کر فریز کرلیں ۔اس طرح کام کے دنوں میں آپ کو صرف روٹی یا چاول پکانا پڑیں گے ۔اس سے آپ کا کافی وقت بچ جائے گا ۔

صبح جلدی اٹھیں :

آٹھ گھنٹے کی نوکری کے علاوہ 2سے 3گھنٹے گھر پر بھی کام کرنا ہوتا ہے اور یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب آپ آفس جانے سے کئی گھنٹے پہلے اٹھ جائیں تاکہ تازہ دم رہتے ہوئے گھر کے زیادہ تر کام نمٹا سکیں اورواپس آکر آپ کو زیادہ کام نہ کرنا پڑے ۔صبح جلدی اٹھنے کے لئے رات کو جلدی سوئیں تاکہ اپنی نیند پوری کرسکیں۔اور اگر کام کے دنوں میں آپ کی نیند پوری نہیں بھی ہو رہی تو ویک اینڈ پر راتوں کودیر تک جاگ کر ٹی وی دیکھنے کے بجائے جلدی سو جائیں ۔

اپنے بچوں کو وقت دیں :

اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت بچوں کو بھی دینا ہے اگر بچے بڑے ہیں تو ان سے ان کی پڑھائی کے بارے میں ضرور پوچھیں ،ان کے مسائل سنیں اور حل کریں یہ کام آپ کچن میں کام کرتے ہوئے بھی انجام دے سکتی ہیں ۔اسی طرح چھوٹے بچوں سے بھی کام کے دوران بات چیت کی جاسکتی ہے آپ انھیں اس وقت میں کہانی بھی سنا سکتی ہیں اور بہت سی معلوماتی باتیں بھی بتا سکتی ہیں ۔اس طرح آپ کا بچہ بھی خوش ہوگا اور آپ کو بھی سکون ملے گا ۔


یہ پڑھئے : دھوپ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کا بہترین ذریعہ

شوہر کو بھی گھر کے کاموں میں شامل کریں :

شوہر گھر پر ہوتو اسے بھی گھر کے کاموں میں شامل کریں ۔وہ آپ کے ساتھ مل کر صفائی،کھانا پکانے اور بچوں کو سنبھالنے میں آپ کو مدد دے سکتا ہے۔جب دونوں مل کر کام کریں گے تو اس طرح آپ کے بہت سے کام آسان ہو جائیں گے اور جلدی نمٹ جائیں گے۔

ویک اینڈ پر ساری خریداری کرلیں :

ہفتے بھر گھر میں استعمال ہونے والا سامان ویک اینڈپر خرید لیں ۔تاکہ روزانہ بازار نہ جانا پڑے اور ضرورت کی ہر چیز گھر پر موجودہو۔خریداری کے لئے جانے سے پہلے فہرست تیار کریں اس طرح خریداری میں وقت کی کافی بچت ہو جائے گی۔

ورزش کریں:

اکثر لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ہفتے بھر اتنی محنت کرکے وہ اتنا تھک جاتے ہیں کہ انھیں ورزش کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی یا کچھ لوگ وقت کی کمی کی وجہ سے بھی ورزش نہیں کرتے ۔لیکن اگر آپ ورزش کو اپنے روٹین میں شامل کریں گی تو یہ ناصرف آپ کو صحت مند اور خوش وخرم رکھے گی بلکہ آپ کو اتنی توانائی بھی فراہم کرے گی جس کی مدد سے آپ اپنا تمام کام آسانی کے ساتھ انجام دے سکیں گی۔

تفریح کے لئے وقت نکالیں:

دوستوں کے ساتھ ملاقات کا وقت نکالیں ۔ان کے ساتھ تفریحی پروگرام رکھیں اور انجوائے کریں ۔اچھی جگہوں پر گھومنے جائیں ۔اپنی مصروف زندگی میں سے جب ان چیزوں کے لئے وقت نکالیں گی تو آپ کی طبیعت میں خوشگواری آئے گی اور ساتھ ہی کام کرنے کا جذبہ بھی بڑھے گا ۔


اس بارے میں جانئے :مصروف زندگی میں فٹ رہنے کے 8 طریقے


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...