ملازمت پیشہ خواتین ڈائٹ کا خاص خیال رکھیں

3,669

ملازمت پیشہ خواتین میں وزن بڑھنے کی شکایت پوری دنیا میں بڑھتی جارہی ہے ۔ دوران ڈیوٹی چھ سے آٹھ گھنٹے تک مسلسل بیٹھے رہنا ہی دراصل موٹاپے کی ایک بڑی وجہ ہے ۔اگر آپ کہیں ملازمت کرتی ہیں اور آپ کو اپنے وجود کے نامناسب انداز میں پھیلنے کا احساس ہورہا ہے تو یقیناًآپ موٹاپے کی جانب مائل ہورہی ہیں۔ اس لیے بہت ضروری ہے کہ مناسب ورزش اور کیلوریز کا استعمال کریں۔ اکثر ملازمت کی نوعیت ایسی ہوتی ہے کہ ہم ایک لمحے کے لیے بھی اپنی جگہ سے اْٹھ نہیں پاتے۔کام کی زیادتی کی وجہ سے جہاں جسم سے کیلوریز ختم ہوتی ہیں وہیں ایک جگہ مسلسل بیٹھنے سے یہ کیلوریز جسم میں دوبارہ جمع ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ نامناسب اور غیر متوازن غذا کا استعمال بھی وزن میں تیزی سے اضافے کا باعث بنتا ہے۔ کام کے اوقات میں اکثر خواتین کھانے کو نظرانداز کر دیتی ہیں اور وقتی طور پر بھوک ختم کرنے کے لیے پیزا،برگر،سموسے رول اور اس جیسی دوسری کیلوریز سے بھرپور غذا کا استعمال کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ کولڈرنک کا استعمال بھی موٹاپے کا باعث بنتا ہے۔ اس لیے ڈائٹ پر دھیان دینا بہت ضروری ہے۔ کوشش کریں کہ کھانے کے لیے کم از کم آدھے گھنٹے کا بریک ضرور لیں اور متوازن غذا کا استعمال کریں ۔سوفٹ ڈرنکس کا استعمال بالکل ترک کردیں ۔ساتھ ہی ایسے مشروبات بھی جن میں کیفین پائی جاتی ہے، کیونکہ ان کا استعمال اگرچہ آپ کو وقتی طور پر انرجی فراہم کرتا ہے، لیکن دوسری طرف وزن میں بھی اضافے کا باعث بنتا ہے۔

اکثر ملازمت پیشہ خواتین خاندان پر توجہ اور ان کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے خود اپنا خیال رکھنا بھول جاتی ہے، خاص طور پر کھانے پینے کے معاملے میں تو وہ بالکل ہی لاپروا ہوجاتی ہیں ۔حالانکہ ان کے لیے اپنی ڈائٹ پر توجہ دینا اور اس کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے ۔ خوراک کے معاملے میں ان کی یہ لاپروائی ان کی صحت کے لیے نقصان کا سبب بن سکتی ہے اور آج نہیں تو کل ا نہیں اس کا خمیازہ خرابی صحت کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے ۔ ڈائٹ پر توجہ دے کر نہ صرف آپ اپنی صحت کو برقرار رکھ سکتی ہیں بلکہ مستقبل میں بھی کسی قسم کے طبی مسئلے سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔اس لیے ضروری ہے کہ آپ مناسب خوراک کے طور طریقوں کو اپنائیں یہاں ہم ملازمت پیشہ خواتین کی خوراک سے متعلق کچھ اہم تجاویز دے رہے ہیں ۔

پلاننگ کریں :

آپ بہت مصروف رہتی ہیں ۔ جس کی وجہ سے کبھی کبھی کچھ چیزیں چھوٹ بھی جاتی ہیں۔جبکہ ایسا ہونا نہیں چاہئے ، اس کے لئے آپ ایسی پلاننگ کریں جس میں ناشتے، دوپہر کے کھانے اور ڈنرکے لیے آپ کے پاس وقت ہو۔اور اس میں سے کوئی چیز بھی مس نہ ہو۔خاص طور پر ناشتہ ۔ صبح گھر کے کام کاج نمٹاکر آفس جانے کی جلدی میں صبح کا ناشتہ کرنا بالکل نہ بھولیں. یہ آپ کی ڈائٹ کا سب سے اہم حصہ ہے۔

پانی خوب پئیں :

کام میں بھلے ہی کتنا ہی مصروف ہوں، پیاس لگنے پر لاپروائی نہ کریں اور خوب پانی پئیں۔ دن بھر میں کم از کم آٹھ سے دس گلاس پانی ضرور پئیں۔

اسنیک ٹائم :

آفس میں کام کرتے ہوئے بھوک لگنا فطری بات ہے. ایسے میں زیادہ کیلوری والا کھانا لینے سے بچیں اور اپنے دراز میں کچھ نمکین بسکٹ ہمیشہ رکھیں، جنہیں آپ ہر دو سے تین گھنٹے میں تھوڑی مقدار میں کھاسکیں ۔.

مزید جانئے :گٹھیا کے مریضوں کے لیے6آسان ورزشیں

پھل ضروری ہیں :

گھر سے نکلتے وقت، کوئی پھل اپنے ہینڈ بیگ میں ڈال لیں، جسے آپ وقت ملنے پر یا بھوک لگنے پر کھا سکیں۔ موسمی پھل توانائی فراہم کرنے کے ساتھ بھوک بھی کم کرتے ہیں اور وہ بھی بغیر کیلوری کے۔

ہربل چائے :

دفتر میں کام کی زیادتی کے دوران چائے یا کافی کی ضرورت محسوس ہونا عام بات ہے، لیکن چائے یا کافی کے بجائے گرین ٹی یا ہربل چائے پینے کی عادت ڈالیں، یہ صحت کے لیے انتہائی مفید ہے ۔

ڈنرپر توجہ دیں :

رات کے کھانے کے لئے ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ اس میں سبزی شامل ہو۔ کوشش کریں کہ ڈنر میں ہلکا پھلکا ہی کھانا کھائیں ۔

دودھ پئیں :

کیلشیم اور پروٹین کے حصول کے لئے دودھ پینا شروع کریں.صبح گھر سے نکلنے کے وقت یا پھر رات کے وقت دودھ ضرور پئیں.

خشک میوے :

باہر کی تلی ہوئی چیزوں کے برعکس خشک میووں کو ترجیح دیں ۔ انہیں ہمیشہ اپنے پرس میں رکھیں۔

ملازمت پیشہ خواتین زیادہ خوش رہتی ہیں ، تحقیق

ملازمت پیشہ خواتین دوسری خواتین کی نسبت زیادہ خوش و خرم اور صحت مند زندگی گزارتی ہیں۔یہ پتہ چلا ہے امریکا میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین گھریلو خواتین سے زیادہ صحت مند اورخوش رہتی ہیں۔ امریکی محققین نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں گھریلو اور ملازمت پیشہ خواتین پر سروے کیا جس کے نتائج سے واضح ہوا کہ 32 گھنٹے ہفتہ وار تک کام کرنے والی خواتین زیادہ اچھی مائیں ثابت ہوتی ہیں کیونکہ وہ بچوں کی تعلیم اور تربیت زیادہ احسن طریقے سے سرانجام دیتی ہیں۔ گھر کے علاوہ بیرونی ماحول سے واقفیت کی وجہ سے وہ بچوں کے احساسات زیادہ بہتر طرح سمجھ پاتی ہیں اور ان کی بہترین رہنمائی کرتی ہیں ان خواتین کی نسبت جو اپنا زیادہ وقت گھر پر گزارتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق ملازمت پیشہ خواتین مائیں ڈپریشن اور دیگر الجھنوں سے بچی رہتی ہیں کیونکہ ہر وقت مصروف رہنے کی وجہ سے ان کے ذہن میں منفی سوچیں کم پیدا ہوتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی اورجسمانی طور پر صحت مند اورخوش وخرم رہتی ہیں۔

ملازمت پیشہ خواتین کے لیے ورزش ضروری :

ماہرین صحت نے ملازمت پیشہ خواتین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمت کرنے والی خواتین میں کمردرد کی بیماری عام ہوتی جارہی ہے۔عموما خواتین گھروں میں اپنے معمول کے کام نمٹانے کے بعد ملازمت کے لئے صبح گھر سے نکلتی ہیں اورشام کو گھر لوٹنے کے بعد بھی آرام نہیں کرتیں۔ یہی بے آرامی کئی تکالیف کی وجہ بن جاتی ہے اور خواتین میں کمردردکی تکلیف خطرناک مرض کی صورت اختیار کرلیتی ہے۔ اس لئے کام کے ساتھ ساتھ مناسب آرام اور بیٹھنے کا انداز بھی تبدیل کرنا ضورری ہے۔ ساتھ ہی ورزش یا یوگا بھی کیا جائے تو کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

مزید جانئے :ٹانگوں کی چربی کم کرنے کی 7ورزشیں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...