باہر کا کھانا ، جیب پر بھاری
بلاشبہ باہرکاکھاناصحت کے لئے کتناہی کیوں نہ خطرناک ہو مگرذائقہ کے اعتبارسے لذت سے بھرپورہوتاہے۔یہی وجہ ہے کہ لوگ سب کچھ جانتے بوجھتے بھی باہرکاکھاناکھانے پرمجبورہوتے ہیں۔کھانے کایہ چسکاان کی صحت پرکاری ضرب تو لگاتاہی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ جیب بھی خالی کرجاتاہے۔ایک ہی وقت میں ہزاروں روپے کابل اداکرکے جب لوگ واپس لوٹتے ہیں توان میںسے اکثریہی سوچتے ہیں کہ خرچہ زیادہ ہوگیا ہے اور اندازے سے زیادہ بجٹ لگ گیا اس سے اچھا تھا کہ گھر میں کچھ انتظام کرلیتے ۔
باہرجاکرکھاناکھانےمیں مزہ تو بہت آتاہے لیکن اس شوق کوپوراکرنے کے لئے بڑی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔مالی طورپراس کے بہت سے نقصانات ہوتے ہیں جواس وقت نظرانداز ہوجاتے ہیں لیکن بعد میں یہ مسائل شدت اختیارکرجاتے ہیں۔اس سے گھریلوماحول تو خراب ہوتاہی ہے ساتھ ہی انسان کی ساکھ بھی بری طرح متاثرہوتی ہے۔باہرکھاناکھانے کاشوق ضرورپوراکریں لیکن تب جب آپ اپنی اوراپنے گھروالوں کی تمام ضروریات پوری کرچکے ہوں۔
مزید جانئے :کیا ہوٹلنگ اور ڈائٹنگ ایک ساتھ ممکن ہے؟
بجٹ آؤٹ کی شکایت
باہرجاکرکھاناکھانایقینا سب ہی کوپسند ہوتاہے۔لیکن اس سے ہونے والاسب سے بڑامسئلہ یہی ہوتاہے کہ ماہانہ بجٹ آؤٹ ہوجاتاہے۔ جس کے باعث خاتون خانہ اورگھرکے سربراہ کے لئے گھرکاگزارہ کافی مشکل مرحلے میں داخل ہوجاتاہے۔بہت سی ضروری اشیاء کی عدم دستیابی کے باعث گھرمیں پریشانیاں ڈیرے ڈال لیتی ہیں۔ چند لقموں کی لذت آپ کے پورے مہینے کوڈسٹرب کردیتی ہے۔اوراگرآپ کسی خاص موقع پرباہرکھاناکھانے جاتے ہیں تو گھروالے آنے والے اہم مواقعوں کے لئے بھی امیدلگالیتے ہیں جوبجٹ آؤٹ ہونے کی وجہ سے پوری نہ ہونے کے باعث مایوسی کاسامناکرناپڑتاہے۔
مزید جانئے :کھانا کھانے کے بعدیہ 8کام نہ کریں
بچت صرف ایک خواب
ماہانہ آمدنی سے ہرکوئی بچت کاخواہاں ہوتاہے جوکسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کام آتی ہےاوریہ بچت اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ باہرکھاناکھانے کے باعث صرف ایک خواب ہی رہ جاتی ہے۔ہرطبقہ کے لئے ماہانہ بچت انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ بچت نہ صرف ان کے بلکہ ان کے بچوں کے چھوٹے موٹے خواب پورے کرنے کے بھی کام آتی ہے۔موجودہ دورمیں جہاں بچوں کی پڑھائی انتہائی اہم مسئلہ بن چکی ہے تو تمام والدین کے لئے ہر گزرتا مہینہ اپنے ساتھ کوئی بڑاخرچہ لے کرآتاہے جوان کی سالانہ بچت سے ہی پوراہوتاہے۔بچو ں کی پڑھائی اوران کی شادی یہ دواہم معاملات ہیں جن کے لئے ہرگھرمیں بچت لازمی کی جاتی ہے۔
مزید جانئے :زیادہ کھانا کھانے کے نقصانات
مہینے کے آخرمیں تنگی
مہینے کے آخرمیں تنگی ہوناایک عام سی بات ہے۔تمام ہی گھروں میں یہ مسئلہ اہم سمجھاجاتاہے یہاں تک کہ تنخواہ آنے سے قبل کے دن کاٹناانتہائی مشکل ہوجاتاہے۔لیکن اگرگھرمیں باقاعدہ منصوبہ بندی سے چلاجائے تو اس مشکل سے بچاجاسکتاہے۔باہرکھاناکھانے کی عادت کی کسی بھی طرح حمایت نہیں کی جاسکتی ہے۔یہ عادت نہ صرف آپ کے اورآپ کے بچوں کی صحت کوتباہ وبرباد کرسکتی ہے بلکہ آپ کواَن دیکھی پریشانیوں میں بھی مبتلاکرسکتی ہے۔مہمانوں کی آمدپرمہمان نوازی ہو یاکوئی اوراہم ضرورت ایسی خواہشات کی وجہ سے پوری نہیں ہوپاتی۔جب جیب ہی خالی ہوتوضرورت مجبوری میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
مزید جانئے:دیر رات کھانا کھانے کے نقصانات
ایمرجنسی میں پریشانی
کسی بھی انسان کوکسی بھی وقت کوئی بھی ایمرجنسی ہوسکتی ہے۔بوقت ضرورت اگرپیسوں کی قلت ہوتویہ لمحہ آپ کے لئے لمحہ فکریہ بن جاتاہے۔اگرآپ اپنی آمدنی سے پیسے بچانے کے خواہش مند ہیں تو باہرکھاناکھانے جیسی فضولیات سے پرہیز کریں۔باہرکھاناکھانے کے شوقین افراد نئی جگہ کاکھاناکھانے کے لئے پیسے جمع کرتے ہیں اوریہی کھانا انھیں مزید خرچے کی طرف متوجہ کرتاہے۔اس طرح کے خرچو ں کے باعث ان کی جیب پراضافی بوجھ پڑتاہے جوآگے جاکران کے لئے مالی مسائل کاسبب بنتاہے۔باہرجاکرہزاروں کاکھاناکھانے سے بہترہے کہ ان پیسو ں کوسنبھال کررکھاجائے تاکہ وقت پرانھیں بہترطریقے سے استعمال کیاجاسکے۔
مزید جانئے :قدرتی جراثیم کش محلول کو گھر میں بنائیں
مقابلے کی دوڑ
آج ہم میں سے تقریباًہردوسرا مقابلہ کی دوڑ میں شامل ہے اگرکوئی کسی مہنگے ریسٹورینٹ یاہوٹل میں کھاناکھانے گیاہے تو دوسروں کے لئے بھی لازم ہے کہ یاتو اسی میں یاپھراس سے بھی مہنگے ریسٹورنٹ کارخ کرے۔باہرجانا،گھومناپھرناکسے پسندنہیں ہوتالیکن چادردیکھ کرپاؤں پھیلانے کامحاورہ بھی یادرکھناچاہئے۔اگرآپ باہرکھاناکھانے کے شوقین ہیں توکم ازکم اس بات کاضرورخیال رکھیں کہ اس شوق سے کہیں آپ کسی پریشانی میں تو مبتلانہیں ہوجائیں گے۔ضروری ہے کہ پہلے اپنی تمام ضروریات پوری کرلی جائیں اور پھرباہرکھاناکھانے کاپروگرام ترتیب دیاجائے۔یادرکھیں باہرکاکھانانہ صرف صحت کی بربادی بلکہ صاف اورسیدھا مالی خسارہ کاراستہ ہے۔
مزید جانئے :گھر میں موجود 11 چیزیں جو آپ کو بیمار کرسکتی ہیں