سر کی خشکی سے نجات کا قدرتی علاج

3,527

بالوں کے مسائل میں سر کی خشکی کی شکایت دنیا بھرمیںسب سے زیادہ عام ہے۔کیونکہ یہ زیادہ تکلیف دہ نہیں ہو تی اس لئے لوگ اس کی زیادہ فکر بھی نہیں کرتے ۔بازار میںایسے بہت سے شیمپو اور سر میں لگانے والی دوسری اشیاء ملتی ہیں جو خشکی کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں جن میں سے کچھ تو حقیقت میں مفید ثابت ہوتے ہیں اور اکثر کیمیکل شامل ہونے کی وجہ سے بالوں کوالٹا نقصان پہنچادیتے ہیں۔خشکی سر کی جلد کا ہی حصہ ہوتی ہے جو خشک ہوکر جھڑتی رہتی ہے۔خشکی کی اصل وجہ ایک فنگس ہوتا ہے جو سیبم اور مردہ خلیات پر پرورش پاتا ہے اور حد سے زیادہ بڑھ جانے پر سر میں خارش اور سوزش پیدا کردیتا ہے۔

نیم:

اگر فنگل انفیکشن آپ کے سر میں خشکی کا باعث بن رہا ہے تو اس انفیکشن کو دور کرنے کے لئے نیم کا تیل اس میں موثر ثابت ہوگا ۔نیم میں اینٹی فنگل اور اینٹی وائرل خصوصیات ہیں جو خشکی کا خاتمہ کرنے میں مدد دیتی ہیں ۔ اس کے علاوہ نیم کا ہیئرماسک بھی بنا سکتے ہیں۔نیم کے تازہ پتوں کو پیس کر پیسٹ بنالیں اور ایک کپ دہی میں شامل کر لیں ۔اس پیسٹ کو پورے سر پر لگا کر15-20منٹ کے لئے چھور دیں پھر دھو لیں۔نیم اور دہی انفیکشن کا خاتمہ کرکے جلد کو سکون پہنچاتا ہے۔

انڈے کی سفیدی اور لیموں:

دو انڈوں کی سفیدی میں ایک لیموں کا رس ملا کر آدھے گھنٹے کے لئے سر پر لگائیں پھر نیم کے صابن سے دھو لیں۔انڈوں کی سفیدی جلد میں پروٹین کی کمی کو دور کرکے خشکی کا خاتمہ کردے گی۔انڈوں میں پروٹین موجود ہے جو بالوں کی نشونماء کے لئے ضروری ہے اور دوسری طرف لیموں میں موجود وٹامن سی دوران خون اور کولاجن کو بڑھا کر سر کی جلد کو صحت مند بناتا ہے۔


یہ بھی  پڑھئے :گلے کی سوزش سے نجات پانے کے 6 بہترین گھریلو نسخے

آملہ :

آملہ بھی خشکی سے جلد کی حفاظت کرتا ہے۔اس میں موجود وٹامن سی ،اینٹی انفلیمیٹری اور اینٹی بیکٹیریئل خصوصیات سر میں خشکی نہیں ہونے دیتیں۔خشکی کے علاج کے لئے آملے کا بھی ہیئر ماسک بنایا جا سکتا ہے ۔آملہ پائوڈر کو پانی میں گھول کر پیسٹ بنالیں ۔پھر آٹھ دس تلسی کے پتے لے کر تھوڑا ساپانی ملا کر پیس لیں۔پسے ہوئے پتوں کو آملے کے پیسٹ میں شامل کریں ۔اس مکسچر کو انگلیوں کی مدد سے سر میں لگائیں اور آدھے گھنٹے تک لگا رہنے دیں ۔ہلکے شیمپو اور سادے پانی سے سر دھو لیں۔

میتھی دانہ:

میتھی دانے میں بھی پروٹین وافر مقدار میں موجود ہے جو سر کی خشکی کو دور کرتا ہے اس کے علاوہ گنج پن اور پتلے بالوں کو ختم کرکے بالوں کو گھنا بناتا ہے۔سر کی خشکی دور کرنے کے لئے ۔تین کھانے کے چمچ میتھی دانہ رات بھر کے لئے پانی میں بھگو دیں صبح ان دانوں کو بلینڈر میں ڈال کر پیسٹ بنالیں ۔اب اس میں ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس شامل کریں۔اس پیسٹ کو سر اور بالوں کے سروں پر لگائیں ۔30منٹ تک لگا رہنے دیں پھر ہلکے شیمپو سے دھو لیں۔یہ ماسک سر کی جلد کو پھر سے صحت مند بنادے گا۔

آملہ،ریٹھا ،شکاکائی:

آملہ،ریٹھا اور شکاکائی تینوں وٹامن سی سے بھرپور ہیں جو سر اور بالوں کو حیرت انگیز طور پر صحت مند بناتے ہیں ۔ریٹھا سر کی جلد پر ہونے والے انفیکشن کا خاتمہ کرتا ہے۔آملہ ،ریٹھا اور شکاکائی شیمپو آسانی سے گھر پر تیار کیا جاسکتا ہے۔۵ ۔۶ ریٹھے،۶۔۷ شکاکائی کے ٹکڑے،اور چند آملے رات بھر کے لئے پانی میں بھگو دیں۔صبح انھیں ابال کر ٹھنڈا کرلیں ،اور بلینڈر میں ڈال کر پیس لیںپھر اس مکسچر کو چھان لیں۔چھلنی میں رہ جانے والے کچرے کو پھینک دیں اور چھنے ہوئے لکوئڈ کو شیمپو کے طور پر استعمال کریں۔


یہ بھی پڑھئے :گھریلو ٹوٹکے کئی امراض کا آسان علاج


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...