بارش کا موسم انجوائے کرنے کے ساتھ احتیاط بھی کریں 

1,271

بارش شروع ہوتے ہی طبیعت میں خوشگواری آجاتی ہے۔کئی مہینے شدید گرمی پڑنے  کے بعد اب  بارش کے سلسلے شروع ہوچکیں ہیں ۔گرمی کے بعد ٹھنڈی ہوائیں اوربارش کی تیز بوندیں سب ہی کو اچھی لگتی ہیں اور ہر کوئی اس کا مزہ لینا چاہتا ہے۔لیکن اس کے ساتھ ہی بارش کا موسم بیماریاں  اور آفات بھی اپنے ساتھ لاتا ہے۔بارش ایک نعمت ہے لیکن اگر ہم اس میں احتیاط نہ کریں تو زحمت بھی بن جاتی ہے۔

گھر کی احتیاط:

بارش کا موسم قریب ہو تو پورے گھر کا جائزہ لیں دیواروں یا چھت میں دراڑوں اور سوراخوں کو بند کردیں ۔گھر سے باہر موجود الیکٹرک بورڈز اور وائرنگ کو پلاسٹک سے ڈھک دیں تاکہ کرنٹ یا آگ لگنے کے حادثات سے محفوظ رہ سکیں ۔

بیماریوں سے حفاظت :

بارش کے موسم میں بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ ہو تا ہے کیونکہ سیلن اور گرمی کی وجہ سے زیادہ بیکٹیریا پیدا ہوتے ہیں اوربیماریاں پھیلتی ہیں ۔ان میں نزلہ ،کھانسی،بخار اور ڈائریا شامل ہے ۔اس کے علاوہ بارش کے جمع شدہ پانی میں مچھر بھی پیدا ہوتے ہیں جو ملیریا اور ڈینگی کی وجہ بنتے ہیں ۔ایسی صورت میں گھر کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور روزانہ مچھر اور کیڑے مار دوائوں کا اسپرے کریں ۔گھر میں گملوں ،ڈبوں یا بالٹیوں میں پانی بھر انہ چھوڑیں کیونکہ اس میں مچھروں کی افزائش کا خطرہ ہوتا ہے ۔

باہر کا کھانا بالکل نہ کھائیں :

باہر کے کھانوں خاص طور پر ٹھیلوں اور کھلی جگہ پر بکنے والی کھانے کی چیزوں سے گریز کریں ۔ چاٹ ،سینڈوچز،تلی ہوئی چیزیں ،گولا گنڈا ،قلفی جنھیں کھانے کے لئے بہت ہی دل للچاتا ہے۔ان میں بیکٹیریا کی موجودگی ہاضمے کی خرابی کا باعث بنتی ہے ۔بارش کے موسم میں اکثر لوگ ایسی چیزیں کھا کر بیمار پڑ جاتے ہیں ۔چکنی،نمکین اور کھٹی چیزیں جسم میں پانی کی مقدار بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔گھر میں پکے تازہ کھانے کھائیں ۔برسات کے موسم کے لحاظ سے گھرمیں صاف ستھرے،مزیدار پکوان بنائیں ۔ شوربہ اور یخنی کا استعمال کریں کیونکہ یہ طبیعت میں بھاری پن نہیں کرتے ۔


بارش میں بھیگنے کے انوکھے فوائد


بچوں کی احتیاط:

بچے بارش میں بھیگنے کے شوقین ہوتے ہیں اسی لئے جلدی انفیکشن کا بھی شکار ہوتے ہیں۔بچے بارش میں بھیگیں تو انھیں گرم پانی سے نہلائیں اور اینٹی سیپٹک دوا بھی دے دیں ۔بچوں کو جنک فوڈ نہ کھانے دیں ۔بچوں کے ساتھ بوڑھوں کو بھی خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔بوڑھے لوگ بارش کے فوراََ بعد گھر سے نہ نکلیں کیونکہ باہر چلنے سے پھسلنے کا خطرہ ہوتا ہے جس سے ان کو شدید چوٹ لگ سکتی ہے ۔گھر میں تمام ضروری دوائیں رکھیں تاکہ ضرورت  پڑنے پر برسات میں باہر نکل کر نہ جانا پڑے۔

 کرنٹ سے بچیں :

گھر میں ہوں یا باہر گیلے سوئچ کو ہاتھ نہ لگائیں ،ڈور بیل بجانے کے بجائے دروازہ بجا لیں ۔سڑک پر لگے پول کو ہاتھ نہ لگائیں ،بجلی کے تاروں اور خاص کر پی ایم ٹی کے نیچے نہ کھڑے ہوں کوئی تار گر جائے تو اس کے قریب جانے سے گریز کریں اور فوری طور پر کے الیکٹرک کو اطلاع دیں۔ہماری دعا ہے کہ ہمارے شہر میں شروع ہونے والی بارشیں رحمت بن کر برسیں اور ان سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے ۔


بارش کے موسم میں پیدا ہونے والی بیماریاں اور ان سے بچاؤ کے طریقے


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...