بارش کے بعد آنکھوں کا انفیکشن اور احتیاطی تدابیر

1,132

بارش کے ہوتے ہی موسم خوشگوار ہوجاتا ہے اور گرمی میں کمی آجاتی ہے لیکن ساتھ ہی برسات کے موسم میں بہت سے انفیکشنز ہوجاتے ہیں جو آنکھوں کو متاثر کرتے ہیں اور تکلیف کا باعث بنتے ہیں ۔ ہوا میں نمی کی وجہ سے وائرل انفیکشن کو پھیلنے کا زیادہ موقع ملتا ہے۔

برسات کے موسم میں آنکھوں کی حفاظت نہایت ضروری ہے تاکہ آنکھوں سے متعلق بیماریوں سے بچا جاسکے۔ جن میں آشوب چشم ،آنکھوں میں دانے نکل آنا ، زخم ہوجانا یا آنکھیں خشک ہوجانا شامل ہیں۔

برسات کے بعد ہونے والے انفیکشن

آنکھیں سرخ ہوجانا:

ہوا میں پولن یا دوسرے باریک ذرات کی موجودگی کی وجہ سے آنکھوں میں خارش ہوجاتی ہے آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں اور پانی بہنے لگتاہے۔

اسٹائی :

ہوا میں موجود بیکٹیریا اگر جلد سے لگ جائیں تو اسٹائی کا باعث بن سکتے ہیں۔ آنکھوں کی پلکوں کی جڑوں میں ہونے والے یہ دانے پس سے بھرے ہوتے ہیں اور آنکھوں میں تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔

آنکھیں خشک ہوجانا:

آنکھوں میں کھٹک محسوس ہوتی ہے اور آنکھیں خشک ہوجاتی ہیں ۔آنکھوں میں کچھ گرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور جلن ہوتی ہے یہ خشکی زیادہ بڑھ جائے تو بینائی جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔

کورنیل السر:

کورنیل السر بھی انفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے جو کورنیا پر کھلے زخم کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ فضا میں موجود بیکٹیریا ، وائرس یا فنجا ئی اس انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔

آنکھوں کو انفیکشن سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر:

۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے ہاتھوں کی صفائی ضروری ہے گندے ہاتھوں سے آنکھوں کو ہر گز ہاتھ نہ لگائیں
۔ بچوں کو گندے ہاتھوں سے آنکھیں نہ ملنے دیں
۔ اگر آپ کو آنکھوں میں تکلیف محسوس ہو اور آنکھ سرخ ہو رہی ہو تو آنکھوں کو نرمی کے ساتھ دھوئیں اور ٹھنڈے پانی کی سکائی کریں تکلیف زیادہ ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔
۔ اگر گھر میں کسی کی آنکھیں دکھ رہی ہوں تو اس کی آنکھوں میں آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد اپنے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں
۔ بارش کے بعد آنکھوں میں خارش ، جلن یا کھٹک ہوجاتی ہے ، بہت زیادہ پڑھنے، ٹی وی یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے رہنے سے یہ تکالیف ہوجاتی ہیں اس کے لیے آنکھوں میں آئی ڈراپس ڈالنے کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹر سے مشورہ لے لیا جائے۔
۔ اپنا تولیہ دوسرے لوگوں سے شئر نہ کریں کیونکہ عام طور پر انفیکشنز ہاتھوں ، کپڑوں اور دوسری چیزوں کو چھونے سے پھیلتا ہے۔
۔ اسٹائی یعنی پلکوں کی جڑ میں ہونے والے دانوں کی گرم پانی سے سکائی کی جائے۔
۔ آنکھیں سرخ ہونے کی صورت میں اپنی مرضی سے آئی ڈراپس ڈالنے کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کریں اس دوران کونٹیکٹ لینس نہ پہنیں۔
۔ باہر نکلتے ہوئے سن گلاسس لگائیں۔
۔ باہر کی کھلی چیزیں کھانے سے گریز کریں۔
۔ باہر سے واپس آکر ہاتھ اچھی طرح دھوئیں
۔ بچوں کو گندے پانی سے دور رکھیں کیونکہ یہ جگہیں جراثیم کی آماجگاہ ہوتی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...