خوبصورت اور چمکدار جلد کے لئے ھربل ماسک

1,961

خوبصورت اور چمکدار جلد اللہ کی بہت بڑی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے، اور ہمیں اسکو برقرار رکھنے کے لئے اسکا خیال رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔یہ ہمارا فرض بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی۔کسی بھی اچھے فیس واش یا صابن سے چہرہ دھو لینا کیا ہمارے لئے کافی ہوگا،یا ہمیں اسکے حسن کو برقرار رکھنے کے لئے مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔یقینا اس کے لئے ہمیں تھوڑی سی محنت تو کرنا ہی چاہیے۔اور اگر یہ حسن اور خوبصورتی گھر میں موجود چیزوں سے ہی ہمیں حاصل ہو جائے تو پھر تو کیا ہی کہنے۔
ایک بہت آسان اور سستا طریقہ تو یہ ہے کہـــ’’ گلاب کی پتیاں لیں اور ان میں تھوڑا سا شہد اور ہلدی شامل کریں اسے جلد پر لگائیں اور خشک ہونے دیں. پھر چہرہ صاف پانی سے دھو کر خشک کر لیں. اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار دوہرائیں آپکو جلد میں نمایاں فرق دکھائی دے گا۔

نارمل جلد کے لئے ماسکـ:۔

تھوڑے سے کالے چنے لیں اور ان کو رات بھر پانی میں بھگو دیں، اگلے دن ان کو پیس لیں اور اس میں تھوڑا سا دودھ شامل کر کے گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔اس پیسٹ کو جلد پر لگائیں اور اچھی طرح ملیں پھر نیم گر پانی سے چہرہ دھو لیں۔اپنی جلد کو چمکدار اور خوبصورت بنانے کے لئے روزانہ اسکو چہرے پر لگائیں۔اس کے کوئی سائڈ ایفیکٹ نہیں ہیں۔
اگر آپکے چہرے پر کیل اور مہاسے ہیں تو بھی آپ اسکو اپنے چہرے پر استعمال کر سکتے ہیں،وٹامن C سے بنی ابٹن استعمال کریں،لیموں اور نارنگی کے چھلکے پیس لیں اور اس سفوف میں دو چمچ شہد شامل کریں، اس پیسٹ کو روزانہ چہرے پر لگائیں پھر اپنی جلد کا نکھار دیکھیں۔

مزید جانئے : گرمیوں کے لئے ٹھنڈے ٹھنڈے اسکن ماسک

خشک جلد کے لیے ماسک:۔

ایک چھوٹی گاجر لیں اور اسے پیس کر اسکا پیسٹ بنا لیں،اب اس میں تازہ کریم ملا لیں لیکن اگر کریم موجود نہیں ہے تو آپ زیتون کے تیل کے چند قطرے بھی شامل کر سکتی ہیں۔اس پیسٹ کو چہرے پر لگانے کے بعد کچھ دیر کے لئے چھوڑ دیں دس سے پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھو لیں۔

جلد سے جراثیم کے خاتمے کے لئے ماسک:۔

شہد میں اینٹی سیپٹک خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو جلد کے مساموں سے گندگی کو دور کرتی ہیں۔یہ ان لوگوں کے لئے بھی فائدہ مند ہے جن کی خشک جلد ہوتی ہے یا روکھی ہوتی ہے، پھر آپکو ضرور یہ ماسک استعمال کرنا چاہیے۔ایک چائے کا چمچ شہد،ایک چائے کا چمچ دودھ اور زیتون کے تیل کے چند قطرے ملا لیں،اس ماسک کو چہرے پر لگائیں 10 منٹ کے بعد چہرہ دھو لیں اور نتیجہ دیکھیں، آپ خود اپنی جلد میں واضح فرق محسوس کریں گی۔شفاف اور صاف ستھری جلد ہر ایک کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے۔ اگر بہت زیادہ میک اپ استعمال کرنے کے بعد آپکی جلد مرجھائی ہوئی محسوس ہو تو یہ پیسٹ ضرور استعمال کریں کیونکہ یہ آپکی جلد کو چمکدار اور حسین بناتا ہے۔

مزید جانئے :ہونٹوں کو نرم و ملائم بنانے کے لئے ماسک

چکنی جلد کے لئے ماسک:۔

چکنی جلدکا خیال رکھنا بہت مشکل مرحلہ ہوتا ہے،خاص کر گرمیوں میں اس کی صفائی اور حفاظت بہت دقت طلب ہو جاتی ہے،جن لوگوں کی جلد چکنی ہو ان کو چاہیے کہ وہ شروع سے اپنی جلد کا خاص خیال رکھیں۔مرغن غذائوں سے پرہیز اور دھوپ سے بھی بچنے کی کوشش کریں ۔چکنی جلد کے لئے بھی ہم یہاں ماسک بتا رہے ہیں جس کو لگانے سے آپ کو فرق محسوس ہو گا۔اس کے لئے ’’لیموں کا رس یا سرکہ۔دو چمچ اور پانی ۔تین چمچ اس کو ملا کر اپنی جلد پر لگائیں اور دس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں اس کے بعد تازہ پانی سے چہرہ دھو لیں ۔اس سے جلد کی صفائی بھی ہوگی اور چکناہٹ کی وجہ سے جمنے والی دھول مٹی بھی صاف ہو جائے گی۔اس کے علا وہ ایک ماسک یہ بھی ہے کہ ٹالکم پائوڈر ۔دس گرام،کارن فلاور۔دس گرام۔لیکر اس کو مکس کرلیں اوراس میں تھوڑا سا پانی ملا کر بیس منٹ تک چہرے اور گردن پر مساج کریں۔اس سے آپ کے چہرے کی چکناہٹ ختم ہو جائے گی۔
یہ کچھ بہت آسان اور سستے ماسک ہیں جو کوئی بھی بہت آرام سے بنا بھی سکتا ہے اور استعمال بھی کرسکتا ہے۔یہ استعمال میں اچھے بھی ہیں اور محفوظ بھی،اس میں ایسی کوئی چیز شامل نہیں جوآپ کی جلد کو ضرر پہنچائے۔اس لئے اس کے استعمال میں جھجکئے نہیں۔بلکہ بلا خوف و خطر استعمال کریں ۔

ترجمہ : افشاں مراد 


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...