ورزش کے ذریعے بینائی کی حفاظت

2,692

بینائی کی کمزوری اب ایک عام مسئلہ بن گیا ہے۔ بزرگ ہوں یا بچے سب ہی تقریباً نظر کی کمزوری کا شکار ہیں۔ لیکن لیزر سرجری اور عینک ہی آپکی نظر کو برقرار رکھنے کے طریقے نہیں ہیں۔ آنکھوں کی مناسب ورزش کے ذریعے آپ آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور انھیں مزید کمزوری سے بچاسکتے ہیں۔ جس طرح جسمانی ورزش کی مدد سے آپ اپنے جسم کو فٹ رکھ سکتے ہیں بالکل اسی طرح آپکی آنکھوں کی نقل و حرکت اور آنکھوں کے پٹھوں کی باقاعدہ ورزش آپکی نظر کو بہتر بناکر آنکھوں کی کشیدگی کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

اگر کام کے دوران آپکو اپنی آنکھیں بوجھل محسوس ہوں اور آپکو مزید کام بھی کرناہوتو ذیل میں بیان آنکھوں کی مشق کا استعمال کریں خاص طور پر اگر آپ کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں تو اس پر عمل ضرورکریں۔روزمرہ کی یہ ورزش آنکھوں کی بیماریوں کو روکنے اور بینائی بہتر بنانے کیلئے مفید ہے ۔ہر ورزش کے دوران بیس سیکنڈ کا وقفہ ضرور دیں۔

1۔اندھیرے میں دیکھنا

اپنی کہنیا ں میز پر رکھ کر دونوں ہاتھ آنکھوں پر رکھیں اپنی آنکھیں بند کرلیں اور پر سکون ہوجائیں ایک سے تین منٹ اسی پوزیشن میں رہیں۔

2۔دائیں بائیں نظر گھمانا

سیدھے بیٹھ جائیں اور سامنے کی طرف دیکھیں اپنے سر کو ہلائے بغیر بائیں طرف دیکھیں اور اپنی توجہ بائیں طرف رکھی چیز پر مرکوز رکھیں۔ پھر دائیں طرف یہی عمل دہرائیں اپنی آنکھوں کو پانچ بار سائڈ ٹو سائڈ حرکت دیں اور اس سائیکل کو تین بار دہرائیں۔

3۔اوپر پھر نیچے دیکھنا

بالکل سیدھے بیٹھ کر پہلے سامنے کی طرف دیکھیں اسکے بعد اوپر کی طرف دیکھیں اور آپ کو جو نظر آرہاہے اس پر غور کریں اب نیچے کی طرف دیکھیں ۔ یہ عمل پانچ دفعہ کریں اور اس سائیکل کو بھی تین دفعہ دہرائیں۔

4۔آڑی ترچھی آنکھیں گھمانا

سیدھے بیٹھ جائیں نیچے کی طرف دیکھیں اسکے بعد بائیں طرف دیکھیں اور اپنی آنکھوں کو ترچھائی میں حرکت دیں آنکھیں بائیں طرف نیچے اور دائیں طرف اوپر ہونی چاہئیں اور جو آپ دیکھ رہے ہیں اس پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں یہ عمل پانچ بار دہرائیں اسکے بعد سیدھے ہوکر اسی ورزش کو دوسری پوزیشن میں دہرائیں ایسے کہ اس بار دائیں طرف نیچے اور بائیں طرف آنکھوں کو اوپر کی طرف حرکت دیں اس پوری سائیکل کو تین دفعہ دہرائیں۔

5۔آنکھیں گول گھمانا

سیدھے ہوکر پرسکون ہوجائیں بائیں طرف دیکھیں اور اپنی آنکھوں کو آہستہ آہستہ کلاک وائس دائرے کی صورت میں گھمائیں یہ عمل کرتے وقت اوپرکی طرف دیکھناہے۔آنکھوں کو دائرے کی صورت گھماتے ہوئے نیچے کی طرف دیکھیں اسکے بعد آنکھوں کو سیدھی طرف سے آہستہ آہستہ دائرے کی صورت گھمائیں پانچ دفعہ بائیں طرف سے کلاک وائس اور پانچ دفعہ سے دائیں طرف اینٹی کلاک وائس اس عمل کو دہرائیں اور تین دفعہ یہ سائیکل دہرائیں۔

6۔توجہ کا مقام محدود اوروسیع کرنا

آنکھوں سے بیس سے تیس سینٹی میٹر کے فاصلے پر مثلاً پینسل کو رکھ کر اس پر غور کریں پھر دور رکھی کسی بھی چیز پر غور اور تفصیل سے دیکھنے کی کوشش کریں پھر دوبارہ قریبی چیز کو دیکھیں یہ عمل پانچ دفعہ کریں اور کل تین دفعہ اس سائیکل کو دہرائیں۔

7۔ایک جگہ پر غور کرنا

*سیدھے بیٹھ کر اپنی دونوں بھوؤں (آئی برو) کے درمیان کے پوائنٹ کو دیکھیں او رچند سیکنڈ فوکس کریں پھر سیدھے ہو کر دوبارہ آئی برو کے درمیان کے پوائنٹ کو دیکھیں اس عمل کو پانچ دفعہ دہرائیں اور تین بار اس ورزش کو کریں۔

*سیدھے بیٹھ کر سامنے دیکھیں اور ناک کی نوک کو چند سیکنڈ دیکھیں پھر دوبارہ سامنے دیکھیں اسکے بعد ناک کی نوک کو ،پانچ دفعہ اس عمل کو کریں اور کل تین دفعہ دہرائیں۔

8۔مساج

*اپنی آنکھوں کو دو سے تین سیکنڈ کے لئے بند کریں اس سے آنکھوں کے اطراف کے پٹھے پرسکون ہونگے ۔پھر آنکھیں کھول کر دوبارہ آنکھیں بھینچ لیں یہ عمل کل دس دفعہ کریں۔

*آنکھیں بند کرکے ہاتھ کی مددسے آنکھوں کے پپوٹوں کو آہستہ آہستہ دائرے کی صورت میں گھمائیں بالکل ہلکے ہاتھ سے ۔سختی سے دبانے کی کوشش نہ کریں پہلے دس دفعہ کلاک وائس اور پھر دس دفعہ اینٹی کلاک وائس کریں۔

آپ جتنا اپنی آنکھو ں کو حرکت میں لائیں گے تو یہ آپکی آنکھوں کے لئے اتناہی اچھاہے آنکھ کی بار بار حرکت بہترین خون کے بہاؤ اورآنکھوں کو اور اسکے چاروں طرف موجود چھ پٹھوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...