بچوں کو بستر پر پیشاب کرنے سے کیسے روکیں

36,533

بچوں کا بستر پر پیشاب نکل جانا عام بات ہے ۔پانچ سال کی عمر تک اکثر بچوں کا بستر پر پیشاب نکل جاتا ہے اور اس میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں لیکن اگر آپ کا بچہ سات سال کی عمر کے بعد بھی بستر پر پیشاب کر دیتا ہے تو پھر فکر کی بات ہے اور ضروری ہے کہ آپ اس سلسلے میں بچوں کے ڈاکٹر سے رابطہ کریں تاکہ اس کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔
بستر پر پیشاب نکلنے کی کیا وجوہات ہوتی ہیں اور آپ اپنے بچے کی یہ عادت کیسے چھڑا سکتے ہیں ؟یہ جاننے کے لئے اس آرٹیکل کو پڑھئے۔

بستر گیلا کرنے کی عادت کی اقسام:

بچوں کا بسترپر پیشاب نکل جانا ایک عام بات ہے پانچ سال تک کی عمر کے اکثر بچوں کو بلیڈر بھر جانے کا اندازہ نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ پیشاب کو روک پاتے ہیں اس لئے ان کا پیشاب بستر پر نکل جاتا ہے۔
بستر پر پیشاب کرنے کی عادت کی دو اقسام ہیں ایک وہ بچے جو شروع سے ہی بستر پر پیشاب کر رہے ہوںاور بغیر کسی دن کے وقفے کے روز کرتے ہوں۔
دوسری قسم وہ ہے جس میں بچے نے چند ماہ کے لئے پیشاب کرنا چھوڑا تھا لیکن پھر کرنے لگا ۔
بستر پر پیشاب کرنے کی کچھ وجوہات ہو سکتی ہیں جن کی وجہ سے آپ کے بچے کا پیشاب نکلتا ہے ۔ان کو جاننے کی کوشش کیجئے تاکہ اس مسئلے سے نجات حاصل ہوسکے۔

وجوہات:

پہلی قسم کی عادت والے بچوں میں پیشاب نکلنے کی وجوہات یہ ہو سکتی ہیں۔
۔بچہ پوری رات کے لئے پیشاب کو نہیں روک پاتا۔
۔نیند میں بچہ نہیں سمجھ پاتا کہ اس کا بلیڈر بھر چکا ہے۔
۔شام یا رات کو ہی بچے کو زیادہ پیشاب آتا ہے۔
۔بچہ دن میں پیشاب نہیں کرتا یا زیادہ دیر تک روکے رکھتا ہے۔
پیشاب کرنے کی عادت کی دوسری قسم کسی طبی یا جذباتی مسئلے کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔ان میں یہ وجوہات شامل ہیں :
پیشاب کی نالی میں انفیکشن ہونا :
اس کی علامات میںبہت زیادہ پیشاب آنا ،یا پیشاب کرتے وقت درد یا جلن ہونا شامل ہیں۔اس کے علاوہ اس میں پیشاب روکنا بھی مشکل ہوتا ہے۔


اس بارے میں جانئے :بچوں کا انجیکشن کا ڈر دور کرنے کے لئے یہ تراکیب آزمائیں

شوگر:

شوگر کے مرض کی وجہ سے بھی پیشاب بہت زیادہ آتا ہے۔

ابنارمل مسلز:

ابنارمل مسلز یا عضو جو پیشاب میں تکلیف کا باعث بنیں۔بستر پر پیشاب نکلنے کی وجہ بن سکتا ہے۔

اعصابی مسائل:

کسی چوٹ یا بیماری کی وجہ سے ہونے والی اعصابی کمزوری بھی عصبی توازن کو متاثر کرتی ہے جس کی وجہ سے پیشاب پرقابو پانا مشکل ہوجاتا ہے۔

جذباتی مسائل:

بچپن میں کوئی حادثہ یا صدمہ بھی پیشاب نکلنے کی وجہ بن سکتا ہے۔اس کے علاوہ دوسری بڑی تبدیلیاں جیسے اسکول کی تبدیلی،چھوٹے بہن بھائی کی پیدائش یا ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کی وجہ سے یہ صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

موروثیئت:

بستر پر پیشاب نکلنے کی عادت خاندان میں بھی چلتی ہے۔جن بچوں کے والدین کی ماضی میں یہ عادت رہی ہو ان بچوں کے بھی بستر پر پیشاب نکلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔


اس بارے میں جانئے:بچوں میں شوگر کی علامات اور بچاؤ کے لئے تجاویز

آپ کے بچے کی پیشاب نکلنے کی عادت کی بھی ان میں سے کوئی ایک یا ایک سے ذیادہ وجوہات ہو سکتی ہیں ۔لہٰذا اپنے بچے کا بستر پر پیشاب کرنے کا وقت نوٹ کریں اور دیکھیں کہ وہ کتنی بار پیشاب کرتا ہے۔اگر اس کی علامات دوسری قسم کی پیشاب کرنے کی عادت کو ظاہر کرتی ہیں تو وقت ضائع کئے بغیر ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔وقت پر علاج کرنے سے بہت سی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ۔اگرا ٓپ کا بچہ کافی عرصے سے اس عادت میں مبتلا ہے تو یہ عادت چھڑانے میں اس کی مدد کیجئے۔ذیل میں دیئے گئے طریقوں کے ذریعے آپ اپنے بچے کی بستر پر پیشاب کرنے کی عادت کو چھڑا سکتے ہیں ۔

بچے کی پانی پینے کی عادت پر نظر رکھیں:

اس بات پر دھیان رکھئے کہ آپ کا بچہ دن بھر میں،خاص طور پر شام کے وقت کتنا پانی اور دوسرے مشروبات پیتا ہے۔ اسے دن میں زیادہ پانی پینے کی عادت ڈالیں اور کوشش کریں کہ وہ رات کے وقت لکوئڈ اور کیفین والے مشروبات کم سے کم مقدار میں لے۔

بچے کو پیشاب روکنے کا عادی بنائیں:

جب بچے کا پیشاب آئے تو اسے چند منٹ روکنے کی عادت ڈالیں۔اس طرح رات کو بھی جب نیند میں اس کا پیشاب آئے گا تو وہ اسے روک سکے گا اور اس طرح اس کی پیشاب کرنے کی عادت چھوٹ جائے گی۔

بچے کو بار بار پیشاب کروائیں:

بچے سے بار بار پیشاب کرنے جانے کا کہیے ۔خاص طور پرسونے سے پہلے بچے کو کئی مرتبہ واش روم بھیجیں۔تاکہ بستر پر پیشاب نکلنے کے امکانات کم سے کم ہوں۔

بچے کو رات کو بار بار جاگنے کا عادی بنائیں:

بستر پر پیشاب نکلنے سے بچانے کے لئے بچے کورات کو اٹھنے کا عادی بنائیں۔جب بھی آپ کی آنکھ کھلے تو بچے کو بھی جگا کر اس سے واش روم جانے کا کہیں ۔آہستہ آہستہ اس کو بھی رات کو نیند سے اٹھ کر واش روم جانے کی عادت ہو جائے گی۔

بچے کو سزا دینے کے بجائے اس سے کام لیں:

جب بچے کا بستر پر پیشاب نکلے تو بستر کی چادر بدلنے میں اس کی مدد لیں ۔اس پر غصہ کرنے کے بجائے جب آپ اس سے کام لیں گے تو اس کو اچھا لگے گا اور خود بھی بستر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے بسترپر پیشاب نہ کرنے کی کوشش کرے گا ۔

ڈائپر کی عادت چھڑوائیں :

پانچ سال کی عمر کے بعد بھی پیشاب کرنے کی وجہ بچے کی ڈائپر پہنے کی عادت بھی ہوتی ہے ۔بچے کو ڈائپر کی عادت چھڑا کر واش روم جانے کی عادت ڈالیں۔

صبر سے کام لیں:

بچے کی پیشاب کرنے کی عادت چھڑانے کے لئے اس پر سختی کرنے کے بجائے اس کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔اور بچے کو سمجھائیں کہ یہ عام مسئلہ ہے اور اس پر آسانی سے قابو پایا جاسکتا ہے۔


یہ بھی جانئے :بچوں میں آنکھوں کے6 عام مسائل


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...