ان غذاؤں سے بلڈ پریشرپر قابو پائیں

5,305

ہائی بلڈ پریشر ایک خطرناک مرض ہے جو آجکل بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اِس بیماری میں شریانوں میں بہتے خون کا دباؤ بڑھ جاتا ہے اور دل کو معمول سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے اورا س مرض کی وجہ سے بہت سے بڑے امراض لاحق ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، جیسے فالج، ہارٹ اٹیک ،امراضِ گردہ وغیرہ۔موٹاپا یا زائد وزن ہائی بلڈپریشر جنم لینے کی اہم وجہ ہے۔ بعض لوگوں کا تو تھوڑا سا وزن بھی بڑھ جائے تو وہ بلڈپریشر کا شکار رہنے لگتے ہیں۔ اس حالت سے چھٹکارے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ پروسیسڈ کاربوہائیڈریٹ غذا مثلاً ڈبل روٹی، بسکٹ، سفید روٹی اور پنیر وغیرہ سے دور رہا جائے۔ اِن کے بجائے سبزیاں، پھل اور معتدل مقدار میں گوشت کھائیے۔

بلڈ پریشرکے مریضوں کے لیے غذا بہت خاص اہمیت رکھتی ہے۔ خاص طور پر نمک سے گریز کیا جاتا ہے تاہم ایسی خوراک کی کمی نہیں جو منہ کا مزہ بھی برقرار رکھتی ہیں اور بلڈپریشر کو بھی قدرتی طور پر متوازن سطح پر رکھتی ہیں۔ ہم آپ کو ایسی ہی کچھ غذاؤں کے بارے میں بتائیں گے جو آپ کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔

*مچھلی

مچھلی پروٹین اور وٹامن ڈی کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہے اور یہ دونوں بلڈپریشر کی شرح کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس کے علاوہ مچھلی میں صحت بخش اومیگا فیٹی ایسڈز بھی شامل ہوتے ہیں جو کہ دوران خون کولیسٹرول کی شرح کو کم رکھنے کے لیے فائدہ مند عنصر ہے۔

*دہی

دہی کیلشیئم سے بھرپور ہوتا ہے جس کی کمی ہائی بلڈپریشر کا خطرہ بڑھاسکتی ہے۔ دہی میں نمکیات کی مقدار بھی کم ہوتی ہے اور دن بھر میں تین بار کا چھ اونس استعمال فشار خون کی شرح کو معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس کا مزہ بھی ہر ایک کے دل کو بھاتا ہے۔

*کیلے

کیلے پوٹاشیم کے حصول کا قدرتی ذریعہ ثابت ہوتے ہیں اور اس معدنیات کی کمی جسم پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے خاص طور پر پٹھوں اور دل کی دھڑکن پر۔ کیلے نہ صرف پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں بلکہ اس میں سوڈیم (نمکیات) کی شرح بھی کم ہوتی ہے جو اسے ہائی بلڈپریشر کے شکار افراد کے لیے ایک بہترین پھل یا غذا بناتا ہے۔

*پالک

پالک آئرن، فائبر، وٹامن اے اور سی سے بھرپور سبزی ہے، یہ کیلشیئم کے حصول کے لیے بھی اچھا ذریعہ ہے جو کہ بلڈپریشر کی شرح کم کرنے والی غذا کے لیے ایک اہم جز ہے۔ اس سبزی سے مختلف طریقوں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے یعنی اسٹیو، سلاد یا پاستا وغیرہ کے ذریعے بھی۔

*دار چینی اور گرم مسالا

دارچینی اور گرم مسالا بلڈپریشر کی شرح کو قدرتی طور پر کم سطح پر لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

*آلو

آلوؤں میں پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ معدنیاتی عنصر بلڈپریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مزید جانئے :غیر معمولی صفائی بھی الرجی کا سبب بن سکتی ہے


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...