ذیابیطس کی طرح بلڈ پریشر کے مریضوں کو بھی شکر سے خطرہ!

3,511

جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ شکر کا استعمال کم کرنے سے ہائی بلڈپریشر میں کمی آتی ہے ۔ بہت زیادہ شکر کا استعمال دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہے اور کولیسٹرول سے زیادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔

شکر ہائی بلڈ پریشر کا باعث بنتی ہے:

ابتدائی بلڈ پریشر کا شکار کچھ لوگوں پر ایک تحقیق کی گئی جس کا مقصد یہ جاننا تھا کہ میٹھے مشروبات بلڈپریشر پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں ۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ شکر کا استعمال کم کرنے سے بلڈ پریشر میں کمی آئی ہے۔

۱۸ ماہ کی اس تحقیق میں روزانہ پینے والے مشروبات میں سے ایک سرونگ کم کی گئی جس سے بلڈ پریشر میں خاطر خواہ کمی آئی ۔ ہائی بلڈپریشر دل کی بیماریوں اور اسٹروک کا باعث بنتا ہے ۔ جبکہ بلڈپریشر میں کمی ان بیماریوں سے بچاؤ کا باعث بنتی ہے۔

اپنی غذا میں شکر کی مقدار کم کریں:

بظاہر ہم ہر وقت میٹھا نہیں کھاتے لیکن ہماری غذا میں ایسی بہت سی چیزیں شامل ہوتی ہیں جن میں شکر شامل ہوتی ہے ۔ کیچپ ، ٹماٹو ساس ، سوفٹ ڈرنکس وغیرہ میں شکر شامل ہوتی ہے جو ہائی بلڈ پریشر کی وجہ بنتی ہے ۔

اس سلسلے میں ماہرین نے ایک سروے کیا اور بتایا کہ ۷۴ گرام سے زیادہ شکر استعمال کرنے والے لوگوں میں بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ ان لوگوں کا بلڈ پریشر 135/85،140/90، 160/100 تک نو ٹ کیا گیا ۔ جبکہ نارمل بلڈ پریشر 120/80 یا اس سے کم ہوتا ہے ۔ خود کو بلڈ پریشر سے بچانے کے لیے کم سے کم شکر والی اشیاء استعمال کریں۔

قدرتی مٹھاس استعمال کریں:

اگر آپ میٹھا کھانا پسند کرتے ہیں تو اس میں شکر کے بجائے کینو، انگور ، آڑو وغیرہ کا رس شامل کریں اس کے علاوہ باریک کٹے سیب ، ناریل ، کشمش اور کھجور بھی شامل کر سکتے ہیں ۔

کوشش کریں کہ اس پر دار چینی یا لونگ کا پاؤڈر چھڑک کر کھائیں اس کے علاوہ آپ stevia (میٹھی پتی) کا بھی استعمال کرسکتے ہیں جو شکر کے نعم البدل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔

تھوڑا تھوڑا کھائیں:

صبح ناشتے سے شروع کریں اور ہر مرتبہ جو کچھ کھائیں اس میں پروٹین شامل ہو تاکہ آپ کو اطمینان رہے۔ دن بھر تھوڑا تھوڑا کھانے سے جسم میں شکر کی مقدار زیادہ نہیں ہوگی جو ہائی بلڈ پریشر کا باعث بن سکے۔

جہاں تک میٹھا کھانے کا سوال ہے اس کے لیے خود کو روکیے اور اگر ایسا ممکن نہیں تو ایک دو لقموں سے زیادہ نہ لیں۔

سوفٹ ڈرنکس نہ لیں:

سوفٹ ڈرنکس کا استعمال ایک ضرورت بنتا جارہا ہے اکثر لوگوں کا کھانا سوفٹ ڈرنکس کے بغیر حلق سے نہیں اترتا اور بعض تو اسے کھانا ہضم کرنے کے لیے پیتے ہیں ۔ لیکن یاد رکھیے اس میں موجود شکر بلڈ پریشر کے لیے خطرناک ثابت ہوتی ہے۔

یاد رکھیے جس طرح نمک کو ہائی بلڈ پریشر کی وجہ بتایا جاتا ہے اور اس سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے بالکل اسی طرح شکر بھی ہائی بلڈ پریشر کی بڑی وجہ ہے اس لیے ضروری ہے کہ شکر کا استعمال کم سے کم کیا جائے تاکہ آپ ہائی بلڈپریشر سے محفوظ رہ سکیں۔
مزید جانئے :کیا السر کینسر میں تبدیل ہوسکتا ہے؟

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...