سفر کے دوران میک اپ کس طرح کریں؟

1,481

جس طرح مختلف محفلوں پارٹیز اور وقت کے لیے مختلف طرح کا میک اپ کیا جا تا ہے اسی طرح بالکل دوران سفر بھی میک اپ کی الگ تکنیک ہوتی ہیں۔ خواہ آپ کارڈرائیو کرکے نزدیکی گروسری اسٹور تک جانا چاہتی ہیں یا ٹرین کے ذریعے ایک شہر سے دوسرے شہر تک کا سفر کرنا چاہتی ہیں۔ اور بڑے تناظر میں دیکھا جائے تو فلائٹ کے ذریعے ملکوں ملکوں گھومنا چاہتی ہیں۔سفر کے دوران خوبصورت نظر آنا آسان نہیں ہوتا ۔ سفر کی تھکن کے باوجود اچھا نظر آنا ہو تو مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھیں:

سفر کے دوران کی میک اپ کٹ:

makeup kit during traveling

سفر کی تیاری میں میک اپ بیگ کو کبھی نظر انداز مت کریں۔ ایک ایسا میک اپ بیگ جس میں بیک وقت آپ کے میک اپ کی تمام ضروری اشیاء سماسکیں اور آپ کو کسی بھی چیز کی تلاش میں اپنا پورا بیگ نہ کھنگالنا پڑے۔ مارکیٹ میں کئی ایسے بیگ دستیاب ہیں جن کے اندر چھوٹی بڑی پاکٹ اور زپ لاک حصّے بنے ہوئے ہوتے ہیں جس میں میک اپ ٹولز جیسے مختلف برشز، ٹیوزر وغیرہ آسانی سے رکھے جاسکتے ہیں۔

سفر کی طوالت کے مطابق چیزوں کا انتخاب کرنا اہم ہے۔ جیسے کہ فیس واش، شاور جیل، شیمپو، ہیئر میک اپ کی روزمرّہ استعمال ہونے والی چیزیں ہیں اس کے علاوہ بھی جو اشیاء ضروری استعمال کی ہیں جیسے کہ برشز، پنز، اسپریز، لوشن وغیرہ لسٹ میں شامل کرنا نہ بھولیں۔

سفر کے لیے میک اپ کیساہونا چاہیئے؟

makeup in traviling

*سفرسے ایک رات قبل موئسچرائزر ضرور لگائیں یہ ہوائی سفر کے دوران جلد کو ہائی ڈریٹ یعنی نمی سے بھرپور رکھنے میں مدد دے گا اور جلد کو خشک نہیں ہونے دے گا جہاز میں کیبن پریشر کی بدولت اسکن میں ڈی ہائی ڈریشن عموماً ہوجاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ سفر سے بارہ گھنٹے قبل چہرے اور ہاتھوں پر موئسچرائزر اچھی طرح لگا لیا جائے۔
*کوشش کریں کہ فاؤنڈیشن کا استعمال نہ کرنا پڑے جس دن آپ نے سفر کرنا ہو اس دن فاؤنڈیشن اپلائی نہ کرنا ہی بہتر ہے صرف موئسچرائزر ہی اپلائی کریں۔ ایک اچھا اور معیاری موئسچرائزر آپ کی جلد کو فریش اور تازگی کا احساس دے گا۔ لیکن اگر آپ کی یہ عادت ہے کہ فاؤنڈیشن لگانا کسی صورت ترک نہیں کرسکتیں تب چہرے پر اس کی جگہ پریمر لگالینا بہتر ہوتا ہے سیلیکون والا لیکوئیڈ یا کریم پریمر کی ایک ہلکی سی تہہ اسکن اور میک اپ کے درمیان حفاظتی تہہ کا کام انجام دے گی۔ پریمر کے بعد آپ چاہیں تو اپنی پسند کا فاؤنڈیشن استعمال کرسکتی ہیں اس طرح کے عمل سے لگایا جانے والا فاؤنڈیشن لمبے عرصہ تک برقرار رہتا ہے اور گرمی یا گرم موسم کی شدت سے پگھلتا نہیں ہے۔ اسکن کو ڈی ہائی ڈریٹ ہونے سے بھی بچاتا ہے۔
*ایک اسپرے بوتل کی مدد سے دوران سفر چہرے پر منرل واٹر کا اسپرے چہرے پر کرتے رہنے سے اسکن فریش نظرآتی ہے۔


اس بارے میں جانئے :بچوں کا انجیکشن کا ڈر دور کرنے کے لئے یہ تراکیب آزمائیں

*چکنی جلد کی حامل خواتین کے لیے، Blotting یا Rice پیپر کو اپنے ہمراہ رکھیں اور وقتاًفوقتاًیا ضرورت محسوس ہونے پر چہرے کے ’’T‘‘ زون ایریا کو ہلکے سے پونچھتے رہیں۔ ان پیپرز کی مدد سے اضافی چکنائی کو صاف کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ چہرے پر سے موئسچرائزر صاف نہیں ہوپائے گا۔
*دوران سفر تھکاوٹ اور یژمردگی کا احساس بڑی جلدی حاوی ہونے لگتا ہے چہرہ مرجھانے لگتا ہے اور تازگی دھیرے دھیرے ختم ہونے لگتی ہے اگر آپ چاہتی ہیں کہ پورے سفر کے دورا ن خواہ وہ کتنے ہی گھنٹوں کا کیوں نہ ہو آپ کا چہرہ تروتازہ ہی محسوس ہو تب شمرShimmer کا استعمال ضرور کریں۔ یہ کریم اور پاؤڈر دونوں کی صورت میں اسکن ٹون کے مطابق لگایا جاسکتا ہے۔ رخسار کے اُوپری حصّہ پر، ناک کی اُبھری ہوئی ہڈی اور ہونٹوں پر شمر کا ایک اسٹروک ساری تھکاوٹ کو دور کردیتا ہے۔ اور آپ کا چہرہ چمکتادمکتا فریش نظر آتا ہے۔
*دیرپا رہنے والی لپ اسٹک کا استعمال نہ کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ یہ صرف منہ کو ڈی ہائی ڈریٹ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہ کرے گی۔ اس کی جگہ Lip Stain کے دوتین کوٹ لگاکر لپ گلوس لگالیا جائے تو پورے سفر میں ہونٹ فریش رہتے ہیں۔ دوران سفر لپ بام کا استعمال بھی بہترین ثابت ہوتا ہے شدید گرمی یا بہت زیادہ ٹھنڈی جگہ پر لپ اسٹک کی وجہ سے ہونٹ ڈی ہائی ڈریٹ کا شکار ہوجاتے ہیں ایسی صورت میں لپ بام کا استعمال بہترین رزلٹ دیتا ہے۔
*دوران سفر وقت بہ وقت نیند لینا اور نیند کا پورانہ ہونے کی وجہ سے آنکھوں کے اردگرد کا حصہ پھول جاتا ہے ان میں سرخی آنے لگتی ہے اس تکلیف دہ صورت حال سے نجات کے لیے برف کے چند پسے ہوئے ٹکڑوں کو ایک صاف کپڑے یا تولیہ میں لپیٹ کر ان پھولے ہوئے حصّوں پر مساج کرنے سے یہ شکایت دور ہوجاتی ہے۔اس کے علاوہ سفر میں مسلسل موویز دیکھنے، موبائل فون کے استعمال یا مطالعہ کرنے سے آنکھیں تھکنے لگتی ہیں ایسی صورت میں آپ کے میک اپ بیگ میں ’’آئی ڈراپس‘‘ کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ یہ آئی ڈراپ آپ کی آنکھوں کی تھکن کو دور کرتے ہیں۔
*سفر کرتے وقت مسکارا لگانے سے گریز کریں۔ کیونکہ اس سے آنکھیں وقت گزرنے کے ساتھ تھکی ہوئی اور بے کشش لگنے لگتی ہیں۔
*دوران سفر تیز اور شوخ رنگوں کی نیل پالش غیر مناسب معلوم ہوتی ہے اسے دیکھ کر آپ خود بھی اپنے آپ کو غیر مطمئن محسوس کرسکتی ہیں ہوسکتا ہے آپ نے اندر اچانک ہی اس قسم کے احساسات پیدا ہوجائیں ’’کہ اتنا گہرا اور شوخ رنگ کیوں لگایا؟‘‘ ناخنوں پر صرف شائننگ پالش بغیر رنگ والی لگائیں تاکہ اپ کے ناخن قدرتی طور پر صاف، سفید اور چمکدار محسوس ہوں اور کسی دوسرے کو دیکھ کر بھی اچھاتاثر پیدا ہو۔
*سفرکرتے وقت غیرضروری طور پر اپنے ہاتھوں کو چہرے پر مت لگائیں۔ ایسا کرکے آپ ان گنت نہ نظر آنے والے بیکٹیریاز کو چہرے پر قبضہ کرنے کی دعوت دے رہے ہوتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے اینٹی بیکٹیریل ہینڈواش لوشن ضرور اپنے ہمراہ رکھیں۔
*اگر بذریعہ ہوائی جہاز آپ کسی لمبے سفر پر روانہ ہیں تب سونے سے قبل سپر نائٹ آئی کریم اپنی آنکھوں کے گرد ضرور لگائیں اور چہرے پر Sleep Mask بھی۔ اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ جاگنے کے بعد خود کو فریش اور آرام دہ محسوس کریں گی۔


مزید جانئے :سردیوں میں بالوں کے مسائل اور ان کے آسان حل


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...