فوڈ پوائزننگ :وجوہات،علامات ، علاج

7,921

فوڈ پوائزننگ یعنی زہریلی خوراک کو کھانے سے ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔ تقریباً ڈھائی سو کے قریب ایسی بیماریوں کی تشخیص ہوچکی ہے جن کا تعلق زہریلی خوراک کے استعمال سے ہے۔ عام طورپر خوراک کے زہریلا ہونے کی وجہ اس میں جراثیم (بیکٹیریا، وائرس، طفیلیے)کی موجودگی ہے۔ ان میں سے کچھ جراثیم ایسے زہریلے مادّے خارج کرتے ہیں جو کہ بیماری کا سبب بنتے ہیں جبکہ کچھ جراثیم براہِ راست جسم کے خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

پھلوں اور سبزیوں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤانھیں زہریلا بنا سکتا ہے۔ خاص طور پر جب کچی سبزیوں کو دھوکر استعمال نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ اتفاقی طورپرقدرتی زہریلی اشیاء کھالینے سے بھی جسم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ قدرتی زہریلی اشیاء میں زہریلے مشروم،فوگو مچھلی وغیرہ شامل ہیں۔

وجوہات

عمر یا جسمانی حالت کے اعتبار سے بعض افراد پر زہریلی خوراک زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔ ان میں بچے بوڑھے اور حاملہ خواتین کو زیادہ خطرہ ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جن کا مدافعتی نظام کمزور ہو وہ بھی زہریلی غذا کے استعمال سے بیماری کا شکار ہوسکتے ہیں۔

علامات

زہریلی خوراک کے استعمال کے بعد متلی یا اُبکائی آنا،پیٹ میں شدید درد ہونا اور دست آنا عام علامات ہیں۔اس کے علاوہ کچھ افراد کو تیز بخار بھی ہوسکتا ہے۔ کچھ افراد میں زہریلی خوراک اعصابی نظام کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔

زہریلی خوراک کھانے کے کتنی دیر بعد اس کی علامات ٖظاہر ہوں گی،اس کا تعین خوراک کے ذرائع اور مقدار سے ہوتا ہے۔ عام طورپر علامات خوراک کے استعمال کے چند گھنٹے بعد ظاہر ہونے لگتی ہیں۔ لیکن بعض اوقات علامات کے ظاہر ہونے میں دودن کا وقت لگ بھی سکتا ہے۔ اسی طرح یہ انسانی صحت پر بھی منحصر ہے کہ جسم زہریلی خوراک کے نتیجے میں کیساردِعمل ظاہر کرے۔ ہر شخص میں ردِعمل دوسرے سے مختلف ہوسکتا ہے۔

علاج

زہریلی خوراک کے استعمال کے نتیجے میں ظاہر ہونے والی علامات کے باعث جسم میں پانی اور نمکیات کی شدید کمی ہوسکتی ہے۔ اس لیے مریض کو وقفے وقفے سے پانی پلانا چاہیے۔ نمکیات کی کمی کوپورا کرنے والی بہت سی ادویات بھی بازار میں موجود ہیں جوکہ معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

مریض کو ہلکی پھلکی غذا کا استعمال کرنا چاہیے۔ دودھ کا استعمال بہترین ہے۔ اس کے علاوہ مخصوص لیبارٹری ٹیسٹ سے بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ بیماری کی اصل وجہ کیا ہے؟ بعض اوقات زہریلی غذا کے استعمال کے بعد معدے کی صفائی کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔

احتیاطی تدابیر

خوراک سے ہونے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔
*ہمیشہ صفائی کا خیال رکھیں۔اپنے ہاتھوں اور استعمال کے برتنوں کو صاف رکھیں۔
* تازہ سبزیوں کو ہمیشہ صاف پانی سے دھوئیں۔
*خوراک کو ہمیشہ اچھی طرح پکاکر استعمال کریں۔ نیم پکی اشیاء کھانے سے گریز کریں۔
*استعمال سے بچنے والی خوراک کو زیادہ دن تک فریج میں نہ رکھیں۔فریج کا درجۂ حرارت ہمیشہ چار ڈگری اور فریزر کا صفر سے کم رکھیں۔
*بازار سے ڈبے میں بند خوراک خریدتے وقت یہ تسلی کرلیں کہ ڈبا کھلا نہ ہو۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...