کولیسٹرول لیول کے لئے کونسادودھ مفید ہے کونسانقصان دہ؟

55,384

کولیسٹرول کابڑھ جاناایک عام سی بات سمجھی جاتی ہے لیکن اس سے ہونے والے نقصانات بہت اہم ہیں۔اگرکسی بھی انسان کاکولیسٹرول لیول بڑھ جائے تو اسے صحت کے دیگر خطرات کااندیشہ بھی بڑھ جاتاہے۔کولیسٹرول کے بڑھنے کی خبر ملتے ہی کھانے پینے کی اشیاء میں بھی احتیاط شروع ہوجاتی ہے۔کچھ پرہیز کیاجائے یانہ کیاجائے لیکن دودھ ضرور چھوڑ دیاجاتاہے۔اور تمام انسانی غذاؤں میں صحت کے حوالے سے دودھ کوخاص اہمیت حاصل ہے۔ایک کہاوت ہے کہ ہمیشہ تندرست اورتوانا رہناچاہتے ہوتو دودھ زیادہ پیو اوراناج کم کھاؤ۔
پرانے وقتوں میں گائے کے دودھ کوترجیح دی جاتی تھی کیونکہ دودھ میں وٹامن ڈی اے اورکیلشیئم پایاجاتاہے جودل کے ساتھ مجموعی صحت کے لئے مفید رہتاہے لیکن اس دودھ میں کولیسٹرول اورسیچوریٹڈ فیٹ کی مقدار اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ اسکی افادیت کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے ناکافی ہوجاتی ہے۔اسی لئے اگر آپ اپنے کولیسٹرول لیول کوتوازن میں رکھناچاہتے ہیں تو اپنی غذا میں سیچوریٹڈ فیٹ اورکولیسٹرول پرمبنی غذاؤں کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ آج کل گزرتے وقت کے ساتھ دودھ میں بھی ورائٹی دستیاب ہے۔

گائے کادودھ

ایک کپ گائے کے دودھ میں ۱۴۵ کیلوریز،پانچ گرام سیچوریٹڈ فیٹ اور۲۴ملی گرام کولیسٹرول پایاجاتاہے۔یہ پروٹین اوراہم غذائی اجزاء حاصل کرنے کااہم ذریعہ ہے۔
گائے کے دودھ میں پایاجانے والاپوٹاشیم ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے بھی مفید ہے اسمیں موجود اومیگاتھری دل کی صحت  کوفروغ دیتاہے۔لیکن اگر بات آجائے بڑھے ہوئے کولیسٹرول کی تو گائے کادودھ آپ کے کولیسٹرول لیول کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔ریسرچ کے مطابق غذامیں سیچوریٹڈ فیٹ کاشامل ہوناایل ڈی ایل میں اضافہ کاسبب بنتاہے۔ڈاکٹر کے مطابق اگر آپ گائے کادودھ پیتے ہیں توچکنائی کے بغیر دودھ کااستعمال کریں۔

سویاملک

اسکے ایک کپ دودھ میں صرف ۸۰ کیلوریز اور۲گرام فیٹ پایاجاتاہے۔اسمیں کولیسٹرول نہیں ہوتااورفیٹ بھی کم ہوتاہے۔کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے بہترین متبادل دودھ کے طورپرجاناجاتاہے۔سویاملک کیونکہ پودے سے تیار کیاجاتاہے اسی لئے وہ کولیسٹرول سے پاک ہے۔اسکے ایک کپ میں سات گرام پروٹین پایاجاتاہے جودل کی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق پچیس گرام سویابین ملک کاباقاعدہ استعمال دل کی بیماریوں کے خطرات کوکم کرسکتاہے۔لیکن اسکی افادیت کوبرقرار رکھنے کیلئے اس بات کویقینی بنائیں کہ اسمیں چینی وغیرہ شامل نہ کریں۔

اونٹنی کادودھ

یہ بات بالکل سچ ہے کہ اونٹنی یابکری کادودھ پی کرزندگی بسر کرنے والے اناج کھانے والے انسانوں کی نسبت زیادہ طاقت ور اورتندرست ہوتے ہیں۔لیکن ایک کپ اونٹنی کے دودھ میں ۱۰۷ کیلوریز،۳گرام سیچوریٹڈ فیٹ اور۱۷ گرام کولیسٹرول پایاجاتاہے۔یہ دودھ وٹامن اورمعدنیات سے بھرپورہوتاہے۔اونٹنی کے دودھ میں گائے کے دودھ کے مقابلے میں دس گنازیادہ آئرن اور۳۵ گنازیادہ وٹامن سی پایاجاتاہے۔یہ دودھ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے مفیدثابت ہوسکتاہے۔میٹابولزم کوفاسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتاہے اوراسمیں موجود پروبائیوٹکس آنتوں کی صحت (health) کے لئے بہترین ہیں۔

بکری کادودھ

بکری کے ایک کپ دودھ میں ۱۶۸ کیلوریز،۵.۶سیچوریٹڈ فیٹ اور ۲۷ ملی گرام کولیسٹرول موجود ہوتاہے۔اپنی غذامیں سیچوریٹڈ فیٹ کومحدود کرکے آپ اپنے کولیسٹرول لیول کوکم کرسکتے ہیں۔خون میں کولیسٹرول کی سطح کے بڑھنے کے باعث شریانوں میں چربی جمع ہونے سے دل کے دورے اورفالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔گائے کے دودھ کے مقابلے میں اسمیں کم منرلز اوروٹامنز پائے جاتے ہیں لیکن بکری کے دودھ میں وٹامن بی ۱۲ اورفولیٹ کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔یہ دودھ بیورج کے لئے بہتر رہتاہے۔

بھینس کادودھ

بھینس کادودھ تمام اقسام کے دودھ میں گاڑھاہوتاہے۔جن لوگوں کانظام ہاضمہ مضبوط ہو انکے لئے مقوی ترین غذاؤں میں شمارہوتاہے۔اس دودھ کی طاقت کااندازہ آپ اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ یہ بچوں اوربوڑھوں کوہضم نہیں ہوتا صرف تندرست اورجوان افراد ہی اسکی غذائی قوتوں سے مستفید ہوسکتے ہیں۔یہ بھوک میں غیرمعمولی اضافہ کرتاہے۔لیکن اس بات کویاد رکھیں کہ عام ملنے والادودھ ان تمام صلاحیتوں سے محروم ہوتاہے۔دودھ خواہ بکری کاہوبھینس کایاگائے کا،اگر خالص اورتندرست جانورکاہے اورملاوٹ سے پاک ہے توبے شمار غذائی خوبیاں اپنے اندررکھتاہے۔

بادام کادودھ

ماہرین امراض قلب دل کے مریضوں کے لئے بادام کے دودھ کامشور ہ دیتے ہیں۔بادام کے ایک کپ دودھ میں چالیس کیلوریز اورکوئی سیچوریٹڈ فیٹ نہیں پایاجاتا۔کیونکہ بادام سے بناہوتاہے اسی لئے یہ کولیسٹرول سے بھی پاک ہوتاہے۔بادام کے دودھ میں موجود پولی انسیچوریٹڈ فیٹ ایل ڈی ایل کولیسٹرول کوگھٹانے کی صلاحیت رکھتاہے۔
گائے اوردیگر دودھ کے مقابلے میں بادام کادودھ کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے بہترین انتخاب ہے۔دل کی صحت کوبرقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ دودھ میں اضافی چنی کااستعمال نہ کریں۔یہ دودھ انفلیمیشن کوکم کرنے کے ساتھ ساتھ دماغ کی صحت کو بھی بہتر بناتاہے۔

کوکونٹ ملک

کوکونٹ ملک میں کولیسٹرول تو نہیں ہوتالیکن اسکے ایک کپ میں ۴۵ کیلوریز اورچار گرام سیچوریٹڈ فیٹ پایاجاتاہے۔جولوگ اس دودھ کااستعمال کرتے ہیں وہ دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
یہ دودھ کافی ،دلیہ اورسیریل میں استعمال کے لئے بہترین رہتاہے۔لیکن اسکے بارے میں ایسی کوئی واضح تحقیق سامنے نہیں آئی کہ اگر آپ کوکولیسٹرول ہائی ہے تویہ دودھ اس صورت میں فائدہ مند انتخاب ہوسکتاہے ۔ دل کے مریضوں کوایسی کسی بھی چیز کے انتخاب میں ہوشیاررہناچاہئے جوکولیسٹرول میں اضافے کاسبب بنیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...