متوازن غذا کا صحیح وقت

1,769

جس طرح متوازن غذا انسانی صحت کے لئے بہت ضروری ہے بالکل اسی طرح اس غذا کو لینے کا صحیح وقت بھی اتنا ہی ضروری ہے اگر وقت مناسب نہیں ہوگا تو وہ غذا آپکو اس طرح سے فائدہ نہیں دے گی جتنا آپ سمجھتے ہیں۔جس طرح دوا وقت پر لینے سے ہی آپکو آرام آتاہے بالکل اسی طرح غذا بھی وقت پر ہی لینے سے آپکو طاقت ملتی ہے دوسری صورت میں مسائل کا سامنا ۔اگر آپ رات جلدی سوئیں گے تو ہی صبح جلدی اٹھ کر صحت بھر ے ناشتے سے دن کے آغاز کے ساتھ پورے دن کو مینٹین رکھ سکیں گے کھانے پینے ،سونے جاگنے اور ورزش میں وقت کی پابندی ہی آپکو اپنی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتی ہیں۔

صبح کا ناشتہ

صبح کے ناشتے کا صحیح وقت صبح سات سے آٹھ بجے تک ہوتاہے صبح دس بجے کے بعد ناشتہ کرنا نامناسب وقت ہے اگر آپ صبح جلدی اٹھ جائیں تو آپ صحیح وقت پر ناشتہ کرسکیں گے بعض لوگ ایسے بھی ہیں جوناشتہ ہی نہیں کرتے وہ بھی ٹھیک نہیں ہے صبح کا ناشتہ آپکی بہتر صحت کے لئے بہت ضروری ہے رات بھر کی فاسٹنگ کے بعد آپکے جسم کو انرجی کی ضرورت ہوتی ہے جسے آپ ناشتے کے ساتھ نہایت احسن طریقے سے پورا کرسکتے ہیں اور ناشتہ بھی ایسا ہونا چاہئے جو آپکو دن بھر کے لئے بھرپورتوانائی مہیاکرے گرمیوں میں گرمی کے حساب سے ٹھنڈک پہنچانے والا ناشتہ لیں ۔ اور گر م چیزوں سے پرہیز کریں۔

دوپہر کا کھانا

اگر آپ صبح ناشتہ جلدی کریں تو ہی دوپہر کا کھانا وقت پر کھا سکیں گے دوپہر کا کھانا ۳۰:۱۲ سے دو بجے تک کھا لینا چاہئے عموماً چار بجے تک لوگ دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں جو انتہائی غلط ہے ناشتہ اور کھانے کے درمیان کم از کم چار گھنٹے کا وقفہ ہونا چاہئے۔اگر آپ کا کھانے کا شیڈول نامناسب ہوگا تو اسکے برے اثرات آپکی صحت پر پڑیں گے کھانا آپکو اسی وقت انرجی فراہم کرے گاجب آپ اسے صحیح وقت اور مناسب مقدار اور صحت کے اصولوں کے مطابق لیں اگرآ پ ایسا کرنے سے قاصر ہیں تو یقیناًآپکو اپنے ڈائٹ شیڈول میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

رات کا کھانا

رات کا کھانا آپ جتنی جلدی کھالیں اتناہی آپکی مجموعی صحت کے لیے اچھاہے۔ رات کے کھانے کا بہترین وقت چھ سے نو بجے تک ہے اور دس بجے کے بعد رات کا کھانا آپکے لئے صحیح نہیں ۔رات کا کھانا سونے سے کم از کم تین گھنٹے پہلے کھائیں اس بات کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اگر آپ رات دو بجے سونے کے عادی ہیں تو ۱۱ بجے کا وقت آپکے لئے مناسب ہے۔ اگر آپ ان اوقات کے درمیان کھانے کے عادی ہیں تو یہ آپکی صحت کے لئے بہت اچھا ہے لیکن عموماً اب ایسا بہت کم ہی دیکھنے میں آتاہے کیونکہ آجکل لوگ دیر رات کھانے کے عادی ہوچکے ہیں انکے سونے ،جاگنے اور کھانے پینے کے تمام اوقات ایبنارمل ہوتے جارہے ہیں جس سے انکی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے
ہیں اور انھیں اس بات کا اندازہ بھی نہیں ہوپاتاکہ انکی غلط روٹین ہی صحت کی خرابی کا بڑا سبب ہے۔

اسنیک کا وقت

جس طرح گاڑی چلنے کے لئے پیٹرول ،چولھا جلنے کے لئے گیس، اسی طرح زندہ اور صحت مند رہنے کے لئے متوازن غذا بہت ضروری ہے ناشتہ کے بعد صبح گیارہ بجے اور شام چار بجے آپ ہلکا پھلکا ناشتہ ضرور لیں گرمی کی مناسبت سے آپ کو ئی پھل یا جوس لے سکتے ہیں ناشتہ کا مطلب سموسے،پکوڑے یا بیکری کے ہیوی آئٹم نہیں۔ اگر آپ ان اوقات میں اسنیک لیتے ہیں تو آپکو انرجی کے ساتھ ساتھ کھانے کی رغبت میں بھی کمی آتی ہے۔ورنہ دوسری صورت نتیجہ یہ نکلتاہے کہ آپ کو زیادہ بھوک لگتی ہے اور جب آپ دوپہر یا رات کا کھانا کھاتے ہیں تو ضرورت سے زیادہ کھالیتے ہیں جو صحت کی خرابی کے ساتھ ساتھ موٹاپے کا سبب بھی بنتاہے۔
ان اوقات پر آپ اسی وقت عمل کرسکیں گے جب آپ اپنی روٹین سیٹ کریں کسی بھی غذا کو وقت پر لینے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے دن کا آغاز دن نکلنے پرہی کریں دوپہر میں نہیں، ورنہ ناشتہ کی جگہ لنچ اور رات کے کھانے کے وقت آپکو اسنیک لینے کی ضرورت پڑے گی جس کے منفی اثرات یقیناًبیماری اور موٹاپے کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...