پیاز کھائیں بیماریاں دور بھگائیں

3,202

پیاز دنیا بھر میں کھائی جانے والی ایک مشہور و معروف سبزی ہے۔ اسکی چند اقسام ہیں لیکن سب ہی اقسام کی تاثیر تقریباً یکساں ہے ۔ یہ قدرت کا انمول تحفہ ہے ۔ ا س میں نشاستہ، پروٹین، نمکیات، فاسفورس، اور وٹامن بی اور ای پائے جاتے ہیں۔پیاز میں موجود اہم صحت کے اجزاء میں سے ایک فلیونائیڈ کیورسیٹن ہے ،جو نہ صرف ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے بلکہ یہ سوزش دور کرنے کی خصوصیات بھی رکھتاہے اور اسکے ساتھ ساتھ دل اور کینسر جیسی دائمی بیماریوں کو روکنے میں مدد کر سکتاہے ۔پیاز میں پائے جانے والے تمام مرکبات طاقتور شفایابی کی خصوصیات فراہم کرتے ہیں۔ پیاز کا شمار ان صحت مند غذائی اجزاء میں ہوتاہے جو ہر خاص و عام آرام سے کھا سکتے ہیں ۔

پیاز غذائیت سے تو بھر پور ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ طبی خصوصیات سے بھی مالا مال ہے۔ پیاززہریلے اثرات سے بچاتی ہے اورو بائی امراض سے محفوظ رکھتی ہے۔سچ تو یہ ہے کہ پیاز میں لہسن کے مقابلے میں زیادہ پولی فینولز پائے جاتے ہیں جو آنت میں فائدہ مند بیکٹیریا کے تناسب میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دن کے کھانے میں کچی پیاز کا استعمال آپکی صحت ، وزن ، اور مدافعتی نظام کے لئے بہت معنی رکھتاہے۔

ذیل میں بیان پیاز کی خصوصیات جاننے کے بعد یقیناًآپ اپنے کھانے میں سلاد کے طور پرپیاز کا اضافہ ضرور کریں گے:

1۔امریکہ کی نیشنل آنیئن ایسوسی ایشن کے مطابق پیاز ایک ایسی غذاہے جو سرطان پیدا کرنے والے مادوں کو روکتی ہے۔ ایک جائزے کے مطا بق وہ افراد جو زیادہ مقدار میں پیاز کا استعمال کرتے ہیں، انمیں پیٹ کے کینسر اور غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ کم ہوتاہے۔ ایک اور مطالعے کے مطابق پیاز میں موجود نامیاتی سلفر سے کینسر کے خطرے کو روکا جاسکتاہے۔
2۔ریسرچ کے مطابق پیازکاعرق خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنے اور کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بنانے کے لئے مفید ہے ۔
3۔پیاز کھانے سے السر پیدا کرنے والے جراثیم کی نشونما کی روک تھام کی جاسکتی ہے اور گیسٹرک السر سے بچا جاسکتاہے۔
4۔پیاز دانتوں کوسڑنے اور منہ کے انفیکشن سے بچاتی ہے ۔دو سے تین منٹ پیاز چبانے سے پیاز میں موجود قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات آپکے منہ اور حلق میں موجود تمام جراثیم کا خاتمہ کردیتی ہے۔
5۔پیاز میں موجود فائیٹو کیمیکل آپکے مدافعتی نظام کو توانائی دے کر ٹاکسن اور ان جراثیم کا خاتمہ کرتاہے جو آپکو مختلف بیماریوں میں مبتلاکرسکتے ہیں۔
6۔ پیاز سے نکسیر کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیاجاسکتاہے پیاز کا سلائس یا پیاز کے عرق میں روئی ڈبو کر ناک کے نتھنے پر رکھنے سے پیاز کی بو سے خون رک جاتاہے۔
7۔پیاز میں موجود سلفرکی اعلیٰ سطح جو امینو ایسڈ پر مشتمل ہے آپکے جسم کو بہترین طریقے سے ڈیٹاکسیفائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔یہ ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جسے آپ جگر کی ڈیٹوکسیفیکیشن کے مقاصد کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔
8۔مطالعہ کے مطا بق پیاز وٹامن ای کی حفاظت اور دوبارہ پیداوار میں مدد کرتی ہے جو ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو دل کی صحت کے لئے فائد ہ مند ہے۔
9۔کچی پیاز میں رات کو شہد اور براؤن شوگر ملاکرچھوڑ دیں چوبیس گھنٹے کے بعد پیا ز ہٹادیں اور بقیہ شہد اور براؤن شوگر آپ کھانسی کے طاقتور شربت کے طور پر استعمال کریں جو بلغم اور سینے کی جکڑن کو ختم کرنے میں مدد کرے گا۔
10۔گرمی کے موسم میں دہی ، لیموںیا سرکہ کے ساتھ پیازکا استعمال لو کے خراب اثرات سے بچاتاہے۔
11۔پیاز کا رس متاثرہ حصے پر ملنے سے خارش میں آرام آتاہے۔
12۔آدھی چھٹانک پیاز کا پانی نہارمنہ پینے سے پتھری ریزہ ریزہ ہوکر خارج ہوجاتی ہے۔
13۔پیاز کو آگ پر بھون کر اسکا عرق نکال کر نمک ملا کرنیم گرم پلانے سے پیٹ درد میں آرام آجاتاہے۔
14۔سر درد میں پیاز کوُ ٹ کر پیروں کے تلوؤں پر ملنے سے آرام آتاہے۔
15۔پیاز میں سرکہ ملا کر کھانے سے معدہ کے امراض جیسے قے،دست اور ہیضہ جیسے مرض میں بھی آرام آتاہے۔
16۔کٹی ہوئی پیاز پر تھوڑا سا نمک ڈال کر کھلانے سے ہچکی فوراً رک جاتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...