نئی ماؤں کو پیش آنے والے5چیلنجز

1,339

ماں بننا ایک بہت دشوار گزار مرحلہ ہے ،اس سے گزرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے ۔ماں بننے کے بعدبچے کی پرورش اس سے بھی مشکل کام ہے۔کوئی بھی لڑکی جب نئی نئی ماں بنتی ہے تو اس کے لئے اپنے بچے کو سنبھالنا ایک امتحان ہو تا ہے ۔اس دور کو انجوائے کرنا اس سے لطف اندوز ہونا بہت ضروری ہے ۔کیونکہ اس کے بغیر آپ اپنے بچے کی مسکراہٹ ،اس کی قلقاریاں ،اس کا رونا ،اس کاہنسناانجوائے نہیں کرسکتیں،جوکہ ایک ماں بننے والی لڑکی کے لئے بہت خوبصورت احساس اور ایک حسین دور ہو تا ہے ۔لیکن اسی دور میں چند ایسے مسائل ا ور چیلنجز بھی آتے ہیں جن سے نئی مائیں گھبرا جاتی ہیں۔ انہیں یہ سمجھ نہیں آتا کہ اس نئی بدلتی صورتحال پر کسی طرح قابو پایا جائے۔

بنیادی مسائل

1۔ شوہر سے بیزاری

نئی ماؤں کو اکثر یہ محسوس ہو تا ہے کہ ان کے شوہر اس نئے مرحلے اور نئے چیلنج میں ان کو سمجھ نہیں رہے ان کا ساتھ نہیں دے رہے۔وہ یہ نہیں سمجھ رہے کہ ان کے لئے بچے کو 24گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن سنبھالنا کتنا بڑا چیلنج ہے ۔جبکہ مرد بچے کی پیدائش کے بعد اپنے اوپر اور پریشر اور ذمہ داری محسوس کرتے ہیں کہ ان کی فیملی میں ایک اور ممبر کا اضافہ ہو گیا ہے۔اس لئے ان کو اور محنت اور ذمہ داری سے اپنی جاب کو دیکھنا ہے ۔یہ باتیں عام طور پر نئی ماؤں کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیتی ہیں ۔

2۔بچے کو سنبھالنے کی جدوجہد

بچے کو سنبھالنا ،خاص کر دودھ پلانا نئی ماں کے لئے بہت مشکل کام ہو تا ہے ۔اس کے علاوہ بھی بچے کی دیکھ بھال کرنے میں ماں کو اپنی فیملی اوردوستوں کا پریشر برداشت کرنا پرتا ہے۔کیونکہ ہر شخص اپنے مشوروں سے نواز رہا ہوتا ہے کہ بچے کو کیسے سنبھالا جائے ۔اگر آپ بچے کو سنبھالنے میں مستقل ٹینس رہیں گی تو پھر بچے کو سنبھالنا اور اس کی کئیر کرنابہت دشوار ہو جائے گا ۔

3۔اپنا آپ برا لگنے لگنا

نئی مائیں اپنے آپ کوموٹا محسوس کرتی ہیں ۔وہ یہ سوچتی ہیں کہ ہمارے وہ تمام کپڑے جو ہم پہلے پہن لیتے تھے اب وہ آنے مشکل ہیں ،یہ چیز ان کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر دیتی ہے،لیکن بغیر کسی مددگار یا کسی فٹنس ٹرینر کے یہ بہت مشکل ہے کہ آپ واپس اپنی شیپ میں آجائیں ۔لیکن آپ کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ اپنی باڈی شیپ کو واپس لانے کے لئے آپ بے تحاشہ ایکسرسائز یا ڈائٹنگ نہ کریں ۔اس سے آپ کی انرجی کم ہو گی اور آپ اپنے بچے کو پوری طرح توجہ نہیں دے سکیں گی۔

4۔ملازمت کا کیا کرنا ہے؟

وہ مائیں جو کہ نوکری پیشہ ہیں،ان کے لئے یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل ہو تا ہے کہ وہ اپنی نوکری جاری رکھیں کہ اپنے بچے کو ٹائم دیں ،کیونکہ آپ کی جاب آپ کی گھر کے کافی مسائل حل کر دیتی ہے۔اس لئے اس کو چھوڑنا ایک مشکل فیصلہ ہو تا ہے ۔اسی لئے اپنی نوکری جس سے آپ کے معاشی مسائل حل ہو رہے ہیں اس میں یا اپنے بچے جس نے ابھی اس دنیا میںآنکھ کھولی ،ان دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا بہت کڑا فیصلہ ہے۔

5۔دیگر ذمہ داریاں پوری کرنا

نئی مائیں اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھنا چاہتی ہیں ۔وہ چاہتی ہیں کہ ان کا گھر ،ان کا بچہ صاف ستھرا ہو ۔خوش ہو ۔وہ اپنے آپ کو ایک سپر مام ثابت کرنا چاہتی ہیں ۔جو کہ ہر کام پر فیکٹ کر سکتی ہے اور ہر چھوٹی بڑی چیز پر ان کی نظر ہو تی ہے۔لیکن نئی بننے والی ماں کے لئے یہ خاصا چیلنجنگ کام ہو تا ہے اور اس کے لئے اس کو بہت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

آسان حل

1۔توقعات نہ بڑھائیں

آپ کا بچہ کہیں آسمان سے نہیں آیا ۔اسی لئے اپنے آپ کو سپر مام نہ سمجھیں بلکہ اگر بچے کو سنبھالنے کے لئے آپ کو کسی کی مدد کی ضرورت ہو تو اس میں ہچکچائیں نہیں ،اور اگر آپ نے کچھ سوچا ہے اور وہ کام آپ کا اس طریقے سے نہیں ہو پایا تو پریشان نہ ہوں بلکہ صورتحال کے مطابق مسئلوں کو حل کرنے کی کوشش کریں ،اور اس سے سبق سیکھیں کہ بعض اوقات کام آپ کی توقع کے خلاف بھی ہو سکتے ہیں ۔اس لئے ایسی سچویشن کو کنٹرول کرنا سیکھیں ۔پریشانی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں کہلایا جا سکتا ۔

2۔چاق و چوبند رہنے کی کوشش کریں

جی ہاں !ایک نئی ماں ہو نے کی حیثیت سے آپ کا چاق و چوبند رہنا ضروری ہے۔لیکن یہ آپ کے لئے بہت اچھا ہو گا کہ آپ اپنے بچے سے ہٹ کر کچھ وقت اپنے لئے بھی نکالیں۔اپنے شوہر یا اپنی فیملی یا اپنی کسی دوست سے یہ درخواست کریں کہ وہ ہفتے میں ایک دن یا چند گھنتوں کے لئے آپ کے بچے کو سنبھال سکے ۔تاکہ آپ اس دن کہیں جم،یا یو گا کلاس یا کہیں چہل قدمی یا کسی اور جسمانی سرگرمی میں حصہ لینے جا سکیں۔

3۔ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں

آج آپ نے ناشتے میں کیا کھایا ،کہیں ایسا تو نہیں کہ آپ اپنے دن کا یہ سب سے اہم کھانا یا خوراک چھوڑ دیتی ہیں ،یا اس وقت اپنے بچے کی فیڈر اور ڈائپر وغیرہ چینج کروانے میں اپنا کھانا بھول جاتی ہیں ۔اگر ایسا ہے تو ٹہرئیے!آپ یہ غلط کر رہی ہیں ،ریسرچ سے یہ پتہ چلا ہے کہ ناشتہ آپ کے دن کا سب سے اہم کھانا ہوتا ہے ،اچھا ناشتہ یا آپ کے دن کا اچھا اسٹارٹ بہت ضروری ہے کیونکہ اس سے آپ کے اندر سارے دن کے کام اور بھاگ دوڑ کے لئے انرجی آتی ہے ،اور آپ اپنے بچے کی دیکھ بھال کے لئے تیار ہو جاتی ہیں۔ناشتہ آپ کو ذہنی اور جسمانی دونوں طرح سے آسودگی فراہم کرتا ہے ۔

4۔سونے کا وقت مقرر کر یں

جی ہاں سونے کا وقت مقررکرنا صرف آپ کے بچے کے لئے ہی نہیں بلکہ آپ کے لئے بھی بہت ضروری ہے۔بہت سی مائیں یہ غلطی کرتی ہیں کہ وہ چائے ،کافی اور شکر کا استعمال بڑھا دیتی ہیں جس کی وجہ سے وہ نیند کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں ۔جو ان کی صحت کے لئے بہت نقصان دہ ہے،اور اس کے مضر اثرات میں وزن کی زیادتی بھی شامل ہے۔دن کے آخر میں آپ کو اپنے آئی پیڈ یا ٹی وی کے آگے بیٹھنے کے بجائے کوشش یہ کرنی چاہیے کہ وقت پر اپنے بستر پر چلی جائیں ۔اپنے بستر پر جلد جانے کے باعث آپ خود یہ محسوس کریں گی کہ آپ کے اندر فریش نیس آ گئی ہے ،اور آپ صبح اٹھ کر اپنے آپ کو تازہ دم محسوس کریں گی۔

5۔چیزو ں کو نارمل لیں

یہ سوچیں کہ جو آپ کے ساتھ ہو رہا ہے یاآپ کی زندگی اور جذبات میں جو تبدیلیاں آئی ہیں وہ بلکل نارمل ہیں اور ہر عورت ہی اس مرحلے سے گزرتی ہے۔ چیزوں کو خود سنبھلنے کا موقع دیں ۔خود پر ہر چیز میں ماہر ہونے کا بوجھ نہ ڈالیں۔ ہر ذمہ داری کے بعد اسے نبھانے کا سلیقہ بھی آہی جاتا ہے بشرط یہ کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے ۔

نئی ماں بننا ایک بہت خوبصورت مرحلہ اور زندگی کا بہت مختلف تجربہ ہے ۔اور اس کے لئے بہت ہمت،اور طاقت چاہیے ہو تی ہے ۔اسی لئے اگرآپ اپنی صحت کی طرف سے لاپرواہ ہو جائیں گی تو اپنے بچے پر بھی توجہ نہیں دے سکیں گی۔بچے کے پہلے سال کو آپ بھی انجوائے کریں اور اپنے بچے کے لئے بھی اس کو خوبصورت بنا دیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...