سردیوں میں حاملہ خواتین کن باتوں کاخیال رکھیں؟
دوران حمل عورت کاہرعمل اس کے بچے پراثرانداز ہوتاہے۔یہی وجہ ہے کہ سردیوں میں ہونے والے بچے کوٹھنڈ سے بچانے کے لئے حاملہ خواتین کا اپنا خیال رکھنا اور خود کو ٹھنڈ سے بچانا بھی ضروری ہے۔سردی سے بچنے کے لئے طاقت،توانائی اور قوت مدافعت کی ضرورت ہوتی ہے جو آپکو غذا اور دیگر طریقوں سے حاصل ہوتی ہے۔ذیل میں دی گئی تجاویز سردی سے بچنے میں آپکے لئے کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں۔
۱۔ورزش کریں
ورزش ہرانسان کیلئے نفع بخش ہے۔دورانِ حمل ماں کی ورزش ماں اور بچے دونوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔اگر آپ ورزش کریں گی تو نہ صرف فعال رہیں گی بلکہ ڈلیوری میں بھی آسانی ہوگی۔ حاملہ خواتین کے لیے خصوصی ورزشیں ہوتی ہیں جن کی معلومات آپ کو اپنے ڈاکٹر سے حاصل ہو سکتی ہے ۔
۲۔دھوپ سے فائدہ اٹھائیں
سردیوں میں دھوپ ضرور لیں۔صبح سے دس بجے تک کسی بھی وقت بیس منٹ کی دھوپ ضرور لیں۔آپکایہ عمل دن بھرتازہ دم رہنے میں آپکی مدد کرے گا۔
۳۔ٹھنڈے پانی سے پرہیز
زیادہ ٹھنڈا پانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے ۔حاملہ کا ٹھنڈے پانی کا استعمال انکے ہونے والے بچے کیلئے پیدائشی ٹھنڈ کاباعث بن سکتا ہے۔اسی طرح ٹھنڈا پانی پینے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈے پانی سے نہانے سے بھی پرہیز کرنا ضروری ہے۔
۴۔پیروں کو ڈھک کررکھیں
سردی کے موسم میں پیروں میں موزے پہنیں۔پیروں کے ذریعے ٹھنڈ آپکے جسم تک پہنچتی ہے جو آپ اور آپکے بچے دونوں کیلئے نقصان دہ ہے۔
۵۔ صحت بخش غذا
حاملہ خواتین سردیوں میں اپنی غذا کاخاص خیال رکھیں۔انڈہ،دودھ،پھل،گہرے رنگ کی سبزیاں،خشک میوہ جات اور مچھلی اپنی غذا میں ضرور شامل کریں۔اس سے نہ صرف آپکو توانائی ملے گی بلکہ آپ سردی کے ممکنہ اثرات سے بھی بچ سکتی ہیں۔
۶۔ٹھنڈی اشیاء سے پرہیز
ٹھنڈی اشیاء جیسے کولڈ ڈرنک،آئسکریم اور دیگر ٹھنڈے جوس وغیرہ کے بار بار استعمال سے احتیاط برتیں۔انکی جگہ جسم کو گرمی اور طاقت پہنچانے والی غذاؤں کا استعمال کریں ۔گھرمیں بنائے گئے تازہ پھلوں کے رس کو بھی برف کے ساتھ یافرج میں ٹھنڈا کرکے استعمال نہ کریں۔
۷۔کپڑوں کادرست انتخاب
سردیوں میں کپڑوں کاانتخاب بہت سوچ سمجھ کرکریں۔شوخ اور گہرے رنگ ٹھنڈے موسم میں آپکے موڈ کو خوشگوار احساس دیتے ہیں۔سویٹرپہنیں،شال اوڑھیں اور سر اور کانوں کو ڈھکنے کے لئے اسکارف یادوپٹہ استعمال کریں۔
۸۔مستقل کام سے پرہیز
نہ تو مسلسل کام کریں نہ مستقل بیٹھی رہیں۔بلکہ پلاننگ کے تحت اپنے تمام کام سرانجام دیں۔مستقل کام میں لگے رہنے سے سردی کے باعث آپکوپیروں اور کمر درد کی شکایت ہوسکتی ہے۔
۹۔ڈپریشن سے بچیں
دوران حمل ڈپریشن عام سی بات ہے لیکن اس سے بچنے کی ہرممکن کوشش کریں۔اپنے آپ کو گھر والوں اور گھریلوامور میں مصروف عمل رکھیں۔اگر آپکی ڈلیوری بھی سردی میں ہوتو آنے والے بچے کیلئے خوبصورت پیاری پیاری سردی سے بچاؤ کی چیزیں جمع کریں۔
۱۰۔خوش رہیں
سردی ہویاگرمی حاملہ خواتین کاخوش رہنا اور خوش رکھنا بہت ضروری ہے۔کیونکہ ماں کی افسردگی بچے کو بھی افسردہ کردیتی ہے۔سردی کو انجوائے کریں۔