جلد سے ظاہر ہونے والے امراض
جلد انسانی جسم کا سب سے بڑا عضو ہے مگر کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ یہ امراض کی پیشگوئی بھی کرتی ہے؟جی ہاں کچھ امراض ایسے ہیں جن کے ہونے کا سب سے پہلے اشارہ جلد پر ظاہر ہوتا ہے۔مگر کیا آپ ان اشاروں سے واقف ہیں جو جلد مختلف امراض کے لیے ظاہر کرتی ہے؟
گلابی دانے یا وردیہ
اس مرض میں جلد سرخ ہوجاتی ہے اور گلابی رنگ کے دانے نکل آتے ہیں، اکثر افراد اس کا علاج نہیں کراتے کیونکہ وہ اسے نقصان دہ نہیں سمجھتے، مگرحالیہ تحقیق کے مطابق یہ کیفیت خواتین میں ڈیمینشیا کے مرض کا خطرہ 28 فیصد تک بڑھا دیتی ہے، خاص طور پر اگر عمر 50 یا 60 سال سے زائد ہو۔تو اس بیماری کا اشارہ ملتے ہی فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیجئے۔
کھلے زخم
بلڈ شوگر طویل عرصے تک بڑھی رہے تو اس کے نتیجے میں خون کی گردش متاثر اور اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے، اس کے نتیجے میں جسم کے زخم بھرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، خاص طور پر پیروں میں یہ زخم نظر آتے ہیں جنھیں ذیابیطس کا ناسور بھی کہا جاتا ہے اور یہ زخم طویل عرصے تک جسم پر موجود رہتے ہیں۔
برص
عام طور پر برص نامی اس مرض کے بارے میں یہ مغالطہ عام ہے کہ یہ مچھلی کھانے کے بعد دودھ پینے کا ری ایکشن ہوتا ہے، تاہم طبی سائنس اس خیال کو یکسر رد کرتی ہے۔درحقیقت یہ اس وقت لاحق ہوتا ہے جب جلد کو اس کی قدرتی رنگت دینے والے خلیات مخصوص رنگدار مادہ کی تیاری چھوڑ دیتے ہیں۔جلد پر نمایاں سفید دھبوں کا نمودار ہونا درحقیقت جسمانی دفاعی نظام کی جانب سے جلدی خلیات پر حملہ کرنا ہوتا ہے جو جلد کو رنگ دینے والے جز میلانن پر ہوتا ہے، تاہم یہ دیگر آٹو امیون امراض جیسے تھائی رائیڈ امراض کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔
مزید جانئے :وہ 7غلطیاں جو مستقبل میں مرووں کے لئے خطرناک ہوسکتی ہیں۔
ہاتھوں میں پسینہ
اگر ہاتھوں پر بہت زیادہ پسینہ آتا ہے تو یہ تھائی رائیڈ امراض کے ساتھ ساتھ جسم سے ضرورت سے زیادہ پسینے کے اخراج کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے، جس میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ اکثر افراد کو اس مسئلے کا سامنا جسم کے ایک یا 2 حصوں میں ہوتا ہے جیسے بغلیں، ہتھیلی یا پیر۔ ڈاکٹر اس کا معائنہ کرکے علاج تجویز کرسکتے ہیں۔
چنبل
اس جلدی مرض میں جلد پر چھلکے سے نمودار ہوجاتے ہیں جبکہ کھجلی اور خارش بھی ہوتی ہے، مگر یہ کچھ سنگین طبی مسائل کی جانب اشارہ بھی کررہے ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس جلدی کیفیت کے شکار افراد میں دل کے امراض کا امکان 59 فیصد جبکہ فالج کا خطرہ 44فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ چنبل اور خون کی شریانوں میں خون کا جمنا ورم کے باعث ہوتا ہے اور یہ چیز دونوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔
خشک اور پھٹی ہوئی جلد والے پیر
یہ ممکنہ طور پر تھائی رائیڈ (سانس کی نالی کے قریب موجود غدود) میں مسائل کی علامت ہوسکتے ہیں خاص طور پر اس وقت جب پیروں کی نمی کا خیال رکھنا بھی بے کار ثابت ہو۔ جب تھائی رائیڈ غدود میں مسئلہ ہو تو وہ تھائی رائیڈ ہارمونز کو تیار کرنے سے قاصر ہوجاتا ہے جو کہ میٹابولک ریٹ، بلڈ پریشر، پٹھوں کی نشوونما اور اعصابی نظام وغیرہ کے لیے کام کرتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق تھائی رائیڈ کے مسائل کے نتیجے میں جلد انتہائی خشک ہوجاتی ہے خاص طور پر پیروں کی جلد پھٹنے لگتی ہے اور حالت میں بہتری نہ آنے پر ڈاکٹر کا رخ کرنا ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔
سیاہ گومڑ یا تل
عام طورپر بہت نمایاں سیاہ تل یا گومڑ جلد کے کینسر کی علامت ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ بریسٹ کینسر، مثانے اور گردے کے کینسر کا خطرہ بھی ان کی وجہ سے بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سورج میں کم گھومنا، متحرک رہنا، صحت بخش غذا اور الکحل سے دوری اس طرح کے جان لیوا کینسر سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔
سوزش جلد
خشک، کھجلی اور جلد پر سرخ نشانات عام طور پر گردن یا کہنیوں کے پاس ظاہرہوتے ہیں، یہ کافی عام جلدی مرض ہے جو بچوں، بڑوں دونوں کو ہوسکتا ہے، مگر یہ ذہنی صحت میں خرابی کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق ڈپریشن یا تناؤ کے ذہنی عارضوں کے شکار افراد میں یہ جلدی مرض نمودار ہوتا ہے، تاہم جلد کی سوزش کا علاج کرانے سے ذہنی صحت (health) میں بھی بہتری آتی ہے۔