کینسر کی 7علامات جو اکثر نظر انداز ہوجاتی ہیں

17,000

کبھی کبھی جسم کے کسی خاص حصے میں بنا کسی ظاہری وجہ کے درد یا تکلیف اٹھ جاتی ہے جو زیادہ تر خود ہی ٹھیک بھی ہوجاتی ہے۔ عموماً ایسے درد کولوگ سنجیدگی سے نہیں لیتے اور ا سکی وجہ جاننے کی کوشش نہیں کرتے ۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق کئی صحت کے عام مسائل ایسے ہوتے ہیں جوکینسر کے خطرے کو ظاہر کرتے ہیں لیکن معلومات کی کمی کی وجہ سے ہم ان پر توجہ نہیں دیتے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر چھوٹی سی تکلیف کو کینسر کی علامت سمجھ لیا جائے لیکن احتیاط پھر بھی علاج سے بہتر ہے ۔

اگر مندرجہ ذیل میں سے کوئی بھی علامت محسوس ہو تو کسی ماہر معالج سے مشورہ لینا ضروری ہے:

1۔گٹھلی بن جانا

جسم کے کسی حصے میں گٹھلی سی بن جائے تو ضرور ڈاکٹر سے معائنہ کرا لینا چاہیے۔ خصوصاًخواتین کے سینے میں گٹھلی نمایاں ہونا چھاتی کے کینسر کا خطرہ ظاہر کرتا ہے ۔ اپنی بریسٹ کا خود معائنہ کریں اور کوئی بھی غیر معمولی تبدیلی محسوس ہونے پر بریسٹ اسپیشلسٹ سے رابطہ کریں ۔

2۔ کھانسی یا آواز بیٹھ جانا

سردی یا فلو کے باعث کھانسی ہو نا تو ایک عام بات ہے ۔ البتہ اگر کھانسی طویل عرصے تک جاری رہے اور ٹھیک ہونے کا نام نہ لے تو یہ تھائی رائیڈ یا گردوں کے کینسر کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے ۔ مستقل کھانسی رہنا ان اقسام کے کینسرز کی ایک عام اور ابتدائی طور پرمحسوس کی جانے والی علامت ہے ۔

3۔رفع حاجت کے اوقات میں بے ترتیبی

اگر اکثر قبض یا دست کی شکایت رہتی ہو یا پھر کچھ کھا کر فوراًپیٹ میں درد ہو یا پھر رفع حاجت کا کوئی وقت مقرر نہ ہو پائے تو بھی ڈاکٹر سے مشورہ لینا بہتر ہے ۔ اکثر یہ علامتیں بڑی آنت کے کینسر میں ظاہر ہوتی ہیں ۔ اس کے علاوہ پشاب میں خون کااخراج ہو یا رفع حاجت کے وقت شدید تکلیف محسوس ہو تو بھی ڈاکٹر سے معائنہ کرا لینا چاہیے ۔

4۔بے وقت کا درد

کبھی ایسا ہوتا ہے کہ بیٹھے بیٹھے جسم کے کسی حصے میں اچانک درد اٹھتا ہے ۔ ہر درد کسی مرض یا مسئلے کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ ہڈیوں میں ہونے والا درد ہڈیوں کے کینسر کی علامت ہو سکتا ہے ۔

5۔ وزن کا اچانک گر جانا

امریکن کینسر سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق اگر بغیر کسی وجہ کے دس یا اس سے زیادہ پاؤنڈز وزن گھٹ جائے تو یہ کینسر کی ابتدائی علامات میں سے ایک ہو سکتا ہے ۔ یہ علامت عموماً معدے، پھیپھڑے یا لبلبے کے کینسر کی ہو سکتی ہے ۔

6۔خون بہنا

کھانسی میں خون کا آنا پھپھڑوں کے کینسر کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے ۔ عورتوں کے سینے میں خون کا اخراج بریسٹ کینسر کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ گردوں کے کینسر میں پشاب میں خون آنے لگتا ہے ۔ غیر معمولی بلیڈنگ کینسر کے کسی بھی مرحلے میں ہوسکتی ہے ۔

7۔تل یا مسوں کی ساخت میں تبدیلی

اس قسم کی جسمانی تبدیلی کو شاید ہی کوئی توجہ دیتا ہو ۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ مسوں یا تل میں ہونے والے تبدیلی جلد کے کینسر کی علامت ہو سکتی ہے ۔ جلد کے کینسر کی کئی اقسام ایسی ہیں جو قابل علاج ہیں ۔ لہذا ایسی کوئی تبدیلی محسوس ہو تو ضرور کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...