کافی سردیوں میں جلد کی دیکھ بھال کے لئے لازمی

2,240

ہم میں سے اکثر لوگوں کی صبح کا آغاز کافی سے ہوتا ہے کیونکہ کافی جسم میں چستی لاکر تازہ دم رکھتی ہے۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کافی جلد کے لئے بھی بے حد مفید ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ جلد پر کافی کو کس کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کافی جلد کی بہترین دوست

کافی میں اینٹی اوکسی ڈنٹ موجود ہیں:

اینٹی اوکسی ڈنٹ جلد کو فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان سے بچاتے ہیں ۔اور کافی میں اینٹی اوکسی ڈنٹ وافر مقدار میں موجود ہیں جو جلد کو بڑھتی عمر کے اثرات سے بچاتے ہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ کافی (خاص طور پر کافی کا تیل )جلد پراینٹی ایجنگ کریم کی طرح اثردکھاتا ہے۔کافی کے بیج جلد میں کولاجن اور لچک کو بڑھاتے ہیں ۔جس سے جلد سخت نظر آتی ہے۔
اس کے علاوہ کافی جلد کی سطح کی خشکی دورکرکے اسے نمی فراہم کرتی ہے۔کافی میں اینٹی مائکروبیل اور اینٹی فنگل خصوصیات بھی ہیں جوجلد کو جراثیم سے محفوظ رکھتی ہیں ۔

جلد کو الٹرا وائلٹ ریز سے محفوظ رکھتی ہے:

الٹرا وائلٹ ریز جلد کے لئے نقصان دہ ہیںجن کی وجہ سے جلدی بیماریوں کا خدشہ ہوتا ہے۔کیفین جلد کو الٹراوائلٹ کارسینوجن سے بچاتی ہے۔ایک اور تحقیق کے مطابق کافی ڈی این اے کو نقصان پہنچنے سے بچاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ کافی کے عادی لوگ جلد کے کینسر میلا نوما سے محفوظ رہتے ہیں ۔
لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کافی کے استعمال کے بعد سن اسکرین کی ضرورت نہیں رہتی جلد کو دھوپ سے جھلسنے اور ایجنگ کے اثرات سے بچانے کے لئے سن اسکرین کا استعمال ضروری ہے۔

جلد کو نرم وملائم اور چمکدار بناتی ہے:

کافی جلد کے نئے ٹشوز بنانے میں مدد دیتی ہے۔یہ پرانے سیلز کی جگہ نئے سیلز کی نشونما کرتی ہے جس سے کولاجن بڑھتا ہے اور جلد کی نمی اور لچک میں اضافہ ہوتا ہے۔

مزید جانیں: سردیوں میں ہاتھوں کو نرم وملائم بنانے کے ٹوٹکے

دوارن خون کو بڑھاتی ہے:

کافی دوران خون تیز کرتی ہے جس کی وجہ سے جلد صحت مند اور توانا رہتی ہے۔اس کے علاوہ ٹشوزکی سوجن کو کم کرکے جلد کے پھولے ہوئے حصوں کو درست کرتی ہے۔آپ کافی کے آئس کیوبس جما کر وقت ضرورت متاثرہ حصوں پر استعمال کرسکتے ہیں۔
کافی پینے کے علاوہ آپ اسے بالوں اور جلدکو خوبصورت بنانے کے لئے مختلف طریقوں سے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

مزید جانیں: خون پتلاکرنے والی دواؤں کا استعمال اورممکنہ مضر اثرات

مختلف طریقہ استعمال

اسکرب :

کافی کو اسکرب کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔یہ بہترین اسکرب ہے جو جلد کو نقصان نہیں پہنچاتا۔ کافی کے استعمال شدہ دانوں کو براؤن شوگر اور زیتون کے تیل کے ساتھ ملائیں۔اچھی طرح مکس کرکے چہرے پر گولائی میں ملیں ۔اس طرح جلد کے مردہ سیلز صاف ہو جائیں گے۔

مزید جانیں: لیموں کا اسکرب ہاتھ،پاؤں، چہرے کی جلد کے لئے

سر کی جلد کو ایکس فولیٹ کرنے کے لئے:

یہ ایک اچھا ایکس فولی ایٹر جوسر پر موجودخشکی، کھرنڈ اور مردہ خلیات کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ آدھا کپ استعمال شدہ کافی کے دانوں کو گیلے سر پر دو منٹ کے لئے ملیں ۔پھر عام صابن اور کنڈیشنر سے دھولیں ۔

اینٹی سیلیولائٹ باڈی اسکرب کے لئے:

کافی باڈی اسکرب کے لئے بھی بہترین ہے جو جسم کے مختلف حصوں میں جمع ہونے والی چربی کو ختم کرتی ہے۔یہ اسکرب جلد کو ٹائٹ کرکے جگہ جگہ جم جانے والی چربی کو ختم کردیتا ہے۔اسکرب بنانے کے لئے کافی کے دانوں میںایک چمچ زیتون کا تیل اور شکر ملائیں ۔یہ مکسچر متاثرہ حصوں پر گولائی میں ملیں ۔اپنی جلد کے لحاظ سے آپ اسے روزانہ بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔

جلد کو چمکدار بنانے کے لئے:

سرخ وسفید ،چمکدار جلد کے لئے آپ کافی کا ماسک بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔آدھا کپ کافی میں چند چمچ دودھ شامل کرکے اچھی طرح ملاکر گاڑھا مکسچر بنا لیں ۔اس مکسچر کو ماسک کے طور پر چہرے پر لگائیں اور ۱۰سے۱۵ منٹ کے لئے لگا رہنے دیں ۔پھر نیم گرم پانی سے دھولیں ۔یہ فیس ماسک جلد کے مردہ خلیات کو ختم کرکے جلد کو چمکدار بنا دے گا ۔
۔چوتھائی چمچ کافی میں ایک چمچ دہی شامل کرکے اچھی طرح ملائیں پھر آہستہ آہستہ چہرے اور گردن پر ملیںاور ۵ منٹ کے لئے لگا رہنے دیں۔نیم گرم پانی سے دھولیں۔جلد چمکدار اور نرم وملائم ہو جائے گی۔
ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ سے زیادہ استعمال نہ کریں۔

باڈی پالش:

آدھا کپ شکر،دو کھانے کے چمچ استعمال شدہ کافی اور چوتھائی کپ بادام کا تیل ملا کر نہاتے وقت پورے جسم پر ملیں ۔خشک اور کھردرے حصوں جیسے کہنیوں اورگھٹنوںپر خاص دھیان دیں۔پھر اچھی طرح دھولیں ۔آپ کی جلدریشم جیسی ملائم ہوجائے گی۔

پیروں کا اسکرب:

پیروں کی جلد جسم کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں زیادہ سخت ہوتی ہے۔اس لئے اسے رگڑنا بھی زیادہ پڑتا ہے۔چوتھائی کپ کافی ،ایپسم سالٹ اور زیتون کا تیل ملا کرپیروں خاص کرایڑھیوں کو اچھی طرح ملیں ۔اس سے ایڑھیوں کی خشک جلد صاف ہوکر نرم وملائم ہو جائے گی۔

پھٹے ہوئے ہونٹوں کے لئے:

خشک ہونٹوں کو نرم کرنے کے تھوڑی سی کافی میں ناریل کا تیل ملا کر ہونٹوں پر آہستہ آہستہ ملیں پھر صاف ،گیلے کپڑے سے پونچھ لیں۔

سوجی ہوئی آنکھوں کے لئے:

کافی دوران خون تیز کرنے کے ساتھ آنکھوں کی سوجن بھی کم کرتی ہے۔اپنی اینٹی اوکسی ڈنٹ خصوصیات کی بناء پرکافی خون کی نالیوں کو سکیڑتی ہے جس سے آنکھوں کی سوجن کم ہوتی ہے۔جب بھی کافی بنائیں اس کے استعمال شدہ دانے نکال کر ایک طرف رکھ دیں اور انھیں ٹھنڈا ہونے دیں۔ان دانوں کو آنکھوں کے نیچے اورپپوٹوں کے اوپر چند منٹ کے لئے رکھیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ۔آنکھوں کی سوجن ختم کرنے کے لئے کافی سے بنے آئس کیوبس بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔

کافی کو ایکنی کے لئے استعمال نہ کریں:

یہ حقیقت ہے کہ کافی جلد کو نرم ملائم بناتی ہے ۔لیکن جب ایکنی کی بات ہو تو اسے ختم کرنے کے لئے کا فی کا استعمال صحیح نہیں۔ کسی طرح کا بھی اسکرب ایکنی کو صاف نہیں کرسکتا کیونکہ اسکرب صرف جلد کی اوپری سطح کو صاف کرتا اور مساموں تک نہیں پہنچ پاتا جبکہ ایکنی مساموں کے اندر پرورش پانے والے بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔

اسکرب کرنے سے ایکنی پیدا کرنے والے عوامل ختم نہیں ہو پاتے مزید یہ کہ کافی کا اسکرب کافی سخت ہوتا ہے جو دانوں کی سوزش کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...