اپنی ناکامی کاسامنا بہادری سے کیجئے

2,129

ہم چاہتے ہیں کہ ہماری زندگی ہمیشہ آرام و سکون سے گزرے ۔ہمیں کبھی بھی کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔لیکن اس کے برعکس انسانی زندگی میں نشیب وفراز تو آتے ہی رہتے ہیں ۔پرسکون زندگی میں ایسا وقت بھی آتا ہے جسے گزارنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم امتحان کی جیسی تیاری کرتے ہیں ویسے نمبر نہیں آ پاتے یا آفس میں اچھی کارکردگی کے باوجودترقی نہیں ہوپاتی اورجب ہمیں ناکامی کا سامنہ کرنا پڑتا ہے تو ہم مایوس ہو جاتے ہیں ۔ناکامی کا سامنا اس طرح کریں کہ یہ آپ کے اندر اور زیادہ محنت کرنے کی لگن پیدا کردے ۔

ناکامی کا سامنا کرنے کے طریقے:

ناکامی کو قبول کیجئے:

ناکامی کے بعد آپ خودکو غیر محفوظ سمجھنے لگتے ہیں اور کبھی تو بیماربھی ہوجاتے ہیں۔اگر آپ صرف آسانیوں کے ہی عادی ہیںتو اس سے نمٹنا خاصا مشکل ہوجاتا ہے۔اس کے لئے سب سے پہلے تو اپنی ناکامی کا اعتراف کرنا ہے۔اس بات کو بھی اپنے ذہن سے قبول کیجئے کہ کوئی بھی چیز ہمیشہ بالکل صحیح نہیں ہو سکتی اور اگر کچھ غلط ہوا ہے تو وہ ہمیشہ نہیں رہے گا ۔اس لئے اسی بات پر افسوس ہی نہ مناتے رہیں کہ آپ کے ساتھ جو ہوا وہ غلط ہوا ہے۔اس بات کو مانیں کہ آپ کی زندگی میں آنے والی پریشانیاں وقتی ہوتی ہیں جوایک وقت پر آکر ختم ہو جاتی ہیں اور حالات پھر سے بہتر ہو جاتے ہیں ۔وہ کہتے ہیں نہ کہ اندھیرے کے بعد پھر اجالا ہوتا ہے۔

مثبت سوچ رکھیں :

اپنی ناکامی کے بارے میں مثبت انداز میں سوچیں ۔صرف اپنی غلطیوں کے بارے میں ہی نہ سوچتے رہیں ۔لیکن جب سیکھنے کا وقت ہو تو اپنی غلطیوں کو ضرورمد نظر رکھیں۔تاکہ اگر آپ کے ساتھ دوبارہ ایسا ہو تو آپ کو پتہ ہو کہ اس موقع پر آپ کا طرز عمل کیا ہونا چاہئے۔

اب آپ کی کیا ذمہ داری ہے:

نوجوانی میں ناکامی کا سامنا کرنا اور زیادہ مشکل ہوتا ہے۔مثال کے طور پر اگر آپ کے امتحان کا نتیجہ خراب آیا ہے۔تو آپ کو دیکھنا ہوگا کہ آئندہ کیا تبدیلی لانی ہے۔اچھی کامیابی کے لئے پڑھائی کا انداز بدلنا پڑے گا اورزیادہ سخت شیڈول بنانا ہوگا ۔آپ کو یہ بھی جاننا ہوگا کہ کیا چیز آپ کے لئے نقصان کا باعث بنی اور آپ کہاںکم زور پڑے۔اس طرح آپ اپنے قدم جما کر کھڑے ہوسکیں گے اور ناکامی کا سامنہ کرنا آپ کے لئے نہایت آسان ہو جائے گا ۔

اپنادھیان بٹائیں:

اگر آپ کو ناکامی کا سامنا ہوہی گیا ہے اور آپ اس کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکتے تو اس کو لیکر پریشان ہونے کے بجائے اپنا ذہن دوسری طرف لگائیں ۔اپنی پریشانی کو بالکل چھوڑکر ایسا کام کرنا شروع کردیں جس سے آپ کو خوشی حاصل ہو۔جوگنگ یا سائیکلنگ کریں تاکہ آپ کے سارے جذبات پسینے کے ساتھ بہہ جائیں کیونکہ اگر آپ پریشانی میں بستر کا سہارا لیں گے تومعمولی پریشانی بھی بہت بڑی لگنے لگے گی۔

ہر بات میں مصلحت ہوتی ہے:

ناکامی سے نمٹنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس بات کو ذہن میں رکھئے کہ ہر کام میں کوئی نہ کوئی مصلحت ہوتی ہے۔ایک وقت پر ہونے والی ناکامی آگے جاکرہمارے لئے کامیابیوں کے دروازے بھی کھول دیتی ہے۔بشرطیکہ کہ اس سلسلے میں ہمارا مثبت ذرائع سے واسطہ پڑتا رہے۔


مزید جانئے :یوگا کے حیرت انگیز فوائد


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...