آنکھوں کو روشن اور چمک دار بنانے کے مفید ٹوٹکے
دنیا کے ہر ملک کے شاعر اپنی محبوبہ کی آنکھوں کی تعریف کرتے ہوئے ہی نظر آتے ہیں اور یہ حقیقت بھی ہے کہ آنکھیں انسان کی پوری شخصیت کی عکاسی کرتی ہیں ۔آنکھیں اگر چمک دار ،روشن اور شادابی ہوں تو چہرہ خود بخود خوبصورت دکھنے لگتا ہے ۔بعض اوقات آنکھیں صحت مند ہونے کے باوجود بھی چمک دار نہیں دکھتیں تو اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جیسے آنکھوں کا صاف نہ ہونا ، گردوغبار والی جگہ پر مستقل کام کرنا ، نیند پوری نہ ہونا ۔
اس عید اگر آپ اپنی آنکھوں کو خوبصورت اور پر کشش بنانا چاہتے ہیں تو چند آسان گھریلو ٹوٹکے ابھی سے ہی آزمانا شروع کردیں
کھیرے کا استعمال
کھیرے میں موجود پانی کی مقدار آپ کی آنکھوں کی چمک میں اضافہ کرتا ہے ،صرف دس منٹ روزانہ ٹھنڈے کھیرے کے باریک سلائس اپنی آنکھوں پر رکھیں اور اپنی آنکھوں کی چمک میں اضافہ کریں ۔
وہ افراد جن کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ گئے ہوں اور مستقل رہتے ہوں انھیں کھیرے کو مسلنے پر نکلنے والا سفید جھاگ حلقوں پر لگانا چاہئے ۔
زیتون کا تیل اورٹی بیگ کا استعمال
استعمال شدہ گرین ٹی بیگ پھینکنے سے پہلے ایک دفعہ اپنی آنکھوں پر استعمال کر کے دیکھیں آپ کبھی بھی ٹی بیگ ضائع کرنا پسند نہیں کریں گے ۔ گرین ٹی میں بائیو فلیوونائڈز ہوتے ہیں جو آنکھوں کے گرد پڑنے والے حلقوں کو منٹوں میں دور کر دیتے ہیں ۔گرم ٹی بیگ کو فریزر میں ڈال کر ٹھنڈا کر لیں ۔ اس دوران اپنی آنکھوں کے پپوٹوں اور ارد گرد کی جگہوں پر زیتون کا تیل لگا کر انگلی سے گول دائرہ میں مساج کریں پھر ٹھنڈے گرین ٹی بیگ دس منٹ کے لئے آنکھوں پر رکھیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ۔اس عمل سے نہ صرف آنکھوں کی جلن ،میلا پن اور سوجن دور ہوتی ہے بلکہ آنکھیں مزید روشن اور چمک دار دکھتی ہیں ۔
بادام کا اسکرب
ہماری جلد پر لگنے والا کوئی بھی وٹامن یا پروڈکٹ جلد کی تہہ میں جذب ہوتا ہے اس لئے آنکھوں کے لئے بادام کھانا جتنا فائدہ مند ہو سکتا ہے اتنا ہی بادام کا پیسٹ جلدکے لئے بھی مفید ہوتا ہے ۔ ہماری آنکھوں کو خوبصورت بنانے میں وٹامن ای کی خاص ضرورت ہوتی ہے جو بادام میں کثرت سے پایا جاتا ہے آپ اپنی آنکھوں کو دل کش بنانے کے لئے بادام کے چھلکے اتار کر انھیں پیس کر رکھ لیں ۔روز رات کو سوتے وقت اس پاؤڈر میں ٹھنڈا دودھ مل کر پیسٹ بنا کر آنکھوں کا مساج کریں اس اسکرب سے آنکھوں کے مردہ خلئے دور ہوں گے جس سے آنکھیں روشن اور اجلی ہوئی نظر آئیں گی ۔
دودھ کا استعمال
آنکھوں میں چوٹ لگی ہو یا تیز روشنی برداشت نہ ہوتی ہو یا پھر آنکھوں میں میلا پن آرہا ہو ایسے میں ٹھنڈا دودھ آنکھوں کو آرام دیتا ہے بلکہ آنکھوں کی چمک بھی واپس لاتا ہے ۔ نرم اور صاف روئی کو دودھ میں بھگو کر آنکھوں پر رکھیں ۔چاہیں تو رات بھر لگا رہنے دیں ۔ اگر دودھ کی دو بوندیں آنکھوں میں ڈال لی جائیں تو بھی آ نکھیں صاف اور روشن ہو جاتی ہیں
آنکھوں کی ورزش سے آنکھوں کو روشن اور چمک دار بنائیں
۱۔آنکھوں کو سکون دینے کے لئے روزانہ سونے سے قبل ورزش کرنا اپنا معمول بنا لیں ۔ایک پین کو ۵ منٹ تک لمبائی میں حرکت دیں اور ۵ منٹ تک چوڑائی میں حرکت دیں اس دوران پین کو غور سے دیکھتے رہیں
۲۔ آنکھوں کو زور سے بندھ کریں اور پھر تیزی سے آنکھیں کھولیں ۔جتنی زیادہ آنکھیں کھولیں اتنا بہتر ہے یہاں تک کہ آنکھوں سے پانی آنا شروع ہو جائے ۔
۳۔ آنکھوں کو گول گول گھمائیں ۔ آنکھوں کو پہلے بائیں طرف اور پھر دائیں طرف گھمائیں ۔ پھر آنکھوں کو ہتھیلی سے دبائیں اور کچھ دیر کے لئے چھوڑ دیں اس سے نہ صرف آنکھوں کو آرام ملے گا بلکہ آنکھیں روشن ہوں گی ۔
۴۔ دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں کو کٹوری جیسا بنا کر آنکھوں کو ڈھانپ لیں اس سے آنکھوں کے چاروں طرف اندھیرا ہو جائے گا ۔ پھر آنکھیں کھول کر ایک منٹ تک اس اندھیرے کو دیکھیں اس سے آنکھوں کی تکان سرخی اور بے رونقی دور ہوتی ہے ۔
آنکھوں کو صاف کرنے کے لئے سونف کا استعمال
سونف آنکھوں کے لئے بہت مفید ہوتی ہے اسے چبانے سے آنکھیں تیزہوتی ہیں لیکن ساتھ ہی اسے آئی کلینر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ آدھا کپ سونف کو دوکپ پانی میں ابال لیں یہاں تک کہ پانی آدھا رہے جائے ۔ اب اس پانی کو چھان کر ٹھنڈا کر کے آنکھوں کو صاف کر نے کے استعمال کریں ۔ آنکھوں کی روشنی اور چمک بڑھانے میں سونف کا پانی انتہائی مفید ہے ۔
دار چینی اور شہد کا لیپ استعمال کریں
شہد تو ہر لحاظ سے آنکھوں کے لئے مفید ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ اگر دار چینی کا استعمال کیا جائے تو آنکھوں کے لئے اس کی تاثیر میں اور اضافہ ہو جاتا ہے ۔ایک چمچ شہد میں دو چٹکی دار چینی کا پاؤڈر ملا لیں اور آنکھوں پر اور ارد گرد اچھی طرح لگا لیں اور پندرہ منٹ بعد آنکھیں دھو لیں ۔صبح سویرے یہ عمل کرنے سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے
سرسوں کے تیل کا استعمال
سرسوں کے تیل کو اگر تلووں پر لگایا جائے اور ہلکے ہاتھوں سے مالش کی جائے تو آنکھوں کی روشنی اور چمک میں اضافہ ہوتا ہے ۔
گھاس پر چلنا
صبح سویرے ننگے پاؤں گھاسپر چلنے سے آنکھوں کی روشنی میں اضافہ ہوتا ہے ۔
مزید جانئے :خون کا عطیہ صحت کے لئے مفید کیسے؟