مرد وں کو لاحق صحت کے ان چھ خطرات سے کس طرح نمٹنا چاہئیے

4,709

ہمارے معاشرے میںروزی کمانا زیادہ تر مرد کا کام ہوتا ہے اس لئے حقیقت میںمرد کو طاقتور بھی ہونا چاہئے۔عام طور پر گھر کے سربراہ کو سپر مین کی طرح سمجھا جاتا ہے،لیکن دن کے اختتام پر وہ بھی کمزوری یا طبیعت میں ناسازی محسوس کر سکتا ہے۔صحت کے معاملے میں مردوں کو کچھ مسائل کا سامناکرنا پڑجاتا ہے جنھیں اگر وہ نہ جان سکیں تو یہ مستقبل میں ان کے لئے کافی بڑا مسئلہ بن جاتے ہیں۔عمر کے بڑھنے کے ساتھ صحت کو لاحق خطرات بھی بڑھتے جاتے ہیں ۔
ایک تحقیق کے مطابق ۵۰ سال کی عمر کے بعد مردوں کو دل کے امراض اور نا مردی جیسے مسائل کا سامنہ بھی کرنا پڑجاتا ہے۔۶۰ سال کی عمر کے بعد انھیں پروسٹیٹ اور ڈیمینشیاء کے خطرات محسوس ہونے لگتے ہیں ۔ایسے مرد جن کے باپ یا بھائی ان امراض کا شکار ہو چکے ہوں انھیں اس کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے لہٰذا ان سے بچنے کے لئے انھیں حفاظتی اقدامات کرناپڑتے ہیں۔
ذیل میں مردوں کے کچھ مسائل اور ان سے نمٹنے کے طریقے درج کئے جا رہے ہیں:

دل کے مسائل:

اگر آپ کی فیملی ہسٹری میں دل کا مرض موجود ہے اور آپ کا بلڈپریشر اورکولیسٹرول لیول بڑھا رہتا ہے توآپ کا ڈاکٹر بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو نارمل کرنے کے لئے دوا تجویز کرے گا ۔اگر اسے لگے گا کہ آپ کو دل کی بیماری کا خطرہ لاحق ہے تو وہ اس کے لئے کچھ ٹیسٹ بھی کروائے گا تاکہ آپ کا صحیح طرح علاج ہوسکے۔صحیح علاج کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کریں،اس سے صحیح دوا تجویز کروائیں اور اس کے مشورے پر پوری طرح عمل کریں۔

ذیابیطس:

پاکستان میں ۴ افرادمیں سے ایک دائمی یاابتدائی شوگر میں مبتلا ہوتا ہے۔زیابیطس دوسری بیماریوں کی جڑ ہے جن میں آنکھ کی بیماریاں ،دل کے مسائل،فالج اور گردے فیل ہوجانا شامل ہیں ۔یہ جسم کے بہت سے اعضاء کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔اگر آپ زیابیطس کے ابتدائی اسٹیج پر ہیں تو متوازن اور صحت بخش غذاکا استعمال کرکے اور ایکٹو رہ کر آپ اس کے نقصانات سے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔وزن پر قابو پانے اور بلڈپریشر کو کم کرنے کے ساتھ آپ کے لئے سگریٹ نوشی بھی ترک کرنا ضروری ہے۔زیابیطس کا بڑھتا ہواتناسب پاکستانی آبادی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے ،لہٰذا مردوں کو اس کی مکمل معلومات ہونی چاہئے۔

فالج:

فالج سے بچنے کے لئے اس کی ابتدائی علامات سے آگاہی ضروری ہے۔ہاتھ، پیروںاور چہرے کا سن ہونا ،بات سمجھ میں نہ آنا ، آنکھوں کی کمزوری ،سر درد،چلنے میں مشکل ہونا ،اس کے علاوہ کمزوری اور بے سکونی بھی فالج کی علامات میں شامل ہیں ۔اگر آپ یہ علامات محسوس کریںتو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریںاور علاج اور دوا شروع کردیں۔

وزن پر قابو پائیں :

عمر بڑھنے کے ساتھ جسم میں میٹا بولزم کا عمل سست ہوتا جاتا ہے۔لہٰذا متوازن اور صحت بخش غذا کا استعمال نہایت ضروری ہے ۔ساتھ ہی کھانے کی مقدار اور وقت پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ایک وقت میں زیادہ مقدار میں کھانے کے بجائے اپنی خوراک کو پانچ چھ حصوں میں تقسیم کرلیں۔جسم کی لچک اور کارکردگی برقرار رکھنے کے لئے روزانہ ورزش کریں ۔عمر کے بڑھنے کے ساتھ اپنے موٹاپے پر دھیان دیں ۔ توانائی بخش غذا ،روزانہ ورزش اورصحت مند وزن آپ کو شوگر اور جوڑوں کے درد سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

پروسٹیٹ کینسر:

مرد کے پروسٹیٹ گلینڈز میں ابنارمل سیلز کی افزائش پروسٹیٹ کینسر کی وجہ بنتی ہے۔یہ گلینڈز یوری نری بلیڈر کے بالکل نیچے ہوتے ہیں ۔پروسٹیٹ کینسر عام طور پر ہونے والے کینسروں میں سے ایک ہے ،لیکن ابتدا میں ہی اس کی تشخیص اور علاج جسم میںکینسرکو مزید پھیلنے سے بچا لیتا ہے ۔
اگر کسی شخص کے والد یا بھائی کو پروسٹیٹ کینسر ہوچکا ہے تو اسے اس بیماری میں مبتلا ہونے کے پیش نظر اسکرین ٹیسٹ کروانا چاہئے۔اس بیماری کی جانچ کے لئے ڈاکٹر عام طور پر خون کا ایک خاص ٹیسٹ پی۔ایس۔ٹی کرواتے ہیں ۔اس بیماری میں مبتلا زیادہ تر مرد ۶۰ یا ۶۵ سال سے زیادہ عمر کے ہوتے ہیں ۔اسکریننگ کے فوائد اور نقصانات جاننے کے لئے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ٹیسٹس ٹیر ن لیول کم ہونا اور نامردی:

عام طور پرزیابیطس کے مریض یا وہ مرد جن کا پروسٹیٹ گلینڈ نکال دیا جاتا اس مسئلے کا شکار ہوتے ہیں۔نامردی کا شکار لوگوں میں دل کی بیماریوں اور فالج کے امکانات ۶. ۱ گنا تک بڑھ جاتے ہیں۔اس لئے ضروری ہے کہ نامردی کا علاج کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے۔ڈاکٹروں کے مطابق ٹیٹس ٹیرن لیول کم ہونے کی وجہ سے مرد زیادہ خوفزدہ ہو جاتے ہیں ۔ اگر آپ کو ٹیسٹس ٹیرن لیول کم ہونے کی علامات دکھائی دیں تو اپنے ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق آپ کو خون کا ٹیسٹ کروانا چاہئے۔
اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے اگر آپ جسما نی اور معاشرتی طور پر ایکٹو رہیں گے تو مٹاپے،دل کے دورے ،فالج اور ڈیمینشیاء کے خطرات کو کم کرسکتے ہیں ۔یاد رکھئے جو چیز آپ کے دل کے لئے اچھی ہے وہی دماغ کے لئے بھی اچھی ہے۔پابندی کے ساتھ چیک اپ اور اسکریننگ آپ کی صحت اور جسمانی طاقت کے لئے نہایت ضروری ہے۔

ڈاکٹرکی ہدایات:

مردوں کو خاندان میں چلنے والے امراض خاص طور پر دل اور کولیسٹرول سے متعلق بیماریوں سے آگاہ ہوناچاہئے۔اگر ان کے والد ،کزن یا بھائی کی موت ۵۵ سال کی عمر سے پہلے یا والدہ کی ۶۰ سال کی عمر سے پہلے دل کے دورے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے تو ان کے لئے دل اور کولیسٹرول کے مسائل کے بارے میں جاننا نہایت ضروری ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...