بواسیر ؛احتیاط اورعلاج

50,070

بواسیر کی تکلیف بڑی آنت کے دہانے پر نسوں کی سوجن کی وجہ سے ہوتی ہے۔درد،سوزش اور خون آنا اس کی عام علامات ہیں ۔ بواسیر کی تکلیف آنت کے اندر اور باہر دونوں جگہ ہو سکتی ہے۔
بواسیر کی شکایت عام ہے جو چند ہفتوں میں خود ہی ختم ہو جاتی ہے۔یہ تکلیف کم یابہت زیادہ بھی ہوسکتی ہے ۔ گھریلو ٹوٹکوں سے اس کی تکلیف کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

ایلو ویرا:

ایلو ویرا میں اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات موجود ہیں جو سوزش کو کم کرتی ہیں ۔بواسیر کے لئے ایلو ویرا کے پتے سے نکالا گیاخالص جیل استعمال کرنا چاہئے۔کچھ لوگوں کوایلوویرا سے الرجی بھی ہوتی ہے خاص طور پر جنھیں لہسن اور پیاز سے الرجی ہو ۔ایسے لوگوں کو پہلے اسے ہاتھ پرلگا کر دیکھنا چاہئے کہ اس سے کسی قسم کی الرجی تو نہیں اس کے بعد اسے بواسیر کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

گرم پانی :

باتھ ٹب میں گرم پانی ڈال کر بیٹھیں اس میں چاہے تو ایپسم سالٹ بھی ملا لیں۔رفع حاجت کے بعد 20منٹ کے لئے گرم پانی میں بیٹھنے سے کافی سکون حاصل ہوتا ہے اور اس میں ایپسم سالٹ ملانے سے درد میں بھی کمی آئے گی۔

مرہم:

بواسیر کے لئے استعمال ہونے والے مرہم عام اسٹورز پر مل جاتے ہیں اور درد میں فوری آرام پہنچاتے ہیں۔ان میں سے کچھ سوجن کو کم کرکے بواسیر کو تیزی سے ختم کرتے ہیں ۔
ہائڈرو کارٹیزون والی کریم کو ایک ہفتے سے زیادہ استعمال نہ کریں ۔

وائپس:

رفع حاجت کے بعد ٹوائلٹ پیپر کا استعمال بواسیر کی تکلیف کو بڑھا سکتا ہے۔اس لئے بہتر ہوگا کہ اس کی جگہ وائپس کا استعمال کیا جائے ۔اس طرح بغیر تکلیف کے آسانی کے ساتھ صفائی ہوگی۔اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ وائپس الکوحل والے اور خوشبو دارنہ ہوں کیونکہ ان سے بواسیر کی تکلیف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

برف کی سکائی:

سوجن کو ختم کرنے کیلئے 15 منٹ تک برف سے سکائی کریں۔بہت زیادہ بڑھی ہوئی بواسیر کے لئے یہ بہت کارآمد علاج ہے۔برف کو ہمیشہ کپڑے میں لپیٹ کر سکائی کریں اور برف کو براہ راست جلد پر نہ لگائیں ۔

قبض کو ختم کریں :

ایسی غذا کھائیںجس سے پاخانہ کھل کر اور آسانی کے ساتھ ہو ۔اس کے لئے فائبر والی غذائیں ،پھل اور سبزیاں کھائیں ۔ایسی غذائیں کھانے سے گریز کریں جو قبض کو بڑھاتی ہیں ۔

کاٹن کے ڈھیلے کپڑے پہنیں:

چست اورریشمی کپڑے پہننے کے بجائے ڈھیلے کاٹن کے کپڑے خاص کر کاٹن کا انڈر ویئر پہنیں ۔ اس سے جلد صاف اور خشک رہے گی اور مرض جلدی ٹھیک ہوگا ۔کپڑوں پر خوشبو والے ڈٹرجنٹ یا فیبرک سوفٹنر استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے سوزش میں اضافہ ہوگا ۔

بواسیر سے بچائو:

طرز زندگی اور غذامیں تبدیلی بواسیر سے بچائو کا بہترین طریقہ ہے۔جسمانی طور پر ایکٹو رہنے اور صحت بخش غذا کھانے سے روزانہ پاخانہ ہوگا ۔
زیادہ فائبر کھائیں خاص طور پر پھل اور سبزیوں کا استعمال کریں۔زیادہ پانی پیئیں تاکہ آپ کا نظام ہضم تیز ہو اورقبض سے بچت رہے ۔
بہت دیرتک بیٹھنے سے گریزکرنے اور روزانہ ورزش کرنے سے بواسیر سے بچت رہے گی۔
بواسیر سے بچنے کا سب سے کارآمد طریقہ یہ ہے کہ آپ کو جب بھی واش روم جانے کی ضرورت ہو تو فوراََ جائیں۔زیادہ دیر روکنے سے آنتیں پاخانے کا پانی جذب کر کے اسے سخت بنادیتی ہیں اس طرح پاخانہ کرتے ہوئے تکلیف ہوتی ہے۔
اگر ان طریقوں سے آرام نہ ملے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔


سر چکرانے کی چند وجوہات یہ بھی ہوسکتی ہیں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...