ذیابیطس کے مریضوں کے لیے چند بہترین پھل

13,570

فرکٹوس ایک خاص قسم کی شکر ہے جو کہ پھلوں میں موجود ہوتی ہے ۔ یہ شکر ذیابیطس کے مریضوں اور موٹاپے کا شکار افراد کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے

اس کے باوجود آپ ہرموسم کے پھل سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اگر آپ انہیں معتدل انداز میں کھائیں ۔ یہاں تک کہ آم اور انگور جیسے شیریں پھل بھی اعتدال میں رہتے ہوئے کھائے جاسکتے ہیں ۔ ایسے چند خاص پھل ہیں جو اکثرمعالج ذیابیطس کے مریضوں کو کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ یہ مخصوص پھل نہ صرف انسان کی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں بلکہ ان سے خون میں انسولین کا لیول بھی درست رہتا ہے ۔

ذیابیطس کے مرض میں فائدہ پہنچانے والے پھل مندرجہ ذیل ہیں :

چکوترا

چکوتراگریپ فروٹ کا نام سن کر آپ کو یقیناًموسمبی اور نارنگی کا خیال ذہن میں آتا ہوگا ۔ لیکن یہ سرخ رنگ کا پھل موسمبی اور نارنگی کے مقابلے میں کم میٹھا ہوتا ہے ۔ یہ کھٹا اور سیلاپھل ذیابیطس کے مرض میں انتہائی مفید ہے ۔ ذیابیطس کے مریضوں کو عام طور پر روزانہ آدھا گریپ فروٹ کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔

بیریز

کرانس بیری، رس بیری اور بلیو بیری ، یہ سب ہی ذیابیطس کے مرض میں فائدہ پہنچاتے ہیں ۔ بیریز بڑا مزیدار پھل ہے جو زیادہ تر لوگوں کو پسند ہوتا ہے ۔ یہ ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہے ۔ اس کے علاوہ اس میں فائبر اور کئی اقسا م کے وٹامنز بھی وافر مقدار میں موجود ہیں جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں ۔ ذیابیطس کے مریض دن میں تین چوتھائی کپ بیریز کھا سکتے ہیں ۔

تربوز

یہ پھل وٹامن بی اور سی سے بھرپور ہوتا ہے ۔ ساتھ ہی اس میں بیٹا کروٹین، پو ٹاشیم اور لائیکو پین بھی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ تربوزکی ایک کھانپ بھی آپ کے جسم کی ایک دن کی وٹامنز کی ضرورت کو پورا کر سکتی ہے ۔

چیریز

چیریز میں بھی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات موجود ہوتی ہیں ۔ جب کہ ان میں کاربس اور گلائسیمک کا لیول کم ہوتا ہے ۔ ضیابیطس کے مریضوں کو دن میں بارہ چیریز سے زیادہ نہیں کھانی چاہیں ۔

آڑو

اس پھل میں وٹامن اے اور سی کثیر تعداد میں موجود ہوتا ہے ۔ یہ مزیدار پھل جسم کی زائد چربی گھول دیتا ہے ۔ آڑوفائبر اور پوٹاشیم سے مالا مال ہے ۔ ذیابیطس کے مریضوں کو یہ پھل کھانے کا اکثر مشورہ دیا جاتا ہے ۔ چونکہ اس کے استعمال سے جسم میں شوگر لیول نیچے رہتا ہے ۔

خوبانی

فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور خوبانی ذیا بیطس کے مریضوں کے لیے ایک بہترین پھل ہے ۔ روزانہ ایک خوبانی کھا کر ذیابیطس کے مریض صحت منداور توانا رہ سکتے ہیں ۔

سیب

آپ جب بھی سیب کھائیں تو اس کے چھلکے سمیت کھائیں ۔ سیب کا چھلکا اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ سیب سے جسم کو وٹامن سی اور فائبر بھی حاصل ہوتا ہے جو نظام ہضم کے لیے مفید ہے ۔

کیوی

اس میں پوٹاشیم، وٹامن سی اور فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے ۔ اس میں کاربس کا لیول کم ہوتا ہے جس کے باعث اسے ذیابیطس کے مریض بھی کھا سکتے ہیں ۔ذیابیطس کے مریضوں کوعام طور پر ڈاکٹر زدن میں ایک کیوی کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔

ناشپاتی

اس پھل سے وزن نہیں بڑھتا اور جسم کو کثیر تعداد میں فائبر اور پوٹا شیم مل جاتا ہے ۔ ذیابیطس کے مریض لازمی اس پھل کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں ۔

ان تمام پھلوں کو ایک ساتھ فروٹ چاٹ کی شکل میں کھانے کے بجائے الگ الگ کھائیں۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے یہ بہتر ہے کہ آ پ دن میں کوئی ایک ہی پھل کھائیں۔ ہر موسم کا پھل اس مخصوص موسم کے لحاظ سے اپنے اندر بے شمار خصوصیات اور افادیت رکھتا ہے ۔ اگر اعتدال میں رہ کر ڈاکٹر کے مشورے سے پھلوں کا استعمال کیا جائے تو یہ ہر مرض میں نقصان کے بجائے فائدہ ہی پہنچائیں گے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...