پیٹ کے درد میں کیا کھائیں اور کیا نہیں؟

5,334

پیٹ کا درد ایک بے حد عام مرض ہے ۔ بعض لوگوں کو کبھی کبھی اور بعض کو اکثر و بیشتر اس تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لہذا یہ کہنا غلط نہ ہوگاکہ یہ ہر شخص کا مسئلہ ہے ۔ پیٹ میں درد ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ۔ بعض اوقات یہ درد وقتی ہوتا ہے اور بنا کسی علاج یا تدبیر کے خود ہی ٹھیک بھی ہو جاتا ہے ۔ اکثر گھریلو ٹوٹکوں اور بڑوں کی بتائی تراکیب سے اس درد کو دور کیا جا تاہے ۔ پیٹ کے درد کے لیے ہر گھر کا اپنا ٹوٹکا ہوتا ہے جسے وہ برسوں سے آزماتے آرہے ہوتے ہیں ۔ پیٹ کے درد میں جہاں چند غذاؤں کا استعمال فائدہ کرتا ہے وہیں چند سے درد میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے

مفید غذائیں

1۔ادرک

قدیم زمانے سے ادرک کو کئی امراض اور درد میں استعمال کیا جاتا آیا ہے ۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ادرک معدے کے امراض کے خلاف بھی ایک مفید ہتھیار کا کام کرتا ہے ۔ اسے استعمال کرنے کے کئی طریقے ہیں۔ اسے اس کی اصل شکل میں بھی کھایا جا سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اس کی چائے بنا کر پینے سے پیٹ کے درد میں آرام آجاتا ہے ۔ چائے بنانے کے لیے بس ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر باریک باریک کاٹ لیں اور اسے پانی میں اچھی طرح پکالیں ۔ اس چائے سے معدے کی سوزش بھی کم ہوتی ہے ۔

2۔پودینہ

پودینے میں درد دور کرنے کی قدرتی طاقت ہے ۔ یہ متلی اور پیٹ کی تکلیف میں موثر ہے۔ متلی محسوس ہونے پر اگر محض پودینے کے چند پتے توڑ کر چبا لیئے جائیں تو آرام آجاتا ہے ۔ معدے کے درد کے لیے پودینے کے پتوں کی چائے مفید ہے۔

3۔کیلا

اس پھل کو کئی دہائیوں سے پیٹ کے درد میں راحت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا آیا ہے ۔ کیلے میں پوٹاشیئم موجود ہوتا ہے جو الٹی یا ڈائریا کے بعد پانی کی کمی دور کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ کیلا میٹھا ضرور ہوتا ہے لیکن اتنا نہیں کہ آپ کو متلی محسوس ہونے لگے ۔

4۔چاول

یہ سن کر آپ کو حیرانی ہوگی کہ چاول پیٹ کا درد دور کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ چاول میں میگنیشیم اور پوٹاشیئم کی کثیر تعداد موجود ہوتی ہے ۔ چاول کو ابال کر استعمال کریں اور پانی نکال دیں ۔ اس طرح یہ وز ن نہیں بڑھائیں گے ۔ پیٹ کے درد میں براؤن چاولوں کا استعمال زیادہ مفید ہے ۔ چاول معدے سے زہریلے مادوں کو جذب کر لیتے ہیں اور جسم سے خارج کردیتے ہیں ۔

5۔دہی

دہی جسم کے مجموعی نظام کو درست رکھنے میں مدد کرتا ہے ۔ اس میں موجود بیکٹیریا کھانا ہضم کرنے اور تیزابیت دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔ دہی کو ملائی ہٹا کر استعمال کریں ۔ دہی کے علاوہ دیگر ڈیری پراڈکٹس کو پیٹ کے درد میں استعمال کرنے سے منع کیا جاتا ہے ۔ صرف دہی ہی ایسی غذا ہے جو اس تکلیف میں معدے کو ٹھنڈک اور آرام پہنچاتی ہے ۔

احتیا طی تدابیر

*جب پیٹ میں درد ہو تو کوئی ایسی غذا نہ لیں جن میں چربی یا فیٹس زیادہ مقدار میں موجود ہوں کیونکہ ایسی غذاؤں کو ہضم کرنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے ۔
*زیادہ میٹھے کھانوں سے پرہیز کریں ۔ اس سے خون میں شوگر لیول بڑھاجاتا ہے اور طبیعت مزید بگڑ نے لگتی ہے ۔
*میدے سے بنی چیزیں جیسے بسکٹ وغیرہ نہ کھائیں۔
*گوبھی ، سویا اور پھلیاں وغیرہ پیٹ میں گیس بنا تی ہیں ۔ جب تکلیف ہو رہی ہو تو ان سے پرہیز کریں ورنہ درد مزید بڑھ سکتا ہے ۔
*بہت سے لوگ پیٹ کے در دیا تیزابیت کی شکایت ہونے پر سافٹ ڈرنک یا سوڈا وغیرہ پی لیتے ہیں ۔ ان مشروبات میں موجود کیمیکل معدے کے لیے اچھا نہیں ہوتا ۔
*چائے کافی بھی معدے میں تیزابیت بناتی ہیں۔ اگر پیٹ میں درد ہو تونارمل چائے کی جگہ پودینے کی چائے پی لیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...