شادی سے قبل کریش ڈائٹنگ کرنے کے5 نقصانات

3,330

شادی کا دن دلھا دلھن کے لیے بہت اہم ہوتا ہے ۔ اس دن کے لیے نہ صرف شادی کرنے والا جوڑا بلکہ ان کے گھر والے بھی کئی مہینوں تک تیاریاں کرتے ہیں ۔جیسے جیسے شادی کا دن قریب آتے جاتا ہے دلھن کو اپنے جوڑے, میک اپ اور جیولری کو لے کر فکر شروع ہوجاتی ہے لیکن ان سب سے زیادہ وہ جس چیز کو لے کر پریشان ہوتی ہے وہ ہے اس کا وزن۔ فٹ اور سمارٹ ہونا اچھی بات ہے لیکن اگر آپ تھوڑے سے دنوں میں زیادہ سے زیادہ وزن کم کرنے کی کوشش کریں گی تو اس سے آپ کی صحت اور شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

شادی سے قبل کریش ڈائٹنگ کیوں نہیں کرنی چاہیے اس کی وجوہات مندرجہ ذیل ہیں:

1۔ آخر وقت میں درزی کے چکر

ہمیں لگتا ہے کہ شادی سے ایک یا دو ہفتے پہلے اپنا وزن گھٹا کر شادی والے دن خوبصور ت اور جاذب نظر لگا جا سکتا ہے لیکن اس مقصد کو حاصل کرنے کی دھن میں ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ شادی کا جوڑا تو کئی ہفتوں پہلے تیار کر لیا جاتا ہے۔ آخر وقت میں اچانک وزن گھٹ جانے کا مطلب ہے کہ اب آپ کا شرارہ آپ کو ڈھیلا ہو چکا ہوگا ۔ درزی ویسے ہی چھوٹے سے کام میں ہفتوں لگا دیتے ہیں اور وعدہ کرکہ اکثر بھول جاتے ہیں ۔ ایسے میں اگر آپ کے شادی کا جوڑا صحیح وقت پہ تیار نہ ہوا تو آپ کو کئی مشکلات کا سامنا کرناپڑسکتا ہے جن میں امی کی ڈانٹ سر فہرست ہے ۔

2۔نظام استحالہ پر منفی اثرات

کریش ڈائٹنگ سے آپ کا میٹابولزم یعنی نظام استحالہ بری طرح متاثر ہوتا ہے ۔ جسم میں پہنچنے والی غذاکا توانائی میں تبدیل ہونااسی نظام کا حصہ ہے ۔ جب ہم اچانک سے کیلریز کا استعمال محدود کردیتے ہیں تو نظام استحالہ سست ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جسم میں کیلریز جلنے کا عمل بھی سست ہوجاتا ہے ۔ جیسے ہی ہم کھانا پینا دوبارہ شروع کرتے ہیں ہمارا وزن پہلیکے مقابلے مزید تیزی بڑھنے لگتا ہے ۔ شادی کے بعد یقیناًآپ کی دعوتوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ ایسے میں اگر آپ کچھ نہ کھائیں تو میاں ناراض اور اگر کھائیں تو اس کا مطلب ایک ایک کرکے سارے کپڑے تنگ ہونا شروع ہوجائیں گے ۔

3۔ مزاج میں اداسی اور چڑچڑاہٹ

شادی سے قبل اکثر لڑکیاں بجھی بجھی لگنے لگتی ہیں ۔ اس کی ایک وجہ تو ماں باپ کا گھر چھوڑنا اور نئی زندگی کو لے کرذہن میں ہونے والی کشمکش ہوتی ہے لیکن اس کی دوسری وجہ خود کو بھوکا رکھنا بھی ہے ۔ کھانا پینا چھوڑ کر مزاج میں اکتاہٹ پیدا ہو جاتی ہے۔ اکثر لڑکیاں دلھن کے جوڑے میں ملبوس ماڈلزکو دیکھ کر خود کا ان سے موازنہ کرکے ڈپریشن میں چلی جاتی ہیں اور ان بے مقصد ذہنی تناؤ کے باعث زندگی کے اس خوشگوار موڑ سے لطف اندوز نہیں ہو پاتیں ۔ اگر آپ متوازن غذا کا استعمال کریں گی تو اس سے آپ خود کو نہ صرف صحت مند بلکہ خوش و خرم بھی محسوس کریں گی ۔

4۔ شادی کے بعد کے مسائل

کریش ڈائٹنگ سے چربی جلنے کا عمل تو سست ہو ہی جاتا ہے ساتھ ہی جسم میں کیلریز اور چربی کی جگہ ٹشوز اور پٹھے گھلنا شروع ہو جاتے ہیں ۔ پٹھوں او ر ٹشوز کا بڑی تعداد میں گھلنا جسمانی اعضا کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے ۔ شادی کے بعد آپ کو زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ خاص طور سے دوران حمل عورت کے جسم میں محفوظ تونائی اس کے لیے بے حد اہم ہوتی ہے ۔ تحقیق کے مطابق حمل کے بارھویں سے چودھویں ہفتے کے دوران بچے کی نشونما ماں کے جسم میں اسٹور توانائی سے ہو رہی ہوتی ہے ۔ اگر ایسے میں عورت اندر ونی طور پر کمزور ہو تو یہ اس کے لیے مشکل کا باعث بن سکتا ہے۔ ان تمام پریشانیوں سے بچنے کے لیے شادی سے قبل ہی اپنی غذا اور صحت کا خیال رکھیں ۔

5۔خوبصورتی کا اصل راز خوشی ہے

اپنی شادی کے دن خوبصورت لگنا ہر لڑکی کاخواب ہوتا ہے اور اس میں کوئی بری بات بھی نہیں ۔تاہم اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اصل خوبصورتی ہے کیا ؟ کئی تحقیق اور تجربات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ جولوگ خوش اور مطمئن ہو تے ہیں وہ دوسروں کو زیادہ خوبصورت اور پر کشش نظر آتے ہیں ۔ خوبصورتی کا براہ راست تعلق آپ کی خوشی سے ہے ۔ خود کو جس حد تک ممکن ہو خوش رکھنے کی کوشش کریں۔ ہر وقت اپنے وزن کے بارے میں فکر مند رہنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ وقت اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ بتائیں ۔اگر آپ نے ایسا کیا تو یقین مانیں شادی کے دن کوئی بھی آپ کی تعریف کیئے بغیر رہ نہیں پائے گا ۔

شادی کے دن اور اس کے بعد کی زندگی کو خاص اور خوبصورت بنانے کے لیے اپنی غذا اور طرز زندگی میں اعتدال لے کر آئیں۔ اچھی اور صحت بخش غذا کھائیں۔ بازار کے تلے ہوئے کھانے کھانے کے بجائے سبزیوں، تازہ پھلوں اور دودھ کا استعمال بڑھادیں۔ سرخ گوشت کم کرکے مچھلی اور مرغی استعمال بڑھا دیں ۔ روٹی کم اور سوپ اور سلاد زیادہ کھائیں۔ پانی کا استعمال بڑھا دیں ۔ اس طرح نہ صرف آپ کا وزن کم ہوگا بلکہ آپ کا چہرہ بھی کھل جائے گا ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...