سردیوں میں گھنے ریشمی بال پانے کے ٹوٹکے

1,539

خشک اور سرد موسم میں سب سے زیادہ شامت بالوں کی آتی ہے ۔ اس موسم میں آپ بالوں سے کسی صورت مطمئن نہیں ہوپاتیں۔ بال دھو تو وہ ضرورت سے زیادہ خشک اور روکھے ہوجاتے ہیں اور ایک دن بعد بالوں میں اتنا تیل آجاتا ہے جیسے نہ جانے کتنے دن سے نہ دھلے ہوں ۔ رنگے ہوئے یا مصنوئی طریقوں سے کرل کئے گئے بالوں کا تو اور بھی برا حال ہوتا ہے۔ پارلر میں ہزاروں روپے خرچ کرکے بال وقتی طور پر تو ٹھیک لگنے لگتے ہیں لیکن کچھ دن بعد وہ پھر سے بے رونق اور روکھے ہوجاتے ہیں ۔

مارکیٹ میں بے جان اور خشک بالوں کے لیے ان گنت مہنگے شیمپو اور کنڈشنردستیاب ہیں لیکن اگر کوئی ایسا طریقہ ہو کہ بنا خرچے کے گھر بیٹھے بالوں کو پارلر جیسا ٹریٹمنٹ مل جائے تو کتنا ہی اچھا ہو۔ چند گھریلو ٹوٹکے اپنا کر آپ نہ صرف سردیوں میں اپنے بالوں کو محفوظ رکھ سکتی ہیں بلکہ ان سے بالوں کونئی رونق بھی مل سکتی ہے ۔ بالوں کو سب سے زیادہ ضرورت مناسب نمی کی ہوتی ہے۔ موائسچرائسڈ بال موسم کی شدت برداشت کر جاتے ہیں ۔ مندرجہ ذیل قدرتی نسخے آپ کے بالوں کو صحت مند اور چمکدار بنا سکتے ہیں :

سرکے کا ماسک

بالوں کو پر رونق بنانے کے لیے ایک چھوٹا چمچ سرکہ، دو چھوٹے چمچ زیتون کے تیل اور تین انڈوں کی سفیدی میں ملائیں اور اچھی طرح مکس کرکے بالوں پر لگالیں ۔ بالوں کو کسی تولیے یا شاور کیپ سے ڈھک لیں۔ آدھے گھنٹے بعد بال شیمپو سے دھو لیں ۔

شیمپو آملیٹ

ایک پیالی میں ایک انڈا توڑ کر ڈالیں اور اس میں تھوڑا سا شیمپو شامل کرلیں۔ اس آمیزے کو شیمپو کی ہی طرح گیلے بالوں پہ مل لیں۔ کچھ دیر لگا رہنے دیں پھر بال سادے پانی سے دھو لیں ۔ یہ ٹوٹکا روکھے بالوں کے لیے بے حد فائدے مند ہے ۔ اس سے بالوں کی جڑوں میں پروٹین کی سہی مقدار پہنچ جاتی ہے اور بال صحت مند ہوجاتے ہیں ۔ اس عمل کو آپ ہفتے میں ایک سے دو بار دہرا سکتی ہیں ۔

گرم تیل سے علاج

سر کی جلد میں موجود سیبم بالوں میں نمی برقرار کھتا ہے ۔ اگر یہ نہ بنے تو بال خشک اور بے رونق ہوجاتے ہیں ۔بے جان بالوں کو چمکدار بنانے کے لیے آدھا کپ زیتون یا سرسوں کا تیل گرم کرلیں ۔ اس میں ایک چمچ عرق گلاب ڈال دیں ۔ پہلے بالوں کو اچھی طرح سلجھا لیں ۔ تیل ہلکا گرم ہو جائے تو اسے آہستہ سے سر پر ڈالیں ۔ تیل سے بالوں اور سر کا اچھی طرح مساج کریں۔ پھر تولیے سے بالوں کو باندھ لیں ۔ آدھے گھنٹے بعد کسی اچھے کنڈشننگ شیمپو سے بال دھو لیں ۔اس ٹریٹمنٹ سے بالوں کو ضروری نمی مل جاتی ہے ۔

صحت بخش غذاکا استعمال

بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے انھیں اندرونی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اپنی غذا میں روزانہ پھل اور سبزیوں کا استعمال ضرور کریں ۔ کھانا پکانے میں فائدے بخش تیل جیسے زیتون کے تیل کا استعمال کریں ۔ کم از کم دن میں آٹھ گلاس پانی ضرور پئیں ۔ اس سے بالوں کو وٹامنز اوردیگر غذائی اجزا ملتے رہیں گے ۔ اس کے علاوہ مچھلی، انڈے اور ڈرائی فروٹس بھی بالوں کو صحت مند بناتے ہیں ۔

چائے ایک بہترین کنڈشنر


شیمپو کے بعد بالوں پر کنڈشنر لگانا ضروری ہے ۔ اس سے بال نرم و ملائم رہتے ہیں ۔ بازار کے کنڈشنر کی جگہ آپ گھر کی بنی چائے کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کرسکتی ہیں ۔ بال شیمپو سے دھونے کے بعد ہلکے سے خشک کرلیں ۔ پھرایک کپ چائے بنائیں ۔ جب وہ کنکنی ہو جائے تو اس سے بالوں کو دھو لیں ۔ اس سے نہ صرف بال چمکدار ہونگے بلکہ بالوں کا رنگ بھی گہرا ہوجائے گا ۔

دودھ سے بال دھوئیں

دودھ کو کئی طریقوں سے بالوں پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اس میں وجود بھرپور غذائیت بالوں کے لیے انتہائی مفید ہے ۔ ایک چوتھائی کپ دودھ کے پاؤڈر کو پانی میں ملا کر گاڑھا آمیزہ تیار کرلیں ۔ بال دھونے کے بعد اس سے بالوں کا مساج کریں۔ بالوں کو کسی گرم تولیے سے ڈھک لیں ۔ کچھ دیر بعد کسی ہربل شیمپو سے دھو لیں ۔
اس کے علاوہ بالوں کو چمکدار بنانے کے لیے انڈے کی زردی ایک پیالی میں نکال لیں ۔ اس میں چند قطرے زیتون کا تیل شامل کریں اور آدھا چمچ چینی۔ بالوں کو ہلکے گرم پانی اور شیمپو سے دھو کر دودھ سے سر اور بالوں کا مساج کریں ۔ پانچ سے دس منٹ بعدبالوں پر اس زردی کے مکسچر سے مساج کریں ۔ بالوں کو دھو کر خشک کرلیں ۔

مایونیز کا استعمال

مایونیز میں پروٹین ہوتا ہے جو بالوں کو ملائم اور چمکدار بناتا ہے ۔ آدھا کپ مایونیز سے بالوں کا مساج کریں اور بالوں کو تولیے سے ڈھک لیں ۔ ایک گھنٹے کے لیے اسے لگا چھوڑ دیں ۔ پھر ہلکے گرم پانی سے بال دھو لیں ۔

کوکو پاؤڈراور شہد

خشک بالوں کے لیے کوکو پاوڈر بہت مفید ہے ۔ اسے شہد ، سرکے اور دہی کے ساتھ ملا کر بالوں میں لگائیں۔ کچھ دیر بعد بال دھو لیں

سردیوں میں بالوں کو زیادہ دیکھ بھال اور خیال کی ضرورت ہوتی ہے ۔ بالوں کو روز دھونے کے بجائے ہفتے میں دو سے تین بار دھوئیں ۔ گیلے بال سلجھانے کی کوشش نہ کریں۔ غذا اور پانی کا خیال رکھیں۔ ساتھ ہی مصنوئی پراڈکٹس کا بالوں پر کم سے کم استعمال کریں۔ اس طرح اس موسم میں بھی آپ کے بال خوبصورت اور مضبوط رہیں گے ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...