بچوں کی خوراک میں پالک شامل کرنے کی تراکیب
صحت بخش غذاؤں سے بھاگ کرماؤں کوپریشان کرنابچوں کاسب سے پسندیدہ مشغلہ ہوتاہے۔بے چاری مائیں بے بس ہوکر بچوں کے سامنے ہارمان جاتی ہیں۔تو اب پریشان نہ ہوں اوربچوں کی ہی پسندیدہ ڈشزمیں پالک شامل کریں اورفکروں سے آزاد ہوجائیں۔پالک مختلف غذاؤں اوردواؤں سے کہیں زیادہ پانچ قسم کے وٹامنز اورگوشت بنانے والے اجزاء انسانی جسم میں پیداکرتی ہے۔ماہرین طب نے پالک کو بدن کی افزائش کرنے والے اجزاء کی بدولت اسے ایک قیمتی سبزی ماناہے۔اسی لئے آج ہم آپ کوبتائیں گے بچوں کوپالک کھلانے کی ایسی ترکیبیں جنھیں بچے نہ صرف خوشی سے کھائیں گے بلکہ اگلی دفعہ کھانے کی فرمائش بھی کریں گے۔
۱۔نگیٹس
شاید ہی کوئی بچہ ایساہوجسے نگیٹس ناپسندہو۔تو پھر پالک کوبچوں کے فیورٹ نگیٹس میں شامل کریں۔ آپ جس طرح بھی نگیٹس بناتی ہوں بس اسی آمیزے میں پالک کواسٹیم کرکے بلینڈ کرکے یاباریک چاپ کرکے شامل کریں۔گھرکی بنی مزیدار چٹنی کے ساتھ سروکریں اورپھردیکھیں کہ اگر بچہ آپ سے دوبارہ فرمائش نہ کرے تو۔
۲۔بن کباب
بچوں سے بن کباب کھانے کاکبھی بھی پوچھاجائے تووہ منع نہیں کرتے ۔جب آپ کباب کاآمیزہ بلینڈ کریں تو اسمیں پالک کے پتے دھوکرشامل کرلیں اس طرح وہ بھی قیمہ کے ساتھ بلینڈ ہوجائیں گے۔پھر اس آمیزے کے کباب کے ساتھ صحت بخش بن کباب اپنے بچوں کو آرام سے کھلائیں۔
۳۔پیزا
پیزابنانااب مشکل نہیں رہا اورآج کل مائیں بچوں کی خوشی کودیکھتے ہوئے بڑے آرام سے گھر میں ہی پیزابنالیتی ہیں۔ایک کپ آٹا،خمیر ،مکھن اورچینی ایک ایک چمچ،انڈہ،بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کاچمچ اورایک چٹکی نمک ملاکرگوند ھ کرپہلے سے رکھ دیں۔پیزاکی ٹاپنگ کیلئے آپ بچوں کی پسند کے مطابق کچھ بھی لے سکتی ہیں۔تھورے سے آئل میں تمام اجزاء کے ساتھ پالک کاپیسٹ ڈال کربھون لیں۔ پین میں پیزا ڈوھ پرچلی گارلک سوس پھیلائیں پھر تمام ٹاپنگ رکھیں اوراس پرپنیر کدوکش کرکے ڈال کربیک کرلیں ۔
۴۔بریڈ رول
ڈبل روٹی کے کنارے کاٹ کر اسے بیل لیں۔فلنگ کے لئے پالک کواسٹیم کرکے بلینڈ کرکے اسمیں پسازیرہ،چٹکی نمک اورکالی مرچ شامل کرکے مکس کرلیں اورڈبل روٹی کے سلائس کوہلکاساگیلاکرکے اس پریہ آمیزہ پھیلاکرپنیر کدوکش کرکے ڈالیں اوررول کرکے انڈہ اوربریڈ کرمبز لگاکر شیلو فرائی کرلیں۔
۵۔ریپس
مختلف طرح کی سبزیوں اورگوشت کے آمیزے سے بچوں کے لئے ریپس تیارکئے جاتے ہیں۔انھی میں آپ پالک کوبھی شامل کریں ۔ لیکن اسٹیم کرکے اوربلینڈ کرکے کسی بھی سوس میں ملالیں ۔ریپس فولڈ کرنے سے پہلے آمیزے کے اوپریہ سوس ڈالیں اورفولڈ کرلیں۔
۶۔آملیٹ
انڈوں میں پروٹین ہونے کے باعث بچوں کی خوراک میں روزانہ شامل کرنا ضروری ہیں اورانھیں پسند بھی ہوتے ہیں۔انڈوں کوپھینٹ کراس میں جوبھی آپ کے بچے کوپسند ہووہ شامل کریں اورساتھ ہی پالک بالکل باریک کاٹ کربھی شامل کریں ۔اگر بچہ آملیٹ پسند نہ کرتاہوتو اسی آملیٹ کاسینڈوچ بناکربچہ کودیں۔