Facebook Pixel

پاستا کے حیران کن فوائد کا انکشاف

5,108

کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں؟ اگرآپ اسے اچھی طرح سمجھ لیں تو آپ نہ صرف بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ صحت و طاقت اور حسن و شباب میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔ ہمارے جسم کو اپنی قوت بحال رکھنے کے لیے خاص اجزا اور عناصر کی ضرورت ہوتی ہے، جن کے حاصل نہ ہونے سے نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ غذا کا اولین مقصد جسم میں ان اجزا کا بہم پہنچانا ہے جو اس کی نشوونما اور اصلاح کے لیے نہایت ضروری ہے۔ دوسرا مقصد جسم میں توانائی اور حرارت پیدا کرنے والے اجزا کی فراہمی ہے۔ اگر غذا ناقص ہو تو وہ جسم کو یہ اجزا مہیا کرنے کے بجائے فاسد مادّے پیدا کر کے ہماری صحت کو گُھن کی طرح کھا لیتی ہے۔

لہذا دانائی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم غذاؤں کے انتخاب پرتوجہ دیں ۔ یا رکھیے جو کچھ ہم کھاتے پیتے ہیں وہی ہمیں نہ صرف دن بھر توانائی فراہم کرتا ہے بلکہ چست و چاق چوبند اور فعال رکھتا ہے۔پاستا کھانے والوں کو عموماً فیشن زدہ کہا جاتا ہے مگر غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہفتے میں ایک آدھ بار بھی پاستا کا استعمال کر لیں تو بہت حد تک دل کے دورے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

پاستا کی تاریخ

پاستا جنوبی ایشیا میں 1940 ء میں داخل ہُوا، اسے یہاں متعارف کروانے والی پاستا کی مشہور و معروف کمپنی کولسن (kolson ) تھی جو آج بھی موجود ہے، جو نہ صرف ہندوستان ، پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاستا فراہم کرنے والی بڑی کمپنی مانی جاتی ہے۔ لفظ ’’پاستا‘‘ اٹالین زبان کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی ’’آٹے اور پانی کا آمیزہ‘‘ ہیں۔

عام طور پر لوگ پاستا کو چائنیز یا جاپانیوں کی خاص خوراک سمجھتے ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔ ان ممالک میں جتنا پاستا کھایا جاتا ہے اس سے کہیں زیادہ اٹلی، جرمنی ، امریکا اور یورپ میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اور اب تو ہمارے ہاں بھی یہ بچوں بڑوں کی پسندیدہ ڈش بن چکا ہے ۔ایشیائی خطے میں پاستا کی موجودہ شکل کو برطانیوں نے ہی متعارف کروایا ہے۔

پاستا کے مختلف نام

میکرونی، ایلبو، اسٹار، تلوار، اسٹک ، لزانیہ ، زیک زیک، اسپیگیٹی ، لانگ میکرونی، کرلی پاستا، نوڈلز، شیل پاستا، سیو پاستا وغیرہ کے علاوہ ’’ بو‘‘ بئیرفلائی اور دیگر پھل ، سبزیوں ، جانوروں کی اشکال کے پاستا تیار کیے جارہے ہیں۔

پاستا کے فوائد

بقراط کا قول ہے کہ ’’ بیماری کا علاج سب سے پہلے غذاؤں کے ذریعے سے کرنا چاہیے، اگر اس سے فائدہ ہو تو پھر نباتاتی ، حیوانی اور آخر میں معدنی ادویہ سے مدد لینی چاہیے۔‘‘حقیقتاًا اچھی اور مناسب غذا ہر قسم کی بیماری سے بچاتی ہے۔ جدید طبی تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ہفتے میں تین یا اس سے زائد بار پاستا کا استعمال دل کی بیماریوں سے 45 فیصد کمی کا سبب ہوتا ہے۔

ز مانۂ قدیم سے ہی پاستا کو صحت بخش اور توانائی سے بھر پور غذا کی اہمیت حاصل ہے۔ پیکٹوں میں بندامپورٹڈ پاستا میں تمام ضروری وٹامن اور فولک ایسڈ کی بنیادی مقدار موجود ہوتی ہے۔ دورانِ حمل پاستا کھانے والی خواتین کو فولک ایسڈ کی ضروری مقدار ملتی رہتی ہے اس لیے اب ڈاکٹر حضرات خواتین کو پاستا کو خوراک کا حصہ بنانے کی تلقین کرتے ہیں۔ بچوں اور بوڑھوں کے لیے بھی پاستا فوری توانائی مہیا کرنے والی خوراک ہے جو ان کی صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔

ڈائٹنگ کرنے والی خواتین، موٹے افراد اور متوازن صحت کے متمنی افراد کے لیے پاستا بہترین خوراک ہے ،اس کا کولیسٹرول فری ہونا اور فوری طوری توانائی مہیا کرنا وہ خاصیت ہے جو اسے دوسرے غذائی اجناس سے نمایا ں کرتی ہے۔

میڈیٹرینیئن ڈائٹ بنانے کا سب سے اہم پہلو یہی ہے کہ فوڈ پرامیڈ کے مطابق ہمیں ایسی خوراک کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں کاربوہائیڈریٹس وافر مقدار میں شامل ہو ۔جسم میں کاربوہائیڈریٹ کی کمی سے بے خوابی ، جسمانی کمزوری ، چڑ چڑے پن جیسے مسائل لا حق ہو سکتے ہیں۔ مٹاپے سے نجات کے لیے پاستا کا استعمال مفید ہو سکتا ہے۔ آدھا کپ پاستا کھانے سے پیٹ بھی بھر جاتا ہے اور صرف99 کیلوریز کا جسم میں اضافہ ہوتا ہے جو کہ دیگر چکنائی والی اشیا ء کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

شفا بخش پاستا

اس وقت پاستا کی موجود ہ شکل میں آئرن ، کیلشیم، وٹامن، فولک ایسڈ وغیرہ کی بنیادی مقدار موجود ہے جو مختلف بیماریوں بلڈپریشر، کینسر،دل کا عارضہ اور کولیسٹرول کے خلاف مدافعت پیدا کرتے ہیں ۔کمزوری دور کرتے ہیں اور توانائی فراہم کرتے ہیں ۔مختلف توانائی بخش اجزاء کے ساتھ اس کا استعمال بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔موسم گرما ہو یا سرما، یہ ہر موسم کی خاص ہلکی پھلکی توانائی اور ذائقے سے بھر پور غذا کے طور پر استعمال ہوتا ہے اس کا استعمال بے خوابی، دبلے پن اور چڑ چڑے پن جیسے عارضوں سے دور رکھتا ہے۔ پاکستان بھر میں مختلف کمپنیوں کا پاستا اپنی مختلف اشکال میں مسالوں اور بنا مسالوں کے دست یاب ہے۔ گزشتہ دہائی کی نسبت موجودہ دہائی میں عام آدمی کی خوراک میں بھی پاستا شامل ہوچکا ہے ۔اس کی ایک اور اچھی بات یہ ہے کہ یہ جھٹ پٹ تیار ہو جاتا ہے

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...