گلے کی خراش میں آرام پہنچانے والے5مشروبات

3,822

گلے میں خراش ہوجاناایک عام بات ہے لیکن بعض اوقات یہ کافی تکلیف دہ ہوجاتی ہے۔گلے میں مستقل خراش پریشانی کا باعث ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے کافی بے چینی رہتی ہے۔گلے میں خراش وائرل یا بیکٹیریئل انفیکشن کی وجہ سے ہوتی ہے ۔انفیکشن کی وجہ سے گلے میں سوجن آجاتی ہے۔اس کے علاوہ نزلہ، زکام ،الرجی ،دھوئیں،آلودگی یا بہت زیادہ چیخ کر بولنے کی وجہ سے بھی گلے میں خراش ہوجاتی ہے۔گلے کی خراش کی وجہ سے گلے میں درد اور نگلنے میں دشواری ہوتی ہے،اور آواز بیٹھ جاتی ہے۔گلے کی خراش کوگھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے ختم کیا جاسکتا ہے لیکن اگر یہ تکلیف زیادہ دنوں تک رہے تو ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے ۔
گلے کی تکلیف کو دور کرنے والے گھریلو ٹوٹکوں میں قدرتی چیزوں سے بنے گرم مشروبات بھی شامل ہیں۔ ان میں سے چند مشروبات کا ذکر نیچے کیا جارہا ہے جو گلے کی تکلیف میں فوری آرام پہنچاتے ہیں۔

ہلدی دودھ:

دودھ میں ہلدی پکا کر پینے سے گلے کی تکلیف میں فوری آرام آتا ہے ۔ایک کپ دودھ میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی ڈال کر ابالیں اور پھر اس میں ایک چمچ شہد ڈال کر پی لیں ۔گلے کی سوجن اور خراش میں فوری طور پر کمی محسوس ہوگی۔


یہ بھی پڑھئے : وہ مصالحے جو صحت کے لئے بھی مفید ہیں

ادرک ،دارچینی اور ملہٹی کی چائے:

ادرک،دارچینی اور ملہٹی کی چائے بھی گلے کی خراش میں فوری آرام پہنچاتی ہے ۔اس کے لئے دو حصے ادرک،دوحصے دارچینی اور تین حصے ملہٹی ملا لیں ۔اس مکسچر میں سے ایک چمچہ لے کرایک گلاس پانی میں ملا کر ۵ سے ۱۰ منٹ کے لئے رکھ دیں اور دن میں تین مرتبہ پیئیں ۔

ادرک کی چائے:

ادرک میں موجود اینٹی بیکٹیریئل اور اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات گلے کی تکلیف میں آرام پہنچاتی ہے۔اپنی دودھ والی چائے میں ادرک ملا کر پیئیں ۔ادرک کو باریک کاٹ کر ابلے ہوئے پانی میں بھگو دیں تاکہ اس کی خصوصیات سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکیں۔اسے مزید فائدہ مند اور مزیداربنانے کے لئے شہد شامل کر لیں۔

پیپر منٹ کی چائے:

پیپرمنٹ اپنی اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات کی بناء پر گلے کی تکلیف میں سکون پہنچاتی ہے۔پیپر منٹ گلے کو ہلکا سا سن کردیتی ہے جس کی وجہ سے گلے کی خراش اورتکلیف محسوس ہوتی ہے۔پیپر منٹ کے پتے ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ۵ منٹ کے لئے ابالیں اور پھر چھان لیں ۔یہ چائے ناصرف گلے کو آرام پہنچائے گی بلکہ جسم کو بھی تازگی بخشے گی۔

کیمومائل (بابونہ)کی چائے:

بابونہ کا استعمال عرصہ دراز سے بہت سے طبی مسائل میں کیا جاتا رہاہے۔بابونہ رات کو اٹھنے والی کھانسی میں آرام پہنچا کر پر سکون نیند لاتا ہے۔اس میں موجود اینٹی بیکٹیریئل اور اینٹی وائرل خصوصیات انفیکشن کو ختم کرکے درد میں کمی لاتی ہیں ۔اپنے لئے بابوبہ کی چائے بنائیں اور دن میں دو مرتبہ پیئیں۔
گلے کی خراش اور تکلیف دور کرنے کے لئے قدرتی چیزوں سے بنی یہ چائے ضرور استعمال کریں۔


مزید جانئے :گرمیوں میں جلد کے عام مسائل


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...