سردیوں میں بھوک زیادہ لگے تو یہ اسنیک کھائیں

2,084

سردی کے موسم میں بھوک کھل کر لگتی ہے۔ انگیٹھی جلاکر گرم چائے کے کپ کے ساتھ مزیدار پکوان کھانے کھانے کاجی چاہتا ہے۔ لیکن اگر سردیوں میں بے وقت بھوک کو مٹانے کے لئے مزے کے ساتھ ساتھ صحت کا بھی خیال رکھ لیا جائے تو وزن کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔سردیوں میں یہ اسنیکس اپنے ساتھ رکھیں اور لذت کے ساتھ صحت بھی پائیں ۔

۱۔میتھی پاپڑی

میتھی تاثیر میں گرم ہوتی ہے جس کا استعمال سردی میں کیا جاتا ہے ۔یوں تو میتھی کا استعمال ساگ اور بھجیا بنانے میں ہوتا ہے لیکن میتھی سے بننے والی پاپڑی سردیوں میں بہت مزے کی لگتی ہے۔
میتھی پاپڑی بنانے کے لئے ایک کپ میدے میں چار چمچ قصوری میتھی ،ایک چٹکی اجوائن ،آدھا چمچ نمک ،آدھا چمچ بھنا اور کٹا زیرہ ، آدھا چمچ سرخ مرچ پاؤڈر اور زدا سا گرم مصالحہ پاؤڈر ڈال کر سخت گوندھ لیں اب اس آٹے سے چھوٹی چھوٹی ٹکیہ بیل لیں اورسرسوں کے تیل میں ہلکی آنچ پر فرائی کر لیں۔ٹھنڈا کرکے میتھی پاپڑی کو ائیر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر محفوط کر لیں ۔یہ پاپڑی شام کی چائے کے ساتھ بہت مزے کی لگتی ہے ۔

۲۔شکر قندی کی چاٹ

سردیوں کی سوغات میں شکر قندی سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے یہ وٹامن اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہے
سردیوں میں بھوک زیادہ لگے تو شکر قندیکو بھی اسنیکس کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے ۔شکرقندی کو ابال کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اس میں نمک،زیرہ پاؤڈر ،چاٹ مصالحہ ،کالا نمک اور لیموں چھڑک کر رکھ لیں اورمزیدار شکر قندی کی چاٹ سے لطف اندوزہوں ۔

۳۔چیوڑہ

دو کپ چاول کے مرمرے میں ایک چٹکی ہلدی،ایک چمچ چاٹ مصالحہ ،آدھا کپ فرائی چنے کی دال ، آدھا کپ کدوکش ناریل ،ایک چٹکی نمک ،آدھا کپ مونگ پھلی ملا لیں۔اچھی طرح مکس کر لیں ۔
ایک چمچ تیل میں کڑی پتے کو کڑ کڑائیں اور اس میں تمام اجزاء ڈال کر تیز آنچ پر سیک لیں تاکہ مرمرے مزید کر کرے ہو جائیں ،اس چیوڑے کا استعمال دن بھر میں کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے ۔

۴۔سپاری

سردیوں ،میں خشک میوے کا استعمال کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے ،جیسے پنجیری ،حلوے بنا کر یا دودھ میں ملاکر پیا جاتا ہے لیکن سردیوں میں اپنے من پسند میووں سے سپاری بنا سکتے ہیں ۔ایک کپ باریک کٹا ہوا ناریل،آدھا کپ بھنے ہوئے سفید تل ، دو چمچ بھنا ہوا دھنیا ،بھنے ہوئے چار مغز ،اور آدھا کپ بھنی ہوئی سونف اور حسب پسند میوے (کاجو ،چھوارے یا پستے شامل کر لیں )

۵۔کاجو قتلی

ایک کپ کاجو کو باریک پیس لی ۔اب ایک فرائینگ پین میں ۵چمچ پانی اور ۵ چمچ آئسنگ شوگر اور ایک چٹکی الائچی کا پاؤڈر ڈال دیں اب اس میں کاجو کا پاؤڈر ڈال کر دس منٹ تک پکائیں اب اس مکسچر کو ٹرے میں پھیلاکر ڈائمنڈ شیپ کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں ۔سردیوں میں کاجو قتلی کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے ۔

۶۔ گوند پاپڑی

سردی میں جوڑوں کے درد اور پرانی چوٹ کے دردکی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے علاج کے لئے گوند کا استعمال انتہائی مفید ہوتا ہے ۔ گوند پاپڑی بنانے کے لئے آدھا کپ دیسی گھی میں آدھا کپ گوند فرائی کر کے نکال لیں اور کوٹ لیں ۔بقیہ تیل میں آدھا کپ گندم کا آٹا اور دو الائچی اتنی دیر بھونیں کہ آٹا سرخ رنگ کا ہو جائے اور خوشبو آنا شروع ہو جائے ۔اب آٹے میں فرائی گوند ،ایک کپ میوہ (چاروں مغز ، بادام پستہ اور باریک کٹا ناریل ) ڈال دیں ۔آدھا کپ گڑھ ڈال کر ایک چوتھائی کپ پانی ڈال دیں تاکہ گڑھ اچھی طرح سے حل ہو جائے ۔اب اس آمیزے کو ٹرے میں ڈال کر بچھا دیں اور چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں ۔ اور ائیر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر رکھ لیں ۔ گوند پاپڑی چائے یا کافی کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے

۷۔ کارن فلیکس کی چاٹ

کارن فلیکس میں بھنے یا ابلے چنے ،باریک سیو ،کالا نمک،چاٹ مصالحہ ،ہرا دھنیا ،پیاز ،ٹماٹر ،شملہ مرچ ،آلو ملالیں اور اوپر سے دہی اور کھجور کی چٹنی ڈال کر کھائیں

۸۔سنگھاڑے کی چاٹ

سنگھاڑا سردی کے موسم میں آتا ہے ۔لیکن بہت سے لوگ اس کے فوائد اور استعمال سے نا واقف ہوتے ہیں ۔سنگھاڑا کیلشیم سے بھر پور ہوتا ہے ۔ سردی کے موسم میں سنگھاڑے کا استعمال اسنیکس کے طور پر کریں ۔اس کا ذائقہ بڑھانے کے لئے اس کی چاٹ بنا لیں ۔
سنگھاڑوں کوابال کر کاٹ لیں ۔اب ایک چمچ تیل میں زرا سا زیرہ ڈال کر کڑ کڑا ئیں اور اس میں ایک کپ سنگھاڑے ،نمک ،لال مرچ ڈال دیں۔ سردی کے موسم میں سنگھاڑے کی چاٹ نہ صرف آپ کی بھوک کاعلاج ہے بلکہ ہڈیوں کو بھی طاقت دے گی ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...